دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
غلامی یا جنگ ۔اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
مولوی اقتدار پر قابض ہو جائے ریاست اور معاشرے تباہ کر دیتا ہے ۔مولوی کا ہدف سائنس ٹیکنالوجی میں ترقی نہیں بلکہ خواتین ہوتی ہیں ۔تاریک دور میں جب پادری ریاست پر قابض تھا خواتین کو جادوگرنیوں قرار دے کر زندہ جلاتا تھا ۔تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیتا تھا ۔
ایرانی مولوی بھی اندر سے افغانستان کے مولوی ایسا ہے ۔ان دونوں کا ہدف پراکسیاں بنا کر مال پانی کمانا اور اقتدار پر گرفت برقرار رکھنا ہے ۔اس مولوی نے خواتین کے پردے کے نام پر نصف ابادی کو ریاست کی ترقی کے عمل سے نکال دیا ہے ۔
ایران کے مولوی نے ایک بہت بڑا ادارہ اخلاقی پولیس کے نام سے بنایا ہوا ہے ۔اخلاقی پولیس کے اہلکار بازاروں میں گھومتے ہیں بغیر حجاب کے نظر آنے والی عورت کو بھرے بازار تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور جیل بھیج دیتے ہیں۔
ایسے ہی ایک واقعہ میں سترہ سالہ لڑکی کی موت پر ہنگامے پھوٹ پڑے تھے ۔سینکڑوں خواتین کو ان ہنگاموں میں اخلاقی پولیس نے قتل کیا ۔پاسدارن کا جو سربراہ اسرائیلیوں کے حملہ میں مارا گیا ہے اس نے بے رحم آپریشن میں ایرانی عوام کے مظاہروں کو کچل دیا تھا اور انعام میں غیر معینہ مدت کیلئے پاسداران کی قیادت سنبھال لی تھی ۔
مولوی کے خلاف ایرانی عوام میں اس قدر نفرت ہے اسرائیلیوں کو بہت بڑی تعداد میں جاسوس مل چکے ہیں ۔اسرائیلی میزائل ہدف کو نشانہ بنانے کیلئے پوری عمارت نہیں صرف وہ کمرہ نشانہ بناتے ہیں جہاں ہدف موجود ہو ۔حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ اور موجودہ فوجی قیادت کو اسی طرح نشانہ بنایا گیا ۔
ایران کا مولوی بزدل،ڈرپوک اور منافق ہے ۔دمشق میں اسرائیلیوں نے ٹاپ کے ایرانی جنرل مار دیئے ،جنرل سلمانی کو مار دیا ۔اسماعیل ہانیہ کو مار دیا ۔حزب اللہ کی پوری قیادت قتل کر دی ۔حماس کو برباد کر دیا ،ایرانی مولوی بڑکیں مارتا رہا ۔
دو مرتبہ پھوکے میزائل اسرائیل پر پھینک کر ایرانی عوام کا مورال بلند کرتا رہا۔
ایران کی ایٹمی تنصیبات تباہ کر دی گئی ہیں ۔ایرانی وزیر دفاع سمیت فوجی قیادت اور ایٹمی سائنسدان قتل کر دئے گئے ہیں ۔ایران کا سپریم مولوی کسی خفیہ مقام پر چھپ گیا ہے اور وہاں سے بڑکیں مار رہا ہے ۔
پوری دنیا کو پتہ تھا اسرائیلی حملہ کرنے والے ہیں کوئی حفاظتی اقدامات تھے نہ فوجی قیادت اور ایٹمی سائنسدانوں کے تحفظ کا بندوبست ۔جوابی حملے میں سو ڈرون بھیجے ہیں بیشتر اسرائیل نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے تباہ کر دیئے ۔
امریکی اگر سمجھتے ہیں ایران حملہ کے بعد آبنائے ہرمز بند کر دے گا اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کا عالمی روٹ بند ہونے پر چین کو جنگ میں کودنا پڑے گا ایسا بظاہر ہوتا نظر نہیں آتا ۔ایرانی مولوی ریاست کے وقار اور خودمختاری کی بجائے اقتدار پر قابض رہنے کو ترجیح دے گا۔ ایرانی مولوی غیرت مند ہوتا پہلے سے منصوبہ بندی ہوتی اسرائیلی حملہ کا یوں جواب دیا جائے گا جیسے پاکستانیوں نے بھارت کو دیا ۔
مغرب ڈوب رہا ہے اور ڈوبنے سے بچنے کیلئے مستقبل کے چیلنجرز ختم کر رہا ہے ۔امریکی جو جنرل عاصم منیر کے واری صدقے جا رہے ہیں اصل میں پاکستان کو ہڑپنے کیلئے اس کے سائز اور جسامت کو جانچ رہے ہیں۔
تیسری عالمی جنگ دروازوں پر دستک دے رہی ہے ۔پاکستان اس جنگ کے شروع ہونے تک خود کو بچا کر رکھے ۔خطہ کے ممالک بھارت، چین اور روس کے ساتھ مل کر کوئی معاملہ جلد از جلد طے کر لے اس سے پہلے کے جنگ شروع ہو جائے ۔
واپس کریں