اظہر سید
حالات ،واقعات اور آثار واضح طور پر بتا رہے ہیں بھارت پاکستان بننے کی راہ پر چل نکلا ہے ۔اس بات کے امکانات بھی پیدا ہو رہے ہیں پاکستان وہ طاقت،جمہوریت اور آزادی حاصل کر لے جو دس مئی سے پہلے بھارت کو عالمی برادری میں حاصل تھی ۔
پاکستان عالمی سطح پر بدترین انتہا پسند کنٹرولڈ پسند مذہبی ریاست کے طور پر پہچان رکھتا ہے ۔یہ ایسا ملک ہے جہاں مذہبی انتہا پسند ہجوم کی شکل میں کسی کو بھی توہین مذہب کا ملزم بنا کر زندہ جلا سکتے ہیں ۔مذہبی جنونی مرنے والوں کی قبریں کھود کر انکے مردہ جسم نکال سکتے ہیں ،قبروں کے کتبے توڑ سکتے ہیں ،انہیں سرعام قتل کر سکتے ہیں وہ قادیانی ہیں ۔کسی مخصوص علاقہ کی مکمل ناکہ بندی کر سکتے ہیں کہ وہ شعیہ ہیں ۔پارلیمنٹ کے بنائے قوانین کے تحت کوئی بھی شخص کسی کے خلاف بھی توہین مذہب کا مقدمہ درج کرا سکتا ہے ۔ بلاسفیمی گینگ کے کارنامے پوری دنیا میں پاکستان کے خلاف انتہا پسند مذہبی ریاست ہونے کا جواز بن چکے ہیں جہاں سینکڑوں نوجوان بلاسفیمی کے مقدمات میں جیلوں میں بند ہیں بہت سارے پھانسی کی سزا پا چکے ہیں ۔
بھارت بھی اسی راہ پر چل نکلا ہے جس کا مسافر پاکستان پہلے سے ہے ۔
ایک ارب تیس کروڑ آبادی کے ملک بھارت کی مسلح افواج کی موجودہ پاک بھارت جنگ میں ترجمان خاتون افسر کو برسر اقتدار جماعت کا وزیر کھلے عام دہشت گردوں کی ساتھی قرار دیتا ہے اور چار روز گزرنے کے بعد بھی گرفتار نہیں ہوتا ۔
جس طرح قادیانیوں کو پاکستان میں مذہب کی بنیاد پر قتل کیا جاتا ہے بھارت میں انتہا پسند ہندو اسی مذہبی جنون میں مسلمانوں کو قتل کرنے لگے ہیں ۔
جس طرح پاکستان میں مذہبی جنونی کسی کو بھی توہین مذہب کے الزام پر زندہ جلا دیتے ہیں بالکل اسی طرح بھارت میں عیسائی ،سکھ اور مسلمانوں کو زندہ جلانے کے واقعات آئے روز سامنے آنے لگے ہیں ۔
پاکستان میں میڈیا ہمیشہ سے پالتو بنا کر یا سادے الفاظ میں صحافیوں کو دلال بنا کر کنٹرولڈ جمہوریت کے کامیاب تجربات کئے گئے ۔رائے عامہ بنا کر عام عوام کو گمراہ کر کے کبھی کسی بدکردار اور کوکینی کو مسیحا بنایا گیا اور کبھی سیاسی جماعتوں اور انکی لیڈر شپ کو غدار قرار دیا گیا ۔یہ کام دلال صحافیوں کے زریعے کیا گیا ۔ریاستی سطح پر ففتھ جنریشن وار کے نام پر عوام کو جھوٹ،دھوکہ اور فراڈ کے زریعے گمراہ کیا گیا ۔
یہی کام اب بھارت میں شروع ہو گیا ہے ۔ دنیا کی جس سب سے بڑی جمہوریت کے نام پر بھارت میں "آزاد میڈیا"کا نقاب چڑھایا گیا تھا وہ سات مئی کے بھارتی حملوں کے بعد اتر گیا ہے ۔تمام معتبر سمجھے جانے والے میڈیا ہاؤس اور بڑے بڑے نامور سمجھے جانے والے صحافی ایک ہی جھوٹ کا بار بار اعادہ کر رہے تھے ۔عاصم منیر گرفتار ۔ وزیراعظم روپوش ،لاہور اسلام آباد پر قبضہ ،کراچی تباہ اور بھارتی فوج پاکستان میں داخل ہو گئی ہے ۔
پاکستان میں انصاف کے نام پر بدکردار ججوں نے ہمیشہ اس ملک میں جمہوریت کی عصمت دری کی ۔کبھی کسی منتخب جمہوری حکومت کو چلنے نہیں دیا ۔یہی کام اب بھارت میں شروع ہو چکا ہے ۔وہاں بھی بدکردار جج بھارتی معاشرے کے صدیوں سے قائم سیکولر تشخص کو برباد کرنے لگے ہیں ۔افضل گرو کو یہ کہہ کر پھانسی کی سزا سنا دیتے ہیں "براہ راست شواہد موجود نہیں لیکن اجتماعی بھارتی ضمیر کے اطمینان کیلئے سزا سنائی جا رہی ہے ۔مقبوضہ کشمیر کی منفرد حیثیت ختم کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی یہ کہہ کر توثیق کر دی کہ حکومت کا فیصلہ ہے ۔یہ بھی پہلی مرتبہ ہوا انتہا پسند برسر اقتدار ہندو جماعت کی سیاسی مدد کرنے پر بھارتی سپریم کورٹ کے کسی سابق چیف جسٹس کو پارلیمنٹ کا رکن بنا دیا گیا ۔پاکستان میں دلال ججوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی نوازنے کا عمل تو جنرل ایوب کے مارشل لا کے بعد سے جاری ہے ۔
بھارتی فوج ہمیشہ غیر جانبدار رہ کر بھارت کے سیکولر تشخص کی ضمانت ہوتی تھی ۔گزشتہ پندرہ سال کے دوران بھارتی فوج بھی بالکل پاکستان کی طرح سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی کرنے لگی ہے اور بتدریج پاکستان کی طرح طاقت حاصل کر رہی ہے ۔پاکستان اور اسلام دشمنی کی بنیاد پر انتہا پسند ہندوؤں کی جماعت بی جے پی کی تمام انتخابی کامیابیوں کے پیچھے بھارتی فوج موجود رہی ہے ۔الیکشن سے پہلے بھارت میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے ۔بھارتی فوج اور بے جے پی یک زبان ہو کر پاکستان دشمنی کا سبق پڑھتے ہیں اور بی جے پی جیت جاتی ہے ۔
اس مرتبہ پاکستان کی خوفناک جوابی کارروائی سے کام الٹا ہو گیا ۔اس سے بی جے پی کو تو نقصان ہو گیا لیکن بھارتی فوج کی طاقت میں بالکل پاکستان کی طرح اضافہ ہو جائے گا ۔وہ سب سے پہلے بھارت کا نعرہ لگا کر ناکامی کا پھندہ بی جے پی کی گردن میں ڈالیں گے پھو لوں کا ہار کانگرس کے گلے میں ڈالا جائے گا ۔بالکل پاکستان کی طرح جہاں کبھی مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے گلے میں ہار ڈالے جاتے تھے ۔
پاکستانی اجتماعی دعا کریں بھارت جلدی جلدی پاکستان بن جائے اور پاکستان اپنی سابقہ روش چھوڑ کر پرانے بھارت کی راہ پر چل نکلے ۔بھارتی میڈیا عدلیہ اور فوج تو پاکستان کی راہ پر چل نکلے ہیں ۔
واپس کریں