ناصر بٹ
میرے نزدیک اگر کسی ایک معاملے میں پنجاب حکومت مکمل طور پر ناکام رہی ہے تو وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا معاملہ ہے۔ پنجاب حکومت نے عوام کو سہولت دینے کے لیے بڑے بڑے دعوے کیے، بھاری وسائل خرچ کیے، نئے ادارے قائم کیے، بھرتیاں کیں اور انتظامی مشینری کو متحرک کرنے کے لیے سخت احکامات جاری کیے، لیکن نتیجہ یہ نکلا کہ بیوروکریسی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو اس محاذ پر ناکام بنا کر رکھ دیا ہے۔
پنجاب حکومت نے گراں فروشی اور ملاوٹ کے سدباب کے لیے پیرا فورس جیسے ادارے قائم کیے، بھرتیاں کیں، اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کو بھی سخت ہدایات جاری کیں کہ سرکار کے مقرر کردہ نرخوں پر عوام کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مگر آج بازاروں کا رخ کریں تو وزیراعلیٰ کے ان تمام دعوؤں اور اقدامات کی دھجیاں اڑتی دکھائی دیتی ہیں۔
پورے پنجاب میں دودھ، گوشت اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کے سرکاری نرخ محض کاغذی کارروائی بن کر رہ گئے ہیں۔
بیف کی سرکاری قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر یہ گوشت کہاں سے ملے گا؟ اس سوال کا جواب کسی کے پاس نہیں۔
بڑے بڑے اسٹورز پر بھی ڈی سی کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں، لیکن وہاں ایک عجیب مذاق چل رہا ہے۔ ڈی سی ریٹ پر جو گوشت رکھا ہوتا ہے وہ چند پسلیوں، ہڈیوں اور چیچھڑوں پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ اسی اسٹور پر اس کے ساتھ ہی دکاندار سولہ سو روپے فی کلو کے حساب سے اچھا گوشت دھڑلے سے فروخت کر رہے ہوتے ہیں۔ گویا سرکاری نرخ پر گوشت کی فراہمی بھی دکھا دی اور اپنی مرضی کی قیمت پر فروخت کا راستہ بھی کھلا رکھا۔
یہی حال مٹن کا ہے۔ سرکاری نرخ سولہ سو روپے فی کلو ہے، مگر اچھا مٹن تین ہزار روپے فی کلو سے کم دستیاب نہیں۔ سوال یہ ہے کہ اگر سرکاری نرخ پر معیاری گوشت دستیاب ہی نہیں تو پھر یہ نرخ مقرر کرنے اور ان کی تشہیر کرنے کا آخر فائدہ کیا ہے؟
آٹے کی صورتحال بھی کچھ مختلف نہیں۔
حکومت فلور ملز کو بھاری مقدار میں گندم فراہم کرتی ہے تاکہ عوام کو سستے داموں آٹا مہیا کیا جا سکے، مگر مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر دستیاب آٹا نایاب ہو چکا ہے۔
دکانداروں کے مطابق انہیں ہفتے میں دس کلو آٹے کے صرف سو تھیلے فراہم کیے جاتے ہیں جو شام تک ختم ہو جاتے ہیں۔ دس کلو آٹے کا سرکاری نرخ تقریباً 1100 روپے ہے، مگر یہ آٹا ملتا نہیں۔ دوسری طرف انہی دکانوں پر پندرہ کلو کا تھیلا موجود ہوتا ہے جو مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے اور اس کی قیمت 2400 روپے وصول کی جاتی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ جب حکومت گندم فراہم کر رہی ہے تو اس سے تیار ہونے والا آٹا عوام تک سرکاری نرخ پر کیوں نہیں پہنچ رہا؟ اس پورے نظام میں کہیں نہ کہیں ایک بڑا انتظامی سوراخ موجود ہے، لیکن اسے بند کرنے کی ذمہ داری کس کی ہے؟
تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا حال بھی دیکھ لیجیے۔
بڑے زور و شور سے تجاوزات ختم کروائی گئیں، مگر جہاں پہلے تجاوزات تھیں وہاں اب غیرقانونی پارکنگ نے جگہ لے لی۔ یعنی عوام کو نہ پہلے سڑک پر گزرنے کی سہولت میسر تھی اور نہ اب۔ اوپر سے تجاوزات بھی آہستہ آہستہ دوبارہ واپس آ رہی ہیں، لیکن ضلعی انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔
کیا تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مقصد صرف چند دن کی تصویری کارروائی اور میڈیا کوریج تھا؟ اگر ایسا نہیں تھا تو پھر ان جگہوں کو مستقل طور پر تجاوزات سے پاک رکھنے کا انتظام کیوں نہیں کیا گیا؟
اب وزیراعلیٰ شکایات سیل کی کارکردگی سن لیجیے۔
ابتدائی چند ماہ میں وزیراعلیٰ شکایات سیل نے نسبتاً بہتر کام کیا اور لوگوں کو یہ امید پیدا ہوئی کہ شاید اب ان کی شکایات واقعی سنی جائیں گی۔ لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ کوئی شہری شکایت درج کرواتا ہے تو چند گھنٹوں بعد بغیر کسی عملی کارروائی کے جواب موصول ہو جاتا ہے کہ آپ کی شکایت حل کر دی گئی ہے۔
شکایت کنندہ اپنی جگہ موجود، مسئلہ اپنی جگہ موجود، متعلقہ محکمے کی غفلت اپنی جگہ موجود، مگر سرکاری ریکارڈ میں شکایت حل ہو چکی ہوتی ہے!
یہ صرف شکایات سیل کی ناکامی نہیں بلکہ پورے انتظامی نظام کی ایک ایسی تصویر ہے جس میں کارکردگی کا پیمانہ عوام کا مسئلہ حل کرنا نہیں بلکہ کمپیوٹر پر شکایت کو نمٹا دینا بن چکا ہے۔
اب ایل پی جی کی صورتحال ملاحظہ فرمائیں۔
سرکار نے ایل پی جی کی قیمت 280 روپے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، مگر پورے پنجاب میں کئی ماہ سے یہ پانچ سو روپے کے آس پاس فروخت ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم صاحب میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے پہلے سرکاری قیمت 280 روپے بتاتے ہیں، پھر آگے چل کر 425 روپے تک قیمت کو بھی درست قرار دینے لگتے ہیں، البتہ یہ ضرور فرماتے ہیں کہ کسی کو پانچ چھ سو روپے فی کلو ایل پی جی فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس بات کو تو چھوڑ دیجیے کہ مارکیٹ میں ایل پی جی پانچ سو روپے کے آس پاس ہی فروخت ہو رہی ہے، ذرا اس تضاد پر غور کیجیے کہ وزیر صاحب ایک طرف 280 روپے کو سرکاری نرخ بتا رہے ہیں اور دوسری طرف 425 روپے تک فروخت کو قابل قبول قرار دے رہے ہیں۔
آخر 280 اور 425 روپے کے درمیان 145 روپے کا فرق کس قانون، کس پالیسی اور کس انتظامی جواز کے تحت جائز قرار دیا جا رہا ہے؟
پاکستان ایل پی جی اسی بین الاقوامی سپلائی مارکیٹ سے حاصل کرتا ہے جہاں سے بھارت بھی خریداری کرتا ہے۔ بھارت میں ایل پی جی کی قیمت پاکستانی روپے میں دو سو روپے سے کم بتائی جاتی ہے۔ یہ درست ہے کہ دونوں ملکوں کے ٹیکس، سبسڈی، درآمدی انتظامات اور ترسیل کے اخراجات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن اگر ہم پاکستان کے اضافی ٹرانسپورٹیشن اخراجات بھی شامل کر لیں تو پھر بھی یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ 280 روپے فی کلو کی سرکاری قیمت پر عوام کو ایل پی جی کیوں نہیں مل رہی؟
حکومت اگر اپنے مقرر کردہ نرخ پر ایک بنیادی ضرورت کی چیز بھی عوام کو فراہم نہیں کروا سکتی تو پھر اس کے تمام دعوے اور انتظامی اقدامات کس کام کے؟
پیٹرول کی قیمتوں کا معاملہ بھی کچھ کم تشویش ناک نہیں۔
یہ درست ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں صوبائی نہیں بلکہ وفاقی معاملہ ہیں، لیکن وفاق میں بھی ن لیگ ہی کی حکومت ہے، اس لیے اس معاملے کا ذکر بھی ضروری ہے۔
ہم جیسے لوگ پیٹرول کی قیمتوں پر اس لیے زیادہ شور نہیں مچاتے رہے کہ کم از کم یہ اطمینان تھا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے ذریعے اپنا ریونیو ہدف پورا کر رہی ہے، جس میں اسے کاروباری طبقے سے ٹیکس وصولی میں ناکامی کے باعث مشکلات کا سامنا رہا ہے۔
لیکن اب جو تفصیلات سامنے آ رہی ہیں، ان سے یہاں بھی انتہائی تشویش ناک انتظامی اور مالیاتی صورتحال دکھائی دیتی ہے۔
جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ حکومتی مذاکرات میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور حکومتی وصولیوں کا معاملہ زیر بحث ہے۔ جماعت اسلامی کے ماہرین کی جانب سے یہ مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے وصول کی جانے والی لیوی اور دیگر محصولات کے علاوہ بھی پیٹرول کی موجودہ قیمت میں تقریباً سو روپے فی لیٹر تک ایسے اخراجات یا منافع کا فرق موجود ہے جس کی وضاحت ضروری ہے، اور جس کا فائدہ پیٹرولیم کمپنیاں اٹھا رہی ہیں۔
اگر یہ حساب درست ہے تو پھر یہ محض مہنگائی کا معاملہ نہیں بلکہ حکومتی نگرانی، قیمتوں کے تعین اور عوام کے مالی استحصال کو روکنے کے نظام پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ ان اعدادوشمار کا مکمل اور شفاف حساب عوام کے سامنے رکھے۔ آخر پیٹرول کی قیمت میں عوام سے وصول ہونے والی ہر ایک پائی کا حساب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
میرا بنیادی اعتراض یہ نہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے سخت اقدامات کیوں کر رہی ہے، بلکہ میرا اعتراض یہ ہے کہ ان اقدامات کا فائدہ عوام تک پہنچ کیوں نہیں رہا؟
میں عوام کو سہولت پہنچانے کی غرض سے کیے جانے والے سخت اقدامات کے بالکل حق میں ہوں۔ تجاوزات ختم ہونی چاہئیں، گراں فروشی کا خاتمہ ہونا چاہیے، ملاوٹ کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے، سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ دستیاب ہونی چاہئیں اور سرکاری اداروں کو عوام کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔
لیکن اگر ان تمام اقدامات کے باوجود عوام کو ٹکے کا فائدہ نہیں پہنچ رہا تو پھر سوال اٹھانا بھی ضروری ہے کہ یہ تمام مشق کس کے لیے کی جا رہی ہے؟ کیا حکومت یہ اقدامات صرف اپنی تشہیر، میڈیا کوریج اور سیاسی کریڈٹ لینے کے لیے کر رہی ہے؟
آپ کو شاید اندازہ بھی نہیں کہ ان اقدامات پر کتنے وسائل خرچ ہوئے ہیں۔ ادارے بنے، بھرتیاں ہوئیں، گاڑیاں خریدی گئیں، تنخواہیں دی جا رہی ہیں، دفاتر قائم ہوئے اور سرکاری خزانے سے بھاری رقوم خرچ ہوئیں۔ لیکن اگر نتیجہ صفر ہے تو پھر اس پورے نظام کی افادیت پر سوال اٹھانا عوام کا حق ہے۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت نے اقدامات تو کیے، مگر ان اقدامات کے نتائج جانچنے اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کا کوئی مؤثر نظام نظر نہیں آتا۔
وزیراعلیٰ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کے احکامات پر عمل کیوں نہیں ہو رہا؟ ضلعی انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کیوں نہیں کر رہی؟ متعلقہ محکموں کے افسران کی کارکردگی کا احتساب کیوں نہیں ہوتا؟ اور سب سے بڑھ کر یہ کہ جو افسر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہے، اس کے خلاف عملی کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟
محض اجلاس، ہدایات، نوٹسز، جرمانوں اور پریس ریلیز سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ حکومت کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہ ہے کہ عام آدمی کو بازار سے معیاری دودھ، گوشت، آٹا اور دیگر ضروریات زندگی مناسب قیمت پر دستیاب ہوں۔
مریم نواز شریف کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بیوروکریسی کی جانب سے انہیں خوش کن رپورٹس پیش کرنا اور زمینی حقائق دو بالکل مختلف چیزیں ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ اپنی حکومت کی کامیابی کا اندازہ صرف افسران کی پیش کردہ رپورٹوں سے لگاتی رہیں گی تو انہیں کبھی معلوم نہیں ہو سکے گا کہ عوام کس عذاب سے گزر رہے ہیں۔
حکومتیں دعوؤں سے نہیں، نتائج سے پہچانی جاتی ہیں۔ اور جب عوام کو نتائج نہ ملیں تو پھر بڑے سے بڑا اقدام بھی محض ایک نمائشی مشق بن کر رہ جاتا ہے۔
ہم نیک و بد حضور کو سمجھائے جاتے ہیں!
واپس کریں