دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
یہ پڑا ہے آپ کا انقلاب ڈی چوک میں
طاہر سواتی
طاہر سواتی
اچکزئی اور فضل الرحمان کے بعد اب بلاول بھی "انقلاب" کے اسٹیج پر چڑھ گئے ہیں۔اس ملک میں جمہوریت کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ اسی قسم کے جعلی انقلابی ہیں۔ بات تلخ ہے، لیکن کہے بغیر چارہ نہیں۔1958 سے لے کر آج تک بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی کو صرف ضیا نامی ڈکٹیٹر سے نفرت رہی ہے؛ باقی معاملات میں یہ ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک ہی صفحے پر رہے ہیں۔ پرویز مشرف کی بغاوت کے اگلے روز کے اخبارات میں محترمہ کے بیانات پڑھ لیجیے، اور پھر دیکھیے کہ اسی ڈکٹیٹر مشرف سے این آر او کس نے کیا۔
آج بلاول کو یاد آیا کہ پیپلز پارٹی کی طرح پی ٹی آئی سے بھی انتخابی نشان اور مخصوص نشستیں چھین کر بڑی زیادتی کی گئی؛ لیکن انہی مخصوص نشستوں میں سے 14 نشستیں وصول کرتے ہوئے یہ خیال کیوں نہ آیا؟
جب 2018 کے سینیٹ انتخابات میں ن لیگ سے نشان چھینا گیا، اس وقت یہ اصول کہاں تھا؟
بلکہ جعلی ووٹوں سے منتخب چیئرمین صادق سنجرانی کو بلاول نے اپنے ہاتھوں سے مٹھائی کھلائی، اور منافقت کی انتہا دیکھیے کہ اسی سنجرانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد بھی بلاول ہی لے کر آئے۔
کوئی ہمیں اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ نہ سمجھائے۔ نواز شریف نے گوجرانوالہ کے جلسے میں فیض اور باجوہ کا نام لیا، تو "نڈر" بلاول اگلی بار کوئٹہ کے جلسے سے کنی کترا کر گلگت بلتستان چلے گئے، اور پھر کراچی والے جلسے میں نواز شریف کو خطاب کی دعوت ہی نہیں دی۔ شیرین رحمان پی ڈی ایم کے اجلاس کی پل پل کی خبر اسٹیبلشمنٹ کو لیک کرتی تھیں۔
نیازی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے میں مولانا اور زرداری صاحب سب سے آگے آگے تھے۔ حکومت بنانے کے بعد ن لیگ کی خواہش تھی کہ اسمبلیاں توڑ کر نئے انتخابات کروائے جائیں، لیکن پیپلز پارٹی اور فضل الرحمان نے مخالفت کی اور دونوں جماعتوں نے اپنی مرضی کی وزارتیں لیں۔
26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم میں سب سے اہم کردار بلاول نے ادا کیا۔ وہ وفاقی آئینی عدالت کو اپنی "والدہ" کا ادھورا خواب بتاتے تھے۔ پارلیمان اور میڈیا میں ان کی لمبی لمبی تقریریں دوبارہ سن لیجیے۔
جو دانشور آج انہیں چی گویرا ثابت کر رہے ہیں، وہی لوگ اس وقت ان دونوں آئینی ترامیم کا کریڈٹ بلاول کے علاوہ کسی اور کو دینے کے لیے تیار ہی نہیں تھے۔
27ویں ترمیم کا سب سے زیادہ فائدہ پیپلز پارٹی نے اٹھایا ہے۔ ابا جی کو تاحیات صدارتی استثنیٰ مل گیا، وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں 14 مخصوص نشستیں لی گئیں، اور بلاول خود جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے۔ جس نظام کو بلاول مفلوج کہہ رہے ہیں، اس نظام سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والی جماعت پیپلز پارٹی ہے، جس کی تین صوبوں میں حکومت ہے۔ جب باپ صدر بن رہا تھا اور ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ مل رہا تھا، اور مراعات بھی ہاتھ آ رہی تھیں، تب تو ترامیم خوب بھا رہی تھیں؛ لیکن اب کہتے ہیں کہ نظام ری سیٹ ہونے والا ہے۔
جس محسن نقوی کو بلاول اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ کہہ رہے ہیں، وہ پیپلز پارٹی پنجاب کے ووٹوں سے سینیٹ تک پہنچے ہیں۔ زرداری انہیں اپنا بیٹا کہتے ہیں۔ لندن، اسلام آباد اور سندھ، جہاں زرداری صاحب جاتے ہیں، نقوی سائے کی طرح ساتھ ساتھ ہوتے ہیں؛
لیکن بلاول انہیں پہچاننے سے ہی انکاری ہیں۔ اس باپ بیٹے نے قوم کو خوب پدو لگایا ہوا ہے۔
آج انہیں خیال آیا کہ یہ سب کچھ اسٹیبلشمنٹ نے زبردستی کروایا، اور ملک کا تو سارا نظام ہی جعلی انتخابات کے نتیجے میں وجود میں لایا گیا ہے۔ لیکن اسی جعلی نظام میں تین صوبوں، گلگت بلتستان، صدرِ پاکستان، سینیٹ، ڈپٹی اسپیکر اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت درجنوں اعلیٰ عہدوں کے مزے بھی لوٹ رہے ہیں، اور پھر ہمیں آ کر اصول پسندی کا بھاشن بھی دیتے ہیں۔
اے این پی سے آپ کو ہزار اختلاف ہو سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں ان کا مینڈیٹ چرا کر تحریکِ انصاف کو دیا گیا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے گورنر راج کی مخالفت کی اور مرکزی ذیلی کمیٹیوں میں کسی قسم کا حصہ لینے سے انکار کیا۔
لیکن خیبر پختونخوا میں اپنا گورنر لگوا کر، پھر اسے گورنر راج کے خلاف بیان بازی دے کر جمہوری انقلابی بننے کا ڈھونگ کوئی بلاول سے سیکھے۔ ان کا گورنر ہمیں مولانا اور ان کے بیٹے کی "کرپشن" کی جو داستانیں سناتا ہے، بلاول اسی کو سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں۔
چلیں، مان لیں کہ بلاول بچے تھے، انہیں ہپناٹائز کیا گیا تھا، اور آج انہیں ہوش آیا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں میں جو کچھ ہوا وہ غلط تھا۔ لیکن اس نظام کی چابی آج بھی بلاول اور پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ وہ آج بھی ساتھ چھوڑ دیں تو نہ حکومت رہے گی، نہ ترامیم، اور نہ ہی ریفرنڈم کا شور ہوگا۔ یہ تین صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں اور قومی اسمبلی سے مستعفی ہو جائیں تو ملک میں آئینی بحران پیدا ہوگا، اور نئے انتخابات کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
چلیں باقی چھوڑیں، جن مخصوص نشستوں کو بلاول غلط کہہ رہے ہیں، کیا صرف وہی چھوڑنے کے لئے تیار ہیں ؟
تین سال بعد جس "گھڑی چور" کو یہ سیاسی قیدی قرار دے رہے ہیں، صدرِ پاکستان صرف ایک حکم سے اس کی سزا معاف کر سکتے ہیں؛ لیکن ایسا کچھ نہیں ہونے والا۔ یہ سب کچھ بارگینگ کر کے ذرا بہتر قیمت وصول کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
یہ پی ٹی آئی والے دو رنگی میں پیپلز پارٹی سے آج بھی ہزار سال پیچھے ہیں۔ ایک ٹی وی ٹاک شو میں قائم علی شاہ کی بیٹی نفیسہ شاہ کہہ رہی تھیں کہ:
“میرا دل کرتا ہے کہ میں ہر طرف شور مچا مچا کر کہوں کہ 9 مئی 2023 میں سزا یافتہ تمام عورتیں مظلوم ہیں، انہیں مسلم لیگ (ن) رہا کیوں نہیں کرتی؟" جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا:
“سزا یافتہ مجرموں کو تو مسلم لیگ (ن) سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت رہا نہیں کر سکتی؛ البتہ صدر آصف علی زرداری ان کی سزائیں معاف کر کے ان سب کو ایک منٹ میں رہا کر سکتے ہیں۔ نفیسہ شاہ فوراً اپنا مطالبہ اپنی ہی پارٹی کے صدر زرداری کے آگے پیش کر کے ان عورتوں کو رہا کروائیں۔"
انہیں آج سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے پی ٹی آئی کی خواتین کے حقوق یاد آ رہے ہیں، لیکن سندھ میں خواتین کی کیا حالت ہے، اسے سننے کی ہمت نہیں۔ تین ہفتے قبل پشاور کی ایک خاتون کے ساتھ کراچی میں جو کچھ ہوا، وہ ناقابلِ بیان ہے۔ ایک سندھی نے فراڈ، دھوکہ دہی اور گھریلو تشدد کے بعد الٹا اس پر جعلی مقدمہ درج کروایا اور اسے دو ہفتے حوالات میں بند رکھا، کیونکہ اس شخص کے ناصر حسین شاہ کے ساتھ قریبی مراسم ہیں۔ اگر مریم نواز کے پنجاب میں یہ واقعہ ہوتا تو وہ شخص سلاخوں کے پیچھے ہوتا۔
میں بھی اس وقت نئے صوبے بننے کے خلاف ہوں اور اس پر لکھ بھی چکا ہوں؛ لیکن پیپلز پارٹی والے نئے صوبوں کے خلاف نہیں، صرف سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں تاکہ ان کی سیاسی اجارہ داری اور بلیک میلنگ کا یہ مرکز قائم و دائم رہے؛ ورنہ پنجاب میں نئے صوبے کی سب سے بڑی حامی پیپلز پارٹی ہے۔ یہ اصول پسندی نہیں، منافقت اور خود غرضی ہے۔ اگر اس ملک میں کہیں بھی ایک نیا صوبہ بنتا ہے اور پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرتی ہے، تو پھر سندھ کو سب سے پہلے تقسیم ہو جانا چاہیے۔
اور تازہ ترین خبر یہ ہے کہ کل ہی صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور محسن نقوی کی ملاقات میں بلاول بھٹو کے حالیہ بیانات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ صدر زرداری نے ان بیانات کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ پیپلز پارٹی کی باضابطہ پالیسی نہیں۔
لو جی، یہ پڑا ہے آپ کا انقلاب ڈی چوک میں۔
واپس کریں