اظہر سید
سوشل میڈیا کے ابھار اور ریاستی انتظام کے تحت کام کرنے والے سائبر سیلوں نے رائے عامہ تبدیل کرنے کے سارےپرانے ضابطے ،نظریات اور اصول ختم کر دئے ہیں۔
کم از کم پاکستان کی حد تک پرنٹ میڈیا ختم ہو چکا ہے ۔نجی چینلز جس تیزی سے سوشل میڈیا کے سامنے پسپا ہو رہے ہیں جلد ہی انکا حال بھی پرنٹ میڈیا ایسا ہو گا۔
تبدیلی اس قدر ہمہ گیر ہے ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ سوشل میڈیا کیلئے ایڈورٹائزنگ کے بجٹ کا بڑا حصہ مختص کرنے لگی ہیں ۔
ٹک ٹاک انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا ایپس کے انفلوئنسر گویا نئے سٹار ہیں جنکی ریٹنگ اور فالورز کے تناظر میں کمپنیاں انہیں ایڈورٹائزنگ کیلئے بھاری معاوضے دے رہی ہیں۔
ریاستی انتظام کے تحت چلنے والے سائبر سیل مخالف ریاستوں پر کس طرح اثر انداز ہوتے ہیں پاک بھارت مثال سامنے ہے۔
بھارت کو پاکستانی فوج سے مسلہ ہے تو پاکستان کا جو سوشل میڈیا سٹار فوج کے خلاف بات کرے گا ۔سائبر سیل کے تنخواہ دار گھنٹوں اس کا وی لاگ ،بھلے یو ٹیوب پر ہو یا کسی اور سوشل میڈیا ایپ پر سنیں گے دیکھیں گے۔
اس سٹار کے پیسے بنتے جائیں گے ۔یہ وہ شیطانی چکر ہے دوسرے بھی اسی لائن پر چل نکلیں گے ۔دوسرے لفظوں میں مخالف ریاستیں ٹاپ کے انفلوئنسر کو اپنا پالتو بنا لیں گی ۔جو جتنی محنت کرے گا یعنی دشمن ریاست کے اہداف پورے کرے گا اسے اتنے ہی پیسے ملیں گے ۔
جب پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا ہر شخص کے ہاتھ میں موجود فون کے سامنے پسپا ہو گیا تو کھیل بھی اوریجنل صحافیوں کے ہاتھوں سے نکل کر ان کے ہاتھوں میں چلا گیا جو سٹار بننے اور پیسے کمانے کے لئے ان ہاتھوں میں کھیلنے لگے جو سائبر سیلوں میں بیٹھ کر گھنٹوں ان کی رائے کو وقت فراہم کریں گے۔
حقیقی صحافی کے دیکھنے اور سننے والے چونکہ گھنٹوں ان کا "کام"سننے اور دیکھنے سے قاصر ہیں تو وہ خودبخود سٹار کی دوڑ سے باہر نکل جائیں گے۔
اس وقت جو میڈیا کے بڑے نام ہیں وہ اپنے ماضی کی وجہ سے ہیں ۔مستقبل میں وہی بڑے نام ہونگے جو سوشل میڈیا کے سٹار ہونگے ۔
سب کے ساتھ پیٹ لگا ہے۔جب جنوئن صحافیوں نے دیکھا انکی جرات مندانہ رپورٹنگ اور دیوانگی کے خریدار کم ہیں وہ نوسر باز کی کشتی میں بیٹھ گئے ۔
ریاست مخالف سائبر سیلوں نے انہیں محنت کا معاوضہ دینا شروع کر دیا اور صحافت تیل لینے چلے گئی۔
معاملہ صرف پاکستان بھارت تک نہیں رہا دنیا بھر میں سوشل میڈیا کے زریعے جھوٹ ،دھوکہ اور فراڈ کے بازار سے رائے عامہ ہموار کی جا رہی ہے۔
بھارتی بی جے پی کامیابی سے سوشل میڈیا کے زریعے ایک مسلم دشمن بیانیہ بنا کر ہندوو اکثریت کے ملک میں مسلسل کامیابی حاصل کر رہی یے۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جیت میں سوشل میڈیا کے زریعے روسی اثر رسوخ کے حوالہ سے تو کانگرس کی متعلقہ کمیٹیوں میں امریکی ادارے اپنی آؤٹ پٹ بھی دے چکے ہیں۔
دنیا تبدیل ہو گئی ہے۔میڈیا تبدیل ہو گیا ہے ۔ہر چیز بدل گئی ہے اور یہ سب کچھ ہر شخص کے ہاتھ میں موجود فون کی وجہ سے ہے ۔تیز رفتار زندگی میں اخبار اور ٹی وی بے معنی ہو رہے ہیں ۔ہاتھ میں موجود فون اہم ترین ہتھیار بن گیا ہے ۔
واپس کریں