اظہر سید
ایٹمی دھماکوں کے بعد واجپائی کا پاکستان آنا ،مینار پاکستان پر پاکستان کو تسلیم کرنا ایک تاریخی موقع تھا ۔بھارت کی انتہا پسند ہندوؤں کی جماعت نے اکھنڈ بھارت کے تصور سے رجوع کر لیا تھا ۔دونوں ملک مشترکہ کرنسی اور اکنامک یونین بنا کر یورپین یونین سے بڑی منڈی بنا سکتے تھے ۔جنوبی ایشیا میں اسلحہ کی دوڑ ختم کر کے عوام کو تعلیم ،صحت اور روزگار کی سہولتیں فراہم کی جا سکتی تھیں لیکن کم عقلوں نے کارگل کر دیا اور جنوبی ایشیاء میں نفرت کی دیوار گرانے کا سنہری موقع برباد کر دیا ۔
دوسرا موقع ایشیا کو مغرب کی غلامی سے نکالنے کے چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ سے ملا ۔چین نے اس کا آغاز سی پیک کے فلیگ شپ منصوبہ سے کیا ۔اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری شروع ہو گئی ۔پوری دنیا سے سرمایہ کاروں کے وفود قطار در قطار آنے لگے ۔یہ موقع بھی اسی مائنڈ سیٹ نے برباد کر دیا جس نے کارگل کیا تھا ۔ایک نوسر باز مسلط کرنے سے ریاست دیوالیہ ہو گئی ۔بھارتیوں نے پوری دنیا میں پاکستان کو دہشت گرد ریاست مشہور کر دیا ۔را نے سابق کشمیری کمانڈروں کو اپنے ایجنٹوں کے زریعے قتل کرانا شروع کر دیا ۔مقبوضہ کشمیر کو بھارتی یونین کا حصہ بنا لیا ۔معاشی بربادی نے قوم کے بڑے حصہ کو بھکاری بنا دیا ۔ہزاروں پاکستانی صرف بھیک مانگنے کیلئے خلیجی ممالک جانے لگے ۔مالکان قوم کو بتانے لگے ٹینکوں میں پٹرول کے پیسے نہیں ۔بے بسی اور خوف کا یہ عالم تھا نوسر باز کو مسلط کرنے والوں نے ایک بھارتی دھمکی پر بھارتی پائلٹ واپس کر دیا ۔بلندی سے پستی کا یہ سفر باجوہ فیض جوڑی کی فعالیت تک پورے طمطراق سے جاری رہا ۔
بھارتیوں کا گزشتہ ماہ پاکستان پر حملہ ایک تیسرے موقع کا آغاز ہے ۔یہ آخری موقع قدرت نے دیا ہے یہ بھی برباد ہو گیا پھر موقع نہیں ملے گا ۔بزدل اور نااہل قیادت پورا ملک برباد کر دیتی ہے ۔طاقتور اور بے خوف قیادت سے ریاستیں پھر سے جی اٹھتی ہیں ۔باجوہ نے بھارتی پائلٹ واپس کر دیا تھا بھارتی حملہ نہ کر دیں۔عاصم منیر نے منہ توڑ جواب دے کر پاکستان کو زوال سے بچا لیا ہے ۔بھارتیوں کا جنوبی ایشیا میں چوہدراہٹ کو خواب ہی چکنا چور نہیں ہوا طاقت کا جعلی بھرم بھی ٹوٹ گیا ہے۔
تیسری عالمی جنگ دنیا کے دروازوں پر دستک دی رہی ہے ۔یہ جنگ صرف ایشیا ٹال سکتا ہے ۔اس جنگ کو خطہ میں آنے سے روکنے کیلئے بھارتیوں سے دوستی کرنا ہی واحد آپشن ہے ۔پاکستان سات سے دس مئی کے واقعات میں ہیرو بن کر ابھرا ہے ۔مغربی دنیا پاک چین اتحاد توڑنے کیلئے پاکستانیوں کے ناز نخرے اٹھائے گی ۔بھارتی مغرب کے فطری حلیف ہیں ۔پاکستانیوں نے امریکی دانہ چگ لیا چینی ہمیشہ کیلئے متنفر ہو جائیں گے اور بھارتیوں کے ایڈونچر سے بچانے کیلئے مدد نہیں کریں گے ۔
پاکستان ،چین ،روس اور بھارت کا ایک پلیٹ فارم پر ہونا تیسری عالمی جنگ ہی نہیں روکے گا مغرب کی اجارہ داری بھی ہمیشہ کیلئے ختم کر دے گا ۔
بھارت سے دوستی نہ ہوئی تو پاک بھارت جنگ ہو کر رہے گی ،تیسری عالمی جنگ بھی کوئی نہیں روک پائے گا ۔
ایران دوست بن گیا ہے ۔بلوچ عسکریت پسندوں کا ایک محفوظ ٹھکانہ ختم ہو گیا ہے ۔بھارت سے دوستی ہو گئی طالبعلموں سے بھی نجات مل جائے گی ۔پراکسیوں کی لڑائی ختم کئے بغیر خطہ میں امن ممکن نہیں اور پراکسیاں اس وقت ختم ہونگی جب خطہ کے ممالک دوست بن جائیں ۔
واپس کریں