دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سفرنامہ"خزاں کے موسم میں"قسط نمبر:1
عصمت اللہ نیازی
عصمت اللہ نیازی
مستنصر حسین تارڑ فرماتے ہیں کہ کچھ مناظر آوارہ گردوں کے لئے بنائے گئے ہوتے ہیں اور صرف ویی انہیں دیکھ سکتے ہیں۔ میں بھی انہی خوش قسمت آوارہ گردوں میں سے ایک ہوں جو اللہ تعالیٰ کی خوبصورتی کو اپنی آنکھوں سے دیکھنے قریہ قریہ گھومتے ہیں۔ حسب روایت اس مرتبہ بھی خزاں کے رنگوں نے اسکردو میں پکارا تو ہم اڑتے چلے گئے۔ یہ سفر 17 اکتوبر 2026 کو صبح 6 بجے میانوالی سے شروع ہونا تھا جس میں ہمارے میانوالی سے دوست جُگاڑُو استاد ملک آصف ارمان، چشمہ سے کرائم پارٹنر عباس خان اور مینگورہ سوات سے برھان خان شامل تھے۔ دوستوں کے اسرار پر میں 16 اکتوبر شام کو ہی اپنی پوری تیاری کے ساتھ میانوالی پہنچ گیا ۔ شام سے لے کر صبح 4 بجے تک فوڈ سٹریٹ کوئٹہ کیفے سمیت رات مختلف ہوٹلوں پر گزاری اور جب ایک ہوٹل والے آ کر کہتے کہ بھائی جان اب آپ گھر چلے جائیں ہم نے ہوٹل بند کر کے سونا ہے تو مجبوراً وہاں سے ہجرت کر کے دوسرے ٹھکانے پر جانا پڑتا ۔ بہرحال صبح چار بجے واپس مکان پر آئے تو آصف نے موٹر سائیکل پر سامان باندھنا شروع کر دیا ۔ مجھے رات کو آصف کے یار غار اور کزن شیر زمان نے خفیہ طور پر بتا دیا تھا کہ موصوف تین دفعہ سامان باندھ کر پھر کھول دیا۔ میں پانچ بجے تنگ آ کر ایک گھنٹے کیلئے سو گیا لیکن جب گھنٹہ بعد جاگا آصف صاحب پھر بھی سامان باندھ رہے تھے ۔ رات کوئٹہ ہوٹل پر گپ شپ کے دوران فیصل خان نے بھی فیصلہ کر لیا کہ میں راولپنڈی تک آپ کے ساتھ سفر کروں گا کیونکہ اس نے راولپنڈی گھر والدین کو ملنے جانا تھا۔ کچھ دیر بعد عباس خان کی کال آ گئی کہ میں راستہ میں ہوں اور آ رہا ہوں سو ہم بھی وتہ خیل چوک پر نکل گئے جہاں ہم نے کوئنہ ہوٹل سے ملکر ناشتہ کرنا تھا۔ عباس کے آنے میں کچھ دیر تھی لہٰذا ہم نے جانی پیٹرولیم سے پیٹرول ڈلوا لیا۔ اسی دوران فیصل خان نے اور عباس خان کے پہنچنے پر ناشتہ کر کے بعد دعا سفر ملک آصف کو لیڈر بنا کر چل پڑے ۔ صبح ہونے کی وجہ سے میانوالی تلہ گنگ روڈ پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا کہ اس صوتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز سفر کیا جائے ۔ میانوالی سے موسیٰ خیل، نمل، دندہ شاہ بلاول اور پھر کوٹ قاضی سے ہوتے ہوئے ہمیں پتہ ہی نہیں چلا کہ انٹرکام پر آپس میں گپیں لگاتے اعوان ہوٹل تلہ گنگ پہنچ گئے جہاں ہم نے زبردست قسم کا ناشتہ کیا اور پھر تلہ گنگ بائی پاس سے ہوتے براستہ ڈھلیاں موڑ راولپنڈی روانہ ہو گئے ۔ راستہ میں تقریباً 10 کلومیٹر ڈائی ورژن کے باوجود ہم چوک باہتر پہنچ گئے جہاں ہم نے فیصل خان کے ساتھ نہ صرف الوداعی چائے پی بلکہ فیصل خان کی روایتی باتوں سے ہنس ہنس کر دوہرے بھی ہوتے رہے جس میں وہ اکثر "نِبو نچوڑ کو" والی بات سناتے ہیں ۔ چند لمحوں کی یہ بیٹھک بھی سفر کی یادوں کا حصہ بن گئی۔ فیصل کو الوداع کرنے کے بعد ہم تینوں نے براستہ ٹیکسلا بائی پاس، حسن ابدال، ہری پور، حویلیاں اور ایبٹ آباد کی جانب سفر جاری رکھا اور سفر کو خوب انجوائے کرتے ہوئے اچھڑیاں اڈہ پر چائے کیلئے اگلا پڑاؤ ڈالا کیونکہ آصف ارمان کی موٹر سائیکل تو شاید بغیر پیٹرول کے چل جائے لیکن آصف پر گھنٹہ بعد چائے اور سگریٹ کے بغیر ایک منٹ آگے نہیں جاتا۔ اچھڑیاں پر ہم نے مزیدار چائے پی اور کچھ دیر سستانے کے بعد دوبارہ سفر شروع کر دیا۔ اچھڑیاں پر ہم نے موٹر وے پولیس کی منت سماجت کی کہ ہمیں موٹروے سے جانے دیں کیونکہ وہاں اکثر مقامی موٹر سائیکل سوار موٹر وے پر نظر آتے ہیں لیکن انھوں نے ہمیں مانسہرہ اور بالا کوٹ کتے راستہ پر لگا دیا۔ یہ راستہ مناظر کی حد بہت تو خوبصورت تھا لیکن سڑک کی حالت اچھی نہیں تھی لہٰذا سفر تھوڑا بور ہوا لیکن ہم بالا کوٹ پہنچ گئے جہاں سے ہم نے جب برگر اور ملک شیک سے پیٹ پوجا کی اور تھا کوٹ کی طرف بڑھ گئے ۔ تھاکوٹ تک بھی سفر بور رہا لیکن ہم جیسے ہی وہاں سے موٹر وے پر چڑھے تو ایک عجیب سا احساس پیدا ہوا جیسے ہم یورپ کے کسی ملک میں سفر کر رہے ہوں ۔ ایک طرف پہاڑ، دوسری طرف دریائے سندھ اور نیچے موٹر وے ۔ راستے میں موٹر وے پر رائیڈ کرتے اتنا مزہ آیا کہ نہ صرف پچھلے سفر کی تھکن دور ہو گئی بلکہ جذباتی ہو کر عباس خان نے ایک مہران کار والے کو "کٹ" مار دی ۔ اب ہم اُس تاریخی شاہراہ پر تھے جو اپنے دامن میں بلند پہاڑوں، دریاؤں اور بے شمار مسافروں کی داستانیں سمیٹے ہوئے ہے۔ 11 گھنٹوں کے مسلسل سفر کے بعد شام تقریباً پانچ بجے ہم بشام پہنچ گئے۔جہاں ہمارے دوست برہان خان مینگورہ سے پہلے ہی پہنچ کر ہمارے انتظار میں تھے، جو سوات سے آئے تھے۔ اسطرح ہم اب ہم چار ساتھی مکمل ہو گئے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ آج پہلی رات ہے اور سفر کی تھکن بھی ہے لہذا کیمپنگ کی بجائے ہوٹل میں کمرہ لے کر رات گزاری جائے ۔ کچھ دیر میں ہی ہم نے ایک ہوٹل میں کمرہ ڈھونڈ لیا اور سامان رکھنے کے بعد سامنے موجود ایک نقلی کوئٹہ ہوٹل میں کھانا کھانے بیٹھ گئے جس کی سروس بھی انتہائی گھٹیا تھی ۔ کھانا کھانے کے بعد ہم دوبارہ کمرے میں آئے اور سفر کی تھکن کی وجہ سے جلدی سونے کا فیصلہ کیا ۔ کچھ ہی دیر بعد کمرے سے خراٹوں کی آوازیں گونجنے لگیں
(جاری ہے)
واپس کریں