دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
امریکی غلام ۔ اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
جس قدر نقصان پاکستان نے سپر پاور سمجھی جانے والی عالمی طاقت امریکہ کو پہنچایا ہے دنیا کی کوئی اور ریاست نہیں پہنچا سکی ۔
چینیوں نے اگر امریکی بانڈز میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے انہیں اپنا مقروض بنایا ہے یہ کارنامہ بھی پاکستان کی طاقتور اسٹیبلشمنٹ کا ہے ،جنہوں نے دو دہائیوں تک امریکیوں کو افغانستان میں گڈ اور بیڈ طالبان کے کھیل میں الجھا کر کامیاب نہیں ہونے دیا اور کھربوں ڈالر خرچ کروا دیے۔ امریکی خرچے کرتے رہے قرضے لیتے رہے اور چینی انکے بانڈز خرید کر انہیں مقروض کرتے رہے ۔
امریکیوں کو جب ہوش آیا حقیقی معنوں میں نادہندہ ہو چکے تھے ۔ چین حقیقی معنوں میں معاشی سپر پاور بن چکا تھا۔
امریکی اپنی طاقت کی انتہا پر تھے جب پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد ایٹمی دھماکے کر دئے۔
امریکی اپنی تمام تر طاقت،دباو اور دھمکیوں کے باوجود پاکستان کو روک نہیں سکے۔
امریکیوں نے ایٹمی صلاحیت روکنے کیلئے کیا کیا پاپڑ نہیں بیلے ۔کبھی سی ٹی بی ٹی اور کبھی این پی ٹی میں پھنسانے کی کوشش کی ۔
پاکستانی جنرل بھی ایک ہی کائیاں نکلے پکڑائی نہیں دیا۔
جنرل اسلم بیگ کے دور میں جب دباؤ حد سے بڑھ گیا سی ٹی بی ٹی پر دستخط کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ۔کمال مہارت ،ہنر مندی اور چالاکی سے دستخط بھارت کے دستخط کے ساتھ مشروط کر دئے ۔
امریکی دو سال تک بھارتیوں کو مناتے رہے وہ دن آگیا بھارت نے امریکی دباؤ سے بچنے کیلئے ایٹمی دھماکے کر دئے ۔
پاکستان کو بھی سنہری موقع مل گیا وہ اپنے ایٹمی ہتھیاروں کا کارڈ شو کر دے ۔پاکستان نے اپنے کارڈ 28 مئی کو شو کر دئے ۔
اسامہ بن لادن کی مخبری کرنے والے ڈاکٹر شکیل کی حوالگی کیلئے امریکیوں نے ہر حربہ استعمال کر لیا لیکن اسٹیبلشمنٹ کے انفراسٹرکچر نے جنرل مشرف اور جنرل باجوہ کے باوجود ڈاکٹر شکیل کی امریکہ حوالگی کامیاب نہیں ہونے دی۔
امریکی تڑپتے رہے،چیختے رہے ۔پاکستان کا بازو مروڑنے کیلئے طالبان کے زریعے خود کش حملوں کی فصل بو دی لیکن پاکستانی اسٹیبلشمنٹ نے کوئٹہ شوری کے خلاف کاروائی نہیں کی ۔حقانی نیٹ ورک کے خلاف کاروائی نہیں کی ۔
دونوں کو ایسے محفوظ ٹھکانے فراہم کئے اڑتی چڑیا کے پر گن لینے والے امریکی انہیں تلاش کر کے میزائل نہیں پھینک سکے ۔
امریکیوں نے ڈاکٹر قدیر کے حصول کیلئے پاکستان پر پابندیاں لگائیں اور ہر طرح کے ہتھکنڈے بھی استعمال کئے لیکن ڈاکٹر قدیر کو ایسی سیکورٹی فراہم کی گئی امریکی دانت کچکچانے کے سوا کچھ نہیں کر سکے۔
شمالی کوریا کے ایٹمی ہتھیار امریکیوں کیلئے ڈراؤنا خواب ہیں لیکن محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں پاکستان نے شمالی کوریا کو نہ صرف "بریف کیس" تحفہ کی ڈرائنگ فراہم کر دیں بلکہ اپنے میزائل پروگرام کیلئے وہاں سے میزائل ڈراینگز حاصل بھی کر لیں۔
پاکستان محفوظ ہے ۔ایسے شام ،لبییا یا عراق بنانا ممکن نہیں ۔
پاکستان کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں اور یہ ٹیکنالوجی بھی ہے ایک ہفتے کے دوران دس ہزار کلو میٹر میزائل کا تجربہ کر لے گا ۔
غیر جانبداری سے تجزیہ کریں دنیا کا صرف ایک ملک ہے جس نے امریکیوں کو افغانستان میں کامیاب نہیں ہونے دیا ۔ وہ ملک پاکستان ہے ۔
امریکی کنٹینرز کے زریعے افغانستان میں جدید ترین اسلحہ پہنچاتے تھے لیکن اس اسلحہ کو راستے میں چیک کر لیا جاتا تھا کوئی "نامعقول" چیز ہمسائے میں نہ پہنچ جائے ۔کوئی قافلہ صحیح سلامت نہیں پہنچ پاتا تھا جب تک راہ میں اچکے حملہ کر کے لوٹ مار نہ کر لیتے ۔پولیس کے آنے تک چیکنگ مکمل ہو جاتی تھی اور کار آمد اشیا اچکے لے جا چکے ہوتے تھے ۔
ایبٹ آباد میں امریکی جدید ترین سٹیلتھ ہیلی کاپٹر گرایا گیا۔امریکیوں نے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کی واپسی کیلئے ہر حربہ استعمال کر لیا ٹیکنالوجی پاکستان کے ہاتھ نہ لگ جائے لیکن تباہ شدہ ہیلی کاپٹر "چوری" ہو گیا اور چور کی تلاش تاحال جاری ہے ۔
واپس کریں