دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
دہشتگردی اور ایجنسیاں ۔ اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
آسٹریلیا ان مغربی ممالک میں شامل ہے جس نے غزہ میں کھل کر اسرائیلی بربریت کی مذمت کی اور فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کیا۔غزہ سیز فائر کے بعد آسٹریلیا پہلی مغربی ریاست ہے جہاں یہودیوں کو ان کے ایک تہوار کے موقع پر نشانہ بنایا گیا۔
آسٹریلیا میں مسلمان باپ بیٹے کی دہشتگردی کو فالس فیلگ آپریشن سمجھا جائے تو اسلامی دہشتگردی کےاگلے واقعات اب کینیڈا اور برطانیہ میں ہونگے ۔
کینیڈا اور برطانیہ وہ دو مغربی ممالک ہیں جہاں مقامی ابادی مسلم تارکین وطن کی بڑھتی ہوئی تعداد سے عاجز آئی ہوئی ہے ۔ان دونوں ملکوں میں مسلم تارکین وطن کے خلاف جو سیاسی جماعت مضبوط موقف اپناتی ہے اسے مقامی ابادی کی طرف سے پزیرائی ملتی ہے۔
تمام مغربی ممالک میں ایک چیز مشترکہ ہے وہ تارکین وطن اور مہاجرین کے خلاف ہر گزرتے دن ہونے والے سخت اقدامات ہیں ۔
آسٹریلیا میں دہشتگردی کے حالیہ واقعہ کے بعد اور کچھ ہو نہ ہو مسلمانوں کے خلاف ویزہ پابندیاں سخت ہونگی اور تارکین وطن کے خلاف رائے عامہ ہموار ہو گی ۔
گیارہ ستمبر کے واقعات جس کامیاب منصوبہ بندی سے ہوئے دنیا کے کسی گروہ میں وہ صلاحیت نہیں اگر پیچھے کوئی ریاست اور اسکی ایجنسی نہ ہو ۔
روس اور فرانس کے انقلاب کے وقت سچ مچ کے انقلاب آتے تھے ۔ اب انقلاب اور آزادی کی تحریکیں ایجنسیوں اور ممالک کی مدد سے آتی ہیں۔
سکھوں اور تاملوں کی آزادی کی تحریکیں اس وقت ختم ہوئیں جب پاکستان اور بھارت پیچھے ہٹ گئے ۔
بلوچستان میں آزادی کی تحریک اس وقت ختم ہو گی جب بھارتی اور خلیجی ممالک پیچھے ہٹ جائیں گے،یا پھر پاکستان ،چین،ایران اور وسط ایشیا کی ریاستیں زیادہ طاقت استمال کر کے بلوچ تحریک کو کچل دیں گی ۔
سوڈان میں خانہ جنگی اس وقت ختم ہو گی جب سعودی عرب ،ایران اور امارات کسی مفاہمت پر پہنچ جائیں گے ۔
گیارہ ستمبر کے واقعات اسلامی دہشتگردی کہلائے اور ان واقعات کی کوکھ سے مزید اسلامی دہشتگردی القائدہ،داعش،بوکو حرام اور اس طرز کی ان گننت تنظیموں کے زریعے پھیلی ۔
اسلامی دہشتگردی کی ان تمام تنظیموں کو مغربی ممالک اور ایجنسیوں کی سپورٹ حاصل تھی ۔ان تنظیموں کی دہشتگردی نے دو دہائیاں مغرب کی وار انڈسٹری چلائی اور مغربی ممالک کی معیشتوں کو بچائے رکھا۔
مغرب اب پھر دیوالیہ پن کے دروازے پر ہے ۔چین تیزی کے ساتھ متبادل قوت بن رہا ہے ۔
مغرب کے منصوبہ ساز اب یقینی طور پر کسی نئی حکمت عملی کو اپنائیں گے ۔اس مجوزہ حکمت عملی کے خدو خال ابھی پوری طرح واضح نہیں لیکن تمام مغربی ممالک میں مسلمان تارکین وطن کے خلاف ایک منظم حکمت عملی نظر آرہی ہے اور آئے روز قوانین سخت ہوتے جا رہے ہیں مسلمانوں کو نکالا جائے اور مزید مسلمانوں کو آنے سے روکا جائے۔
امریکہ میں افغان مہاجر نیشنل گارڈ کو مار دے یا آسٹریلیا میں مسلمان باپ بیٹا یہودیوں کا قتل عام کریں منطقی نتیجہ ایک ہی نکلتا ہے "مسلمانوں کو نکالا جائے"
مقامی آبادیوں میں مسلمانوں کے خلاف رائے عامہ ہموار کی جائے ۔دہشتگردی کے واقعات مغربی ممالک کے منصوبہ سازوں کیلئے مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔
مغرب کا وقت گزر گیا ۔اگلا وقت مشرق یعنی چین کا ہے ۔اس وقت دنیا بھر میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ مغرب کی اپنی اجارہ داری بچانے کی کوشش ہے اور کچھ نہیں۔
دنیا کی پہلی اور دوسری عالمی جنگ منڈیوں اور معاشی مفادات کی جنگ تھی ۔تیسری عالمی جنگ بھی منڈیوں کے تحفظ اور معیشتوں کو بچانے کی جنگ ہو گی ۔
واپس کریں