دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
دو چراغِ تاریخ کے۔ کٹاس راج سے کھیوڑہ تک
اللہ داد صدیقی
اللہ داد صدیقی
کشمیر جرنلسٹ فورم کے مطالعاتی و سیاحتی سفر کے نام
ہم نکلے تھے گھر سے کچھ لمحے سمیٹنے، کچھ تاریخ پڑھنے، کچھ خواب دیکھنے، کچھ یادیں بنانے، اور اپنے ہم سفروں کے ساتھ زندگی کے چند روشن ورق لکھنے کے لیے۔
ہم تھے قلم کے مسافر، لفظوں کے امین، زمانے کی آنکھ، اور عہد کے گواہ۔
کشمیر جرنلسٹ فورم کا قافلہ جب راستوں پہ رواں ہوا تو یوں لگا کہ وقت نے خود اپنی کتاب کھول دی ہے۔
کٹاس راج!
یہ محض پتھر کے مندر نہیں، یہ عہدِ رفتہ کے زندہ نشاں ہیں، یہ صدیوں کی تہذیب کے خاموش ترجمان ہیں۔
یہاں سات مندروں کی قطار، یہاں فنِ تعمیر کا وقار، یہاں محرابوں کی زبان، یہاں پتھروں میں صدیوں کی داستان۔
یہ کٹاکش کی سرزمین، یہ پوٹھوہار کا نگینہ، یہ ہندو عقیدت کا مسکن، یہ تاریخ کا آئینہ۔
یہاں مہابھارت کی روایتیں، یہاں پانڈوؤں کے قصے، یہاں شیو کے آنسو سے منسوب ایک مقدس تالاب ہے۔
یہ پانی نہیں، یہ وقت کا عکس ہے، یہ تہذیبوں کی سانس ہے، یہ عقیدتوں کا ایک بے لفظ احساس ہے۔
یہاں بدھ مت کے آثار بھی، یہاں ہندو ورثے کی بہار بھی، یہاں کشمیر کے طرزِ تعمیر کی جھلک، اور تاریخ کے کئی ادوار بھی۔
اے کٹاس! تو نے کتنے موسم دیکھے، کتنے عہد بدلتے دیکھے، کتنے راج آتے جاتے دیکھے، مگر اپنے دامن میں تاریخ کے چراغ جلائے رکھے۔
ہم نے تجھے دیکھا، تو یوں لگا کہ پتھر بھی بولتے ہیں، اگر سننے والے دل ہوں۔
پھر کھیوڑہ کی طرف سفر تھا!
یہاں زمین کے سینے میں نمک کا اک جہاں آباد ہے، یہاں قدرت کے ہاتھوں میں صدیوں کا اک راز ہے۔
یہ سفید، گلابی، سرخ رنگ، یہ نمک کی چمکتی ہوئی ڈھنگ، یہ چٹانوں کا حسن، یہ روشنیوں کا فسوں، یہ زیرِ زمیں ایک الگ ہی آسماں۔
یہاں سمندر کی یاد سوئی ہے، یہاں لاکھوں نہیں، کروڑوں برس کی کہانی ہوئی ہے۔
کبھی اس خطے میں سمندر کا وجود تھا، پھر وقت نے کروٹ بدلی، اور نمک نے پہاڑوں میں اپنا گھر بنا لیا۔
سکندر کے لشکر سے منسوب اس کان کی روایت، مغلوں کے عہد میں تجارت، اور پھر انگریز دور میں جدید کان کنی کی ابتدا۔
یہاں ڈاکٹر وارث کا عہد، اٹھارہ سو بہتر کی تاریخ، اور آج بھی جاری محنت کشوں کی زندگی۔
یہ نمک محض ذائقہ نہیں، یہ دھرتی کی امانت ہے، یہ پاکستان کی پہچان، یہ قدرت کی صناعی کی ایک روشن ضمانت ہے۔
یہاں نمک سے بنی مسجد، یہاں شیش محل کا نور، یہاں روشنیوں کے رنگ، یہاں پانی پہ پل، یہاں زمین کے اندر حسن کا اک نیا اصول۔
ہم نے دیکھا تو حیرت ساتھ تھی، ہم نے سوچا تو قدرت یاد تھی، ہم نے جانا کہ اس دھرتی کے سینے میں کتنی داستانیں آباد ہیں۔
اور پھر اس پورے سفر میں ایک اور منظر تھا؛
وہ دوستوں کی مسکراہٹ، وہ قہقہوں کی گونج، وہ ایک دوسرے کا خیال، وہ گفتگو کا جمال، وہ یادوں کا تبادلہ، وہ علم و آگہی کا حوالہ۔
کوئی تاریخ کا شناسا تھا، کوئی لفظوں کا پارسا، کوئی کیمرے میں منظر قید کرتا، کوئی لمحوں کو دل میں محفوظ کرتا۔
ہم صحافی تھے، مگر آج ہمیں خبر نہیں بنانی تھی، ہمیں تاریخ کے چہرے سے گرد ہٹانی تھی۔
ہمیں دیکھنا تھا کہ دھرتی کے اندر کتنے زمانے دفن ہیں، کتنی تہذیبیں زندہ ہیں، کتنے رنگ، کتنے موسم، کتنے قصے ابھی باقی ہیں۔
اے کشمیر جرنلسٹ فورم! تیرا یہ سفر محض تفریح کا سفر نہیں، یہ علم سے محبت کا سفر ہے، یہ تاریخ سے رفاقت کا سفر ہے، یہ دوستی کے چراغوں کا سفر ہے۔
ہم لوٹ آئے ہیں مگر کیا واقعی لوٹ آئے ہیں؟
کٹاس کی خاموشی اب بھی ہمارے ساتھ ہے، کھیوڑہ کی روشنی اب بھی آنکھوں میں آباد ہے، اور دوستوں کی محبت اب بھی دل کے آس پاس ہے۔
کچھ سفر فاصلوں میں ختم نہیں ہوتے، کچھ لمحے وقت کے ہاتھوں کم نہیں ہوتے، کچھ رفاقتیں صرف ملاقات نہیں ہوتیں، وہ زندگی کی خوب صورت روایتیں ہوتی ہیں۔
آج کے یہ مسافر کل کی تاریخ ہوں گے، آج کے یہ قہقہے کل کی یادگار ہوں گے۔
اور جب کوئی پوچھے گا کہ تم نے سفر میں کیا پایا؟
تو ہم کہیں گے:
ہم نے پتھروں میں تہذیب بولتے دیکھی، زمین کے سینے میں تاریخ پلتے دیکھی، نمک کے پہاڑوں میں روشنی ڈھلتے دیکھی، اور دوستوں کی آنکھوں میں محبت جلتے دیکھی۔
یہ سفر ختم نہیں ہوا، یہ یادوں میں منتقل ہوا ہے۔
کٹاس کی عظمت کو سلام، کھیوڑہ کے ہنر کو سلام، اپنی دھرتی کے ورثے کو سلام، اور اس قافلۂ محبت کو سلام!
کہ قلم والوں نے آج قلم سے پہلے اپنی آنکھوں سے تاریخ پڑھی ہے۔
ہم سفر تھے، ہم سفر ہیں، ہماری رفاقت زندہ رہے!
۔۔۔۔۔ داد صدیقیؔ۔۔۔۔۔۔
واپس کریں