دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بھارتی دانش ۔ اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
پاک بھارت جنگ کرانے کی سازش کے بہت سارے کردار ہیں ۔بھلے جنگ شروع ہونے سے چین کو گھیرنے کی امریکی سازش کامیاب ہو لیکن بڑا سیاسی فائدہ بحرحال انتہا پسند ہندوؤں کی جماعت بی جے پی کو ہی ہونا ہے ۔حالیہ الیکشن میں پندرہ سال کے دوران پہلی مرتبہ بھارتی ووٹرز کی بڑی تعداد نے کانگرس کو ووٹ دیا تھا اور بی جے پی کی سیٹیں گزشتہ الیکشن سے بہت کم تھیں ۔ کانگرس نے حیرت انگیز طور پر گزشتہ الیکشن کی نسبت بہت زیادہ نشستیں حاصل کر لی تھیں ۔
کانگرس ہمیشہ بھارتی الیکشن میں کامیابی حاصل کرتی اور مخالف سیاسی جماعتیں ہمیشہ اتحاد بنا کر کانگرس کا مقابلہ کرتیں اور ہار جاتیں ۔اگر ایک آدھ مرتبہ مخالف اتحاد نے مخلوط حکومت بنانے میں کامیابی حاصل کی بھی تو یہ حکومت کانگرس کے فیصلوں کے مطابق قائم رہتی یا ختم ہوتی ۔
بی جے پی کی اٹھان مسلم نفرت سے اٹھائی گئی ۔ایڈوانی کی بابری مسجد ڈھانے کیلئے رتھ یاترا ہی بی جے پی کے ووٹ بینک میں اضافہ کا سبب بنی ۔
مسلم نفرت کی بنیاد پر سیاست کے اس کامیاب تجربہ کے بعد گاؤ ماتا کی حفاظت اور پاکستان دشمنی دوسرا کامیاب تجربہ تھا جس نے بی جے پی کو کامیابیاں دلائے رکھیں ۔
حالیہ مرکزی الیکشن میں بی جے پی کی کامیابیاں یا مسلم نفرت کی سیاست ختم ہونے کا تاثر پیدا ہو رہا تھا ۔بی جے پی نے پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر دوبارہ سے کھوئے ہوئے ووٹ بینک کو حاصل کرنے کی حکمت عملی تشکیل دی ۔ایک طرف پاکستان پر حملہ کیلئے جنگی ماحول پیدا کیا دوسرا پاکستانی شہریوں کی بے دخلی اور مسلم نفرت کی سیاست میں نئی اختراعات شروع کردیں ۔
اندرونی سیاست کیلئے مسلم نفرت کی حد تک بھارتی فوج غیر جانبدار رہی لیکن ایٹمی اثاثے رکھنے والے پاکستان پر حملہ کے حوالہ سے شائد بھارتی فوج نے بی جے پی کے ایڈونچر کو مسترد کر دیا ہے کہ یہ معاملہ اگر ہاتھ سے نکل گیا بی جے پی کو بھلے سیاسی فائدے حاصل ہوں بھارت کو نقصان پہنچنے کے بھی خدشات تھے ۔
دونوں ملکوں کے درمیان پہلگام کو لے کر اگر جنگ نہ ہوئی تو اصل ہیرو بھارتی آرمی چیف ہونگے جنکی دانش کی گواہی مستقبل قریب میں ملے گی ۔
نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈول کی جگہ سابق را چیف الوک جوشی کو نیشنل سیکورٹی ایڈویزی بورڈ کا چیرمین بنانا ، نادرن کمانڈ کے سربراہ جنرل سوچندرا کی ریٹائرمنٹ ،ایر وائس مارشل کی عہدہ سنبھالنے کے سات ماہ کے بعد ہی فراغت یہ سارے دلائل ہیں بھارت میں اقتدار کی راہداریوں میں بعض لوگ بھارت کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت کو کسی سیاسی جماعت کے مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہتے ۔
واپس کریں