اللہ داد صدیقی
آخری سفر
ایک بچھڑے ہوئے باپ کے نام
وہ کوئی اجنبی لاش نہیں تھی جو دریا کی موجوں پر بے نام بہتی چلی آئی تھی،
وہ ایک باپ تھا جس کے سینے میں بچوں کی آوازیں دھڑکتی تھیں،
جس کی آنکھوں میں ایک گھر آباد تھا اور جس کے خوابوں میں اب بھی کسی معصوم کی ہنسی چراغ بن کر جلتی تھی۔
اس کے ہاتھوں میں بچوں کی انگلیوں کا لمس تھا، اس کے کانوں میں ننھے قدموں کی آہٹیں،
اس کے ہونٹوں پر ایک نامکمل پکار تھی جو ہر رات تکیے کی نمی میں ڈوب جاتی تھی۔
وہ گھر سے دور نہیں تھا، اسے گھر سے دور کر دیا گیا تھا۔
کسی فیصلے کی سرد مہر نے اس کے آنگن سے اس کی زندگی کے رنگ چھین لیے،
ایک ماں کی گود، بچوں کی معصوم آنکھیں، اور وہ چھت جس کے نیچے اس نے عمر بھر کے خواب رکھے تھے۔
اب وہ کس سے کہتا کہ بچوں کے بغیر دن بھی کتنے طویل ہوتے ہیں،
راتیں کس طرح سینے پر پتھر رکھ کر گزرتی ہیں، اور ایک باپ اپنی ہی اولاد کی یاد میں کس طرح اندر ہی اندر ٹوٹتا رہتا ہے۔
وہ شاید سوچتا تھا کہ پانی کے اس پار میرے بچے ہوں گے، میری رفیقۂ حیات ہوگی، میرے گھر کی دہلیز ہوگی،
کوئی دروازہ کھلے گا اور کوئی آواز دے گا:
بابا!
بس یہی ایک لفظ اس کے لیے دنیا کی سب سے بڑی دولت تھا۔
وہ چل پڑا اپنی آخری امید کے ساتھ،
دریا کے یخ بستہ سینے پر اپنی محبت کا نام لکھنے، لہروں سے راستہ مانگنے، اور موت کے اندھیروں میں زندگی کی ایک کرن ڈھونڈنے۔
مگر دریا کسی کی جدائی نہیں سمجھتا،
اسے کیا خبر کہ اس کے پانی میں ایک باپ کی پوری کائنات اتر آئی ہے!
موجوں نے اسے چھپا لیا، رات نے اس کی آواز نگل لی، اور صبح ایک بے نام جسم کنارے پر پڑا تھا۔
وہ جسے اپنے بچوں کے گلے لگنا تھا، اب خود کسی کے ہاتھوں میں تھا۔
وہ جسے اپنے گھر کی دہلیز دیکھنی تھی، اب اس کے لیے ایک قبر کی جگہ تلاش کی جا رہی تھی۔
عجیب ہے یہ سرزمین کہ یہاں محبت بھی راستہ پوچھتی ہے،
رشتے بھی سرحدوں کے سامنے ٹھہر جاتے ہیں، اور باپ اپنی اولاد سے ملنے کے لیے دریا میں اترتے ہیں۔
آج اس کے بچے کس سے پوچھیں گے کہ بابا کب آئیں گے؟
کون انہیں سمجھائے گا کہ بعض انتظار کبھی ختم نہیں ہوتے، صرف آنکھوں میں خاموش ہو جاتے ہیں۔
کون ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر کہے گا کہ تمہارے بابا تمہیں بہت چاہتے تھے،
اتنا چاہتے تھے کہ ایک دن تم تک پہنچنے کے لیے اپنی زندگی سے گزر گئے۔
اے دریا!
اگر کبھی اس کے بچوں کی آواز تیرے کناروں سے ٹکرائے،
تو اپنی موجوں میں ذرا نرمی رکھنا،
ان کے بابا کی آخری سانس اب بھی تیرے پانی میں ہوگی۔
اور اے خدا!
اس باپ کی تھکی ہوئی روح کو وہ سکون عطا کر جو اسے دنیا میں نہ مل سکا،
اس کی جدائی کو اپنی رحمت سے بھر دے، اور اس کے بچوں کے دل میں یہ یقین زندہ رکھ کہ محبت کبھی نہیں مرتی۔
وہ لوٹ کر نہیں آئے گا، مگر اس کی محبت ہر رات بچوں کے خوابوں میں دروازہ کھٹکھٹائے گی۔
اور شاید کسی خواب میں وہ پھر اپنے بچوں کو سینے سے لگا کر کہے گا:
میں تم سے ملنے آیا تھا، میرے بچو۔۔۔
میں تم سے ملنے آیا تھا!
داد صدیقیؔ
واپس کریں