عصمت اللہ نیازی
گذشتہ قسط میں آپکو بتایا تھا کہ ہم میانوالی سے تین دوست اور ایک سوات سے شام تقریباً سات بجے بشام پہنچ گئے تھے اور وہاں ایک ہوٹل میں کمرہ لے کر رات کا کھانا کھانے کے بعد سو گئے۔۔
آج ہمارا دوسرے دن کا آغاز تھا ہم جس ہوٹل میں رہائش پذیر تھے وہ اوپر کی منزل پر واقع تھا اور نیچے ایک کمرشل مارکیٹ تھی، ہم نے رات اپنی بائیکس مارکیٹ میں ہی پارک کر دی تھیں لہٰذا صبح ہی چوکیدار نے آ کر جگایا کہ دوکاندار حضرات فرما رہے ہیں کہ اپنی بائیکس کا بندوبست کرو لہٰذا ہم جلدی جلدی اٹھے اپنی بائیکس پر سامان لادا اور رات والے نقلی کوئٹہ ہوٹل سے ناشتہ کرنے کے بعد ٹائروں میں ہوا چیک کرانے کیلئے دوکان ڈھونڈنے لگے جو کہ کچھ دیر بعد ہمیں مل گئی ۔ پھر ہم نے پیٹرول کی ٹینکیاں بھروائیں اور بشام داسو روڈ پر سفر کرنے لگے لیکن تھوڑی دور ہی آصف نے ایک موٹر سائیکل مکینک کی دوکان پر بریک لگا لی کیونکہ آصف کے بائیک کی ہینڈل ٹائٹ کرانی تھی جبکہ میں نے چارجر لینا تھا۔ اسی طرح چھوٹے موٹے کام کراتے وہاں پر ہی گیارہ بج گئے اور ہم نے داسو کی طرف دوبارہ اپنے سفر کا آغاز کر دیا۔ بشام سے براستہ داسو چلاس روڈ انتہائی خستہ اور آف روڈ ہے اور ڈیم پر کام جاری ہونے کی وجہ سے اوپر مٹی کا طوفان اور نیچے کھڈوں کا طوفان جاری رہتا ہے لیکن ہمیں خطرہ تھا کہ کہیں آگے ڈیم والے روڈ بلاک کریں گے لہٰذا ہم تیز رفتاری سے یہاں سے گزرنا چاہتے تھے ۔ چونکہ ہم سب کا ہیلمٹ انٹرکام کے ذریعے آپس میں رابطہ ہی ہوتا ہے اور آپس میں گپیں ہانکتے ہنسی مذاق میں سفر طے کرتے ہیں لہٰذا ایک دوسرے کو رفتار بڑھانے کی کہتے ہوئے تین گھنٹوں کے سفر کے بعد محسوس کیا کہ اب راستہ بند ہونے والی جگہ سے نکل گئے ہیں اور اسی خوش فہمی میں فیصلہ کیا کہ اگر آگے کوئی چائے والا ہوٹل آئے تو بریک لگانی ہے کیونکہ ہمیں بھوک بھی محسوس ہو رہی تھی ۔ قراقرم ہائی وے پر بائیں طرف لگاتار نیچے دریائے سندھ اور دائیں طرف پہاڑ موجود ہے کسی موڑ میں کہیں پارکنگ کی تھوڑی سی جگہ مل جاتی ہے ایسی ہی ایک موڑ میں ایک چھوٹا مگر خوبصورت سا ہوٹل مل گیا جہاں ہم رک گئے ۔ سب سے پہلے واش روم جانے کے بعد سب ہوٹل کے اوپر والے ٹیرس میں بیٹھ گئے اور چائے، قہوہ اور چپس آرڈر کر دئیے، برھان نماز ادا کرنے چلا گیا اور ہم ایک دوسرے کو سفر کی پرانی سٹوریاں سنانے لگے۔ برھان کے آنے پر چائے بھی آ گئی جس سے فارغ ہو کر ہماری گپیں جاری رہیں اور ایک گھنٹہ گزرنے کا پتہ ہی نہیں چلا ۔ اسی اثناء میں ہم پر اس وقت بم گر گیا جب ایک خوش شکل سا نوجوان ہمارے پاس آیا اور پوچھا کہ سر آپ آگے جا رہے ہیں یا واپس آ رہے ہیں؟ ہم نے جواب دیا کہ جا رہے ہیں ۔ نوجوان نے انفارمیشن دی کہ یہاں سے صرف تین کلومیٹر آگے روڈ دو گھنٹوں کے لیے بند ہوتا ہے اور اس نے اپنی گھڑی کی طرف دیکھا کہ ابھی تین بجنے میں دس منٹ کم ہیں اور تین بجے روڈ بند ہو جائے گی ۔ یہ سنتے ہی ہم اپنی بائیکس کی طرف لپکے اور جلدی جلدی منزل کی طرف بھگا دیں ہمارے پاس آٹھ منٹ بقایا تھے، انتہائی خراب روڈ کے تین کلومیٹر ہم نے ایسی سپیڈ لگائی کہ دو تین بائیکس کے شاکس لیک ہو گئے ہم متعلقہ پوائنٹ پر تین بجکر پانچ منٹ پر پہنچنے تو آگے روڈ بند ہونے کا بورڈ لگا تھا ہم نے وہاں ڈیوٹی پر کھڑے ایک چھوٹے قد کے نوجوان کی منت کی کہ ہم بہت لیٹ ہو جائیں گے اور اندھیرے کی وجہ سے گلگت نہیں پہنچ سکیں گے لیکن موصوف نے روکھا سا جواب دیا کہ بھائی یہاں چائنیز اوپر پہاڑی پر خود بیٹھتا ہے اور آرڈر ہے کہ جو مرضی آ جائے قانون سب کیلئے برابر ہے پاکستانی قوم کی طرح مکڑی کا جالا نہیں کہ امیر نکل جائے جبکہ غریب پھنس جائے ۔ ہم نے اسے حسب معمول پاکستانی جگاڑ کے طور پر ایک ہزار روپے مٹھائی کی پیش کش بھی کی لیکن وہ نہ مانا کہ آگے چائنیز ہیں پاکستانی نہیں۔ لیکن اس نے یہ ضرور کہا کہ سامنے کھڑا ڈوزر پورے ساڑھے چار بجے صفائی کرنے جائے گا اور پانچ بجے ٹریفک کھل جائے گی یعنی پانچ کا مطلب پانچ، نہ ایک منٹ کم اور نہ زیادہ ۔ دو گھنٹے سڑک پر لیٹنے کے بعد پانچ بجے ہی ٹریفک کھل گئی اور ہم نے بائیکس کے تھراٹل فل کھینچ لئے۔ کچھ دیر بعد ہی اندھیرا چھا گیا۔ لیکن ایک گھنٹہ بعد بھاشا ڈیم سائیٹ کے ساتھ تعمیر ہونے والے نئے روڈ پر پہنچ گئے جو ہے تو پہاڑوں کی چوٹیوں پر لیکن موٹر وے کی طرح بنا ہوا ہے ۔ میں چونکہ رات کے اندھیرے میں سفر نہیں کرتا لہذا ساتھیوں کو کہا کہ چلاس تک جائیں گے اور وہاں قیام کر لیں گے ۔ لیکن بہت جلد ہی ہم چلاس پہنچ گئے جہاں سے ہم نے کھانا کھایا، برھان اور آصف نے ایس کام کی سمز لیں۔ مجھے دوستوں نے کہا کہ چاچا آج رات کو سفر کرنے والا تجربہ بھی کریں اور جہاں تک ممکن ہو آگے جاتے ہیں جب کوئی مسئلہ ہوا وہاں پر قیام کر لیں گے ۔ میں نے بھی ان کی بات مان لی اور چلاس سے آگے قراقرم ہائی وے پر براستہ رائے کوٹ پل اور جگلوٹ کی طرف آغاز کر دیا ۔ گونر فارم کے بعد ایک کچے پہاڑ کا سیکشن آتا ہے جہاں بائیں جانب بالکل سڑک کے نیچے انتہائی گہرا دریائے سندھ اور دائیں طرف کچی مٹی کا بنا پہاڑی سلسلہ ہے جہاں بہت زیادہ لینڈ سلائیڈنگ ہوتی ہے لیکن ہم ایک گھنٹے میں ہی رائے کوٹ پل تک یہ سیکشن آرام سے کراس کر گئے اور آگے تو پھر کارپٹ روڈ ہے لہٰذا ہم جلد ہی جگلوٹ پہنچ کر چائے کیلئے رک گئے کیونکہ آصف کے پیٹ میں چائے کا جانا اتنا ہی ضروری ہے جتنا موٹر سائیکل کی ٹینکی میں پیٹرول ۔ چائے کے بعد دوستوں نے کہا کہ اب چونکہ گلگت صرف 45 کلومیٹر رہ گیا ہے تو چلتے ہیں ۔ لہٰذا ہم دوبارہ گلگت کی طرف چل پڑے گلگت سے کچھ کلومیٹر پہلے آصف نے انٹرکام پر بتایا کہ میرے موٹر سائیکل کو ریزرو لگ گیا ہے جبکہ میرے موٹر سائیکل کو ابھی ریزرو نہیں لگا تھا، آصف کے پاس ڈیلکس 125 ہے لیکن میرے پاس جی ایس 150 ہے، میں بڑا خوش ہوا کہ میری موٹر سائیکل تو آصف سے بھی زیادہ ایوریج دے رہی ہے ۔ میں نے سب کو بتایا کہ اس حساب سے میری موٹر سائیکل کم از کم 40 سے زیادہ اوریج دے رہی ہے۔ آصف نے فوراً پوچھا کہ چاچا یہ کون سے سافٹ ویئر سے اتنی جلدی حساب لگایا ہے۔ ابھی دو کلومیٹر بعد ہی دائیں جانب ایک بہت بڑا پمپ آ گیا اور آصف نے کہا کہ یہاں سے پیٹرول ڈلوا لیتے ہیں لیکن میں نے انکار کر دیا اور آصف کو جواب دیا کہ میری موٹر سائیکل کی اوریج سے آپ جیلس ہو رہے ہیں ۔ اسی اثنا میں آصف نے کہا کہ چاچا پیٹرول والی ٹونٹی چیک کی ہے؟ لیکن میں نے سنی ان سنی کر دی اور آگے بڑھ گئے ۔ تقریباً تین کلومیٹر دور ہی میری موٹر سائیکل ریزرو مانگنے لگی لیکن جب میں نے ٹونٹی سنبھالی تو پہلے سے ریزرو لگا ہوا تھا اور سارا پیٹرول ختم ہو چکا ہے۔ میں نے انٹرکام پر سب کو بتایا اور روکا تو سب میرے پاس آ کر روڈ پر ہنس ہنس کر لیٹ گئے ۔ پھر برھان اور آصف نے ٹانگوں سے دھکا لگا کر 9 کلومیٹر دور گلگت شہر سے پہلے ایک پمپ پر پہنچا دیا جہاں سے ہم سب نے ٹینکیاں فل کرائیں اور تقریباً گیارہ بجے گلگت شہر پہنچ گئے ۔ تقریباً آدھے گھنٹے کی تلاش کے بعد ہمیں گلگت شہر میں ایک اچھا اور سستا کمرہ ہوٹل میں مل گیا جہاں ہوٹل والے کے کہنے پر نیچے سڑک پر ہی اپنی بائیکس پارک کیں اور اوپر کمرے میں پہنچ کر سو گئے
(جاری ہے)
واپس کریں