دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلاسفیمی گینگ اور کمیشن
اظہر سید
اظہر سید
عبداللہ قتل کیس میں کومل اسماعیل یا ایمان ، راؤ عبدالرحیم کا اسپین والا نمبر استعمال کر رہی تھی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں راؤ عبدالرحیم نے تسلیم کیا وہ قتل سے پہلے مقتول کے ساتھ رابطے میں تھا ۔عدالت نے ایف آئی اے کو ایمان عرف کومل اسماعیل کو تلاش کرنے کا حکم دیا لیکن مسلسل چھاپوں کے باوجود ایمان تلاش نہ کی جا سکی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو عبداللہ قتل کیس کے متعلق ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سنگل بینچ کا بلاسفیمی گینگ کے متعلق عبوری حکمنامہ میرٹ کی بجائے ٹیکنیکل گراؤنڈ پر معطل کر دیا کہ بلاسفیمی کے کیس پورے ملک میں ہیں اور اسلام آباد ہائی کورٹ کا دائرہ کار محدود ہے ۔
جس دو رکنی بینچ نے عبوری حکمنامہ معطل کیا اس کا ایک رکن بلاسفیمی کے متعدد کیسز میں سزائے موت کا حکم سنا چکا ہے ۔وہ پراسرار کردار ایمان فاطمہ جو ریاست کے پرائم ادارے کے متعدد چھاپوں میں بھی پکڑی نہ جا سکی خاموشی سے دو رکنی بینچ کے سامنے پیش ہو گئی جبکہ اسکا شناختی کارڈ معطل تھا نامعلوم طاقتور ہاتھوں نے بائیو میٹرک پتہ نہیں کیسے کروایا یا بغیر بائیو میٹرک کے وہ عدالت میں داخل ہو گئی دادرسی کی درخواست پیش کر دی ۔
بینچ نے ایمان فاطمہ یعنی کومل اسماعیل کی عدالت میں موجودگی کے باوجود اس سے کوئی استفسار نہیں کیا وہ چپکےسے عدالت سے نکل گئی تو منصف نے پوچھا "خاتون کہاں ہے"
۔اسلام آباد پولیس نے عبداللہ شاہ قتل کیس میں اسے تفتیش کی غرض سے پکڑنے کی کوشش کی نہ ایف آئی اے حکام نے اس پراسرار کردار پر گرفت کی ۔
چار سو بلاسفیمی کی ایف آئی آر ہیں۔ سات سو سے زیادہ نوجوان ملزم ہیں۔چار ملزم جیل میں مارے جا چکے ہیں ۔ایک ملزم قتل کیا جا چکا ہے ۔ایک ہی 35 رکنی گینگ ہے جیسے دو ارب مسلمانوں میں سے بلاسفیمی مواد ملتا ہے اور وہ مقدمے درج کراتا ہے ۔ریاست تفتیش ہی نہیں کرتی صرف ان 35 لوگوں کو بلاسفیمی کا کیسے پتہ چلتا ہے ۔
متعدد ایف آئی آر ایک ہی طرز پر ہیں۔بلاسفیمی گینگ کے ہر رکن نے متعدد ایف آئی آر کروائی ہیں۔ ایک ہی پیٹرن ہے ۔اج تک بلاسفیمی مواد بنانے والے ایڈمن کا پتہ چلا اور نہ 35رکنی گینگ کے فون کے فرانزک کروائے گئے۔
جب حقائق جاننے کیلئے ایک عدالت نے کمیشن بنانے کے احکامات جاری کئے دو رکنی بینچ نے حکم امتناعی جاری کر دیا ۔
ہمیں تو کچھ سمجھ نہیں آرہا یہ ہو کیا رہا ہے کسی کو کچھ سمجھ آتا ہے تو اس پر ضرور لکھے ۔
واپس کریں