دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
فوری طور پر نئے صوبے نہیں بنیں گے
ناصر بٹ
ناصر بٹ
پاکستان کی ہر پارٹی میں مالکان ریاست نے اپنے وفادران شامل کروا رکھے ہوتے ہیں زیادہ تر جن کا پارٹیوں کو بھی علم ہوتا ہے،مگر وہ خاموش رہتے ہیں کیونکہ انہیں بھی مالکان سے رابطہ رکھنے اور طاقت بنائے رکھنے کے لیے ایسے بندوں کی ضرورت ہوتی ہے البتہ ایسے لوگ وفادار بہرحال مالکان ریاست کے ہی ہوتے ہیں اور جب مالکان طاقت یا اقتدار کسی اور کے سپرد کرنے کا من بنا لیتے ہیں تو یہ کارندے اسی کے فوائد بتانا شروع ہو جاتے ہیں۔
آپ کو یہ لوگ بڑے اصولی،دبنگ،حق بات کہنے والے محسوس ہوتے ہیں یہ سالہا سال اقتدار میں رہ کے آپ کو بتائیں گے کہ سسٹم ٹھیک نہیں ہے،ملک ٹھیک سے نہیں چل رہا،بہت کمزوریاں ہیں وغیرہ وغیرہ اور یہ کبھی بھولے سے بھی آپکو یہ نہیں بتاتے کہ اس سسٹم کو ایسا بنائے رکھنے والے کون ہیں کس نے اس ملک کی تاریخ کے لگ بھگ آدھے عرصے تک براہ راست اور آدھے پر بالواسطہ حکومت کی ہے مگر سسٹم کو بدلنے نہیں دیا اور کون اسکا سب سے بڑا بینفیشری ہے۔
پاکستان کے موجودہ سسٹم کو میں ہر گز کوئی مثالی یا اچھا سسٹم نہیں سمجھتا جس میں ایلیٹ کلاس نے زیادہ تر مراعات اپنے لیے مخصوص کر رکھی ہیں اور عوام کو وہی کچھ ملتا ہے جن سے ان کی اشک شوئی کسی حد تک کرنا مقصود ہوتا ہے۔
صوبوں کا معاملہ بھی ایک ایسا ہی معاملہ ہے۔
اصولی طور پر سسٹم کی اس جکڑ بندی کو توڑنے کے لیے یہ ایک اچھا طریقہ ہو سکتا ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس بنا کے نسل در نسل چلے آ رہے گدی نشین سیاستدانوں کا زور توڑ دیا جائے اور سیاست میں نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جائے مگر لمحہء موجود میں اسکے لیے جو بے قراری پائی جا رہی ہے وہ اسی نیت سے نہیں کہ ملک کا سسٹم ٹھیک کیا جائے،اقتدار عوام تک پہنچایا جائے بلکہ میرے نزدیک چھوٹے صوبے بنانے کی یہ بے کراں خواہش اور بے قراری سیاست میں بچی کچھی سپیس کو حاصل کرنا ہے جو کہ ماضی میں ریاست پر براہ راست قبضہ کر کے بھی کئی دفعہ حاصل کی جا چکی ہیں مگر نتائج اچھے نہیں نکل پائے۔
ملک میں چالیس سال سے چلی آ رہی سیاسی جماعتوں کو بھی اب مالکان ریاست کے ساتھ پنجہ آزمائی کرتے ہوئے کافی کچھ سمجھ آ چکا ہے انہیں علم ہے کہ انکی طاقت کیا ہے اور کمزوری کیا وہ اتنا ہی شور مچاتے ہیں جتنا ضروری ہوتا ہے کب کتنا بولنا ہے اور کتنا خاموش رہنا ہے انہیں اسکی اچھے سے سمجھ آ چکی ہے،پی ٹی آئی کو سمجھ نہیں آئی تھی تو انہیں بھی اب سمجھ آ رہی ہے۔
گزشتہ کئی ہفتوں میں بننے والی خبروں میں سے میں آصف علی زرداری کی نواز شریف سے انکے گھر جا کے ملاقات کو سب سے بڑی خبر سمجھتا ہوں کیونکہ اس سے پہلے وزیر داخلہ آصف زرداری سے نواب شاہ جا کے ملاقات کر آئے تھے اور آصف زرداری اسکے بعد اسلام آباد جانے کی بجائے نواز شریف کے پاس پہنچ گئے۔
کل نجم سیٹھی نے اسکی کچھ اور تعبیر کی اور اپنے تجزئیے میں کہا کہ آصف زرداری کو بتا دیا گیا ہے کہ صوبے بنانے کی طریقہ کار آپ طے نہیں کریں گے تو ہم طے کر لیں گے اور یہ کہ زرداری صاحب نواز شریف سے صوبوں کی تقسیم کا طریقہ کار ڈسکس کرنے گئے تھے۔
میرا بطور ایک سیاسی طالب علم نجم سیٹھی کے اس تجزئیے سے کلی اتفاق نہیں ہے۔
نئے صوبوں کا مسلہ ایسا چھوٹا معاملہ ہے نہیں کہ جو صرف اسٹیبلشمنٹ کی خواہش یا انکے ملک احمد خان،محسن نقوی،شاہد خاقان عباسی، علیم خان،مصطفیٰ کمال یا پی ٹی آئی میں نصب کردہ اپنے وفاداروں کے بیانات سے حل ہو جائیگا یا ریفرنڈم کی دھمکیاں اسے ممکن بنا دیں گی اسے بہرحال پاکستان کی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں نے ہی طے کرنا ہے کوئی ریفرنڈم اسکا فیصلہ نہیں کر سکتا کوئی زبردستی کرنا چاہتا ہے تو کر کے دیکھ لے صوبے تو نہیں بنیں گے البتہ سوا ستیا ناس ضرور ہو جائیگا۔
پیپلز پارٹی کا بولنا اور ن لیگ کی اعلی قیادت کا فی الحال خاموش رہنا بھی ایک حکمت عملی کے تحت ہے اور میں پہلے بھی کئی بار لکھ چکا ہوں کہ نئے صوبوں کے فیصلے میں نواز شریف سب سے اہم کھلاڑی ہے اسکی رضامندی کے بغیر یہ بیل منڈھے چڑھتی نظر نہیں آتی۔
دو سال کی بقیہ حکومت کوئی اتنا بڑا سٹیک نہیں کہ جس کے لیے ن لیگ پنجاب کی تقسیم کا یکطرفہ سودا کر لے نواز شریف تین دفعہ اپنی حکومت ختم کروا چکا ہے اور اس وقت معاملات اس سے کہیں چھوٹے ہوا کرتے تھے مجھے یہ ممکن نظر نہیں آتا کہ آج جب ن لیگ پنجاب میں پہلے جیسی طاقتور بھی نہیں اور پنجاب ہی اسکا واحد سٹرانگ ہولڈ صوبہ بچا ہے،وہ صرف پنجاب کی تقسیم پر مان جائے کیونکہ سندھ اور کے پی کے تو اس پر کبھی راضی نہیں ہونگے سندھ تو پہلے ہی کھل کے بتا چکا اور کے پی کے والے ابھی تک ن لیگ کی طرح خاموش ہیں، جب کوئی فریم ورک سامنے آیا تو آپ وہاں سے بھی مخالفت ہوتی دیکھ لیں گے۔
تو میرا تجزیہ یہ ہے کہ فوری طور پر نئے صوبے نہیں بنیں گے رنگ برنگے تجزئیے کوئی جتنے چاہے کرتا رہے۔
واپس کریں