دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
دلدل ۔ اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
ایران پر امریکہ کا حملہ ایک بہت بڑی دلدل تھی یہودیوں نے یہودیوں کو بچانے کیلئے ٹرمپ کو اس دلدل میں کھینچ لیا ہے ۔ وہ دور گزر گیا جب امریکی معیشت عراق اور افغانستان کی جنگیں برداشت کر جاتی تھی ۔اب میاں ببن کی وہ شان و شوکت نہیں رہی جو کبھی تھی ۔اورنگزیب عالمگیر کے آخری سالوں میں مغل سلطنت بظاہر ناقابل شکست ہو گئی تھی لیکن حقیقت میں مرہٹوں کے ساتھ مسلسل جنگوں نے ناقابل شکست سلطنت کو دیمک لگا دی تھی ۔
عراق افغانستان جنگوں نے ناقابل شکست امریکہ کو دیمک لگائی تھی ۔ایران پر امریکی حملہ تیسری عالمی جنگ کا آغاز اور خطہ میں آگ لگانے کی بنیادی وجہ ہو گی ۔اب یہ آگ امریکہ تک پہنچے گی بھلے درمیان میں ہزاروں میل کا فاصلہ اور سمندر حائل ہوں ۔
ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کر دیا ۔کامیابی حاصل کر لی لیکن ایرانی حکومت گرانے کیلئے ابھی کافی سفر باقی ہے ۔یہ راہ بہت پرخار ہے ۔رضا شاہ پہلوی ایسی کٹھ پتلی بٹھا بھی دی تو اسے کوئی حکومت نہیں کرنے دے گا ۔ابھی چند گھنٹوں بعد ایرانی آبنائے ہرمز بند کریں گے ۔امریکی اڈوں پر حملہ کریں گے اور پھر جنگ پھیلے گی ۔اسرائیلی اپنے تحفظ کیلئے امریکہ کو جنگ میں دھکیلنا چاہتے تھے وہ کامیاب ہو گئے ہیں ۔
گورا سائنس و ٹیکنالوجی کے بل پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے بعد سے دنیا کے وسائل پر قابض ہے ۔چھڑی اور گاجر کا کھیل دنیا کے تمام خطوں میں کھیلتا آیا ہے ۔کبھی جیکولین کینڈی جنرل ایوب پر مر مٹتی ہے ۔کبھی جنرل ضیا کو اہل کتاب ہونے کے ناطے بھائی بنا لیا جاتا ہے ۔کبھی جنرل مشرف کو بش اپنا ٹومی بنا لیتا ہے ۔کبھی ٹرمپ جنرل عاصم منیر کو دنیا کی عظیم ترین شخصیات میں شامل کر لیتا ہے ۔مقصد صرف مقاصد کی تکمیل ہوتا ہے ۔
اس مرتبہ میدان میں امریکی اکیلے نہیں چینی بھی پوری طاقت سے موجود ہیں۔ پاکستانی جنرل بہت سیانے بلکہ میسنے ہیں ۔انہیں اچھی طرح پتہ ہے امریکی معیشت دیوالیہ ہے اور چینیوں کی قرض نادہندہ ہے ۔وہ اب داؤ امریکیوں پر نہیں چینیوں پر لگائیں گے ۔خاموشی کے ساتھ کھیل کھیلیں گے ایران میں پاکستان مخالف حکومت نہ بن سکے ۔چینی روسی بھی اس کھیل کے خاموش کھلاڑی ہونگے ۔یہ کھیل کامیابی کے ساتھ افغانستان میں کھیلا جا چکا ہے ۔اللہ دتہ اب پیسے لے گا اور امریکیوں کی پٹائی بھی کروائے گا ۔اس طرح کی پٹائی گندے بچے بیڈ طالبعلم افغانستان میں امریکیوں کی کر چکے ہیں جس میں ڈنڈا پاکستانیوں کا اور ہاتھ حقانیوں کا ہوتا تھا۔
ایران ایک ایسی دلدل ہے جس سے امریکیوں کو نکالنے کیلئے کوئی رسی موجود نہیں ۔
واپس کریں