اللہ داد صدیقی
وہ بستیاں بھی عجب ہوتی ہیں
جہاں گھروں کے پتے
کسی تختی پر نہیں لکھے جاتے،
باپ دادا کے نام
در و دیوار کی شناخت بن جاتے ہیں۔
جہاں راستے
گلیوں کے موڑ سے نہیں،
رشتوں کی نسبت سے کھلتے ہیں،
جہاں کسی اجنبی کو بھی
اس کے خاندان کے حوالے سے
اپنا بنا لیا جاتا ہے۔
جہاں عزت کا کوئی بازار نہیں ہوتا،
نہ دولت کا کوئی معیار،
وہاں آدمی کی قدر
اس کے کردار سے متعین ہوتی ہے،
اور شرافت
سب سے بڑی پہچان ہوتی ہے۔
جہاں کسی گھر کا دکھ
صرف اس گھر کا نہیں رہتا،
پوری بستی کی آنکھوں میں اتر آتا ہے،
اور ایک آنگن کی خوشی
ہر دہلیز پر چراغ جلا دیتی ہے۔
جہاں مائیں
صرف اپنے بچوں کے لیے نہیں،
پوری بستی کے لیے دعاگو ہوتی ہیں،
جہاں باپ کی ڈانٹ میں شفقت،
بزرگوں کی خاموشی میں حکمت،
اور بچوں کی شرارتوں میں
زندگی کا بے ساختہ حسن ہوتا ہے۔
جہاں شام ڈھلتی ہے
تو چولہوں سے اٹھتا دھواں
گھر لوٹنے والوں کو آواز دیتا ہے،
جہاں کسی دروازے پر دستک
اجنبیت کا احساس نہیں جگاتی،
اور کسی کے گھر کی روٹی
دوسرے کے لیے بھی کافی ہوتی ہے۔
جہاں رشتے
تقریبوں کے محتاج نہیں ہوتے،
محبت کے لیے دعوت نامے نہیں چھپتے،
ناراضگیاں بھی
اپنائیت کی حد سے آگے نہیں بڑھتیں،
اور خون کے رشتے
وقت کی گرد میں بھی
اپنی حرارت نہیں کھوتے۔
یہ گاؤں ہے!
چند مکانوں، کھیتوں اور راستوں کا نام نہیں،
یہ نسلوں کی چھوڑی ہوئی امانت ہے،
بزرگوں کی دعاؤں کا حصار،
مٹی میں پیوست تہذیب کا شجر،
اور یادوں کے سینے میں دھڑکتی
ایک زندہ کائنات ہے۔
یہیں بچپن
ننگے پاؤں موسموں کے ساتھ چلتا ہے،
یہیں خواب پہلی بار آنکھوں میں اترتے ہیں،
یہیں سے نکل کر
ہم دنیا کے کتنے ہی شہروں میں جا بستے ہیں،
مگر اپنے اندر سے
اس بستی کو کبھی رخصت نہیں کر پاتے۔
شہر ہمیں رہنے کے لیے
مکان عطا کرتے ہیں،
گاؤں ہمیں جینے کا سلیقہ،
ایک نام، ایک نسبت
اور اپنی مٹی سے جڑے رہنے کا شعور دیتا ہے۔
اور سچ تو یہ ہے
کہ انسان جہاں کہیں بھی چلا جائے،
اس کے اندر ایک گاؤں
ہمیشہ آباد رہتا ہے۔
وہ گاؤں
جہاں واپسی کے لیے
راستہ نہیں پوچھنا پڑتا،
صرف آنکھیں بند کرنی پڑتی ہیں
اور کوئی مانوس آواز
صدیوں پر محیط فاصلے سمیٹ کر
نام لے کر پکار لیتی ہے۔
گاؤں وہ جگہ نہیں
جہاں صرف ہمارا گھر ہوتا ہے؛
گاؤں وہ جگہ ہے
جہاں ہمارے لوٹنے کی امید
آخری چراغ کی طرح
دیر تک روشن رہتی ہے۔
اللہ داد صدیقیؔ
واپس کریں