دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کمانڈ سٹرکچر ۔اظہر سید
اظہر سید
اظہر سید
پاکستانی خوش قسمت ہیں اتنے اچھے ،پیارے اور محبت کرنے والے جنرل ملے ۔ملک کو ایٹمی طاقت بنا دیا ۔میزائل ٹیکنالوجی میں صف اول کی ریاستوں میں کھڑا کر دیا ۔چین ایسی سپر پاور کا بالکا بن کر دنیا کے جدید ترین لڑاکا جیٹ طیاروں پر ہاتھ صاف کر لئے ۔
ایک نوسر باز کو مسلط کر کے سی پیک کی آڑ میں چینیوں کو ریاست پر قبضہ کرنے سے روک دیا ۔
سوویت یونین کو افغانستان میں روک کر اسے تاریخ کا حصہ بنا دیا ۔
امریکیوں کو افغانستان میں بائیس سال بٹھا کر اسے دیوالیہ کر دیا ۔
جنرلوں کا کمانڈ سٹرکچر اسقدر شاندار ہے کوئی جنرل جتنا مرضی طاقتور ہو ،کوئی جنرل بھلے کسی عالمی طاقت کا ایجنٹ بن جائے ہوتا وہی ہے جو کمانڈ سٹرکچر چاہتا ہے ۔
یہ کمانڈ سٹرکچر جنرل مشرف کو افغانستان میں امریکیوں کی مدد سے نہیں روکتا ۔یہ کمانڈ سٹرکچر جنرل مشرف کو امریکیوں کو فضائی اڈے فراہم کرنے کی اجازت بھی دے دیتا ہے لیکن یہ کمانڈ سٹرکچر حقانی نیٹ ورک،کوئٹہ شوریٰ اور گڈ طالبان کے زریعے افغانستان میں امریکیوں کی چھوٹی انگلی پھاڑ دیتا ہے اور وہ دیوالیہ ہو کر نامراد افغانستان سے بھاگنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
یہ کمانڈ سٹرکچر اس قدر شاندار ہے بے راہ روی پر سابق ایجنسی چیف کو بھی پکڑ لیتا ہے ۔کرپشن معاف کر دیتا ہے ریاست سے غداری معاف نہیں کرتا ۔
کمانڈ سٹرکچر اس قدر شاندار ہے آرمی چیف تمام تر طاقت کے باوجود اپنی مرضی کا آرمی چیف نہیں لگوا سکتا اور عاصم منیر نئے دور کے نئے تقاضوں کے مطابق چیف بن جاتا ہے ۔
کمانڈ سٹرکچر اسقدر تگڑا اور دوراندیش ہے دنیا کی خوفناک جنگی مشین اور سپر پاور امریکہ کے ایران پر حملہ سے فائدہ اٹھانے میں ایک لمحہ کی دیر نہیں لگاتا اور تین دن کے اندر افغانستان کے تمام ہوئی اڈے تباہ کر دیتا ہے کہ توپوں ،ٹینکوں،جنگی طیاروں،میزائلوں اور پروفیشنل فوج سے محروم افغانستان کے ہوائی اڈے کوئی ایران کے خلاف بمباری کیلئے استعمال نہ کر سکے ۔
یہ کمانڈ سٹرکچر اسقدر شاندار ہے اسرائیل کے ایران پر پہلے حملہ اور موجودہ امریکہ اسرائیل مشترکہ حملہ میں ایران کو گرنے نہیں دیتا ۔
نئی ابھرنے والی سپر پاور چین اور ڈوبتی سپر پاور امریکہ دونوں کو بیک وقت ریاستی مفادات کے مطابق استعمال کرنے کی ہنر مندی صرف کمانڈ سٹرکچر کے پاس ہے ۔
یہ کمانڈ سٹرکچر پاکستان کے بہترین مفاد میں جنرل ضیا کے زریعے پوری قوم کو نماز کی ٹوپی پہنا دیتا ہے اور جنرل مشرف کے ہاتھ میں کتا پکڑا کر روشن خیال ریاست کے عالمی تقاضوں کو بھی پورا کرتا ہے ۔
چینیوں سے ریاست کو بچانے کیلئے نوسر باز مسلط کرتا ہے ۔ایٹمی اثاثوں ،میزائل ٹیکنالوجی کو امریکیوں کے ہاتھ سے بچانے کیلئے نوسر باز کو فارغ کروا کر اسکی ناک بند کر کے اسے بھی بند کر دیتا ہے ۔
یہ کمانڈ سٹرکچر دلال صحافیوں کے زریعے ہیرو بناتا ہے اور پھر دلال صحافیوں کی ناک اس طرح بند کرتا ہے وہ ملک چھوڑ کر ہی بھاگ جاتے ہیں ۔
کمانڈ سٹرکچر اسقدر زبردست ہے کبھی نواز شریف اور زرداری کو ملک دشمن اور بدعنوان بناتا ہے اور کبھی انہیں دل کے نہاں خانوں میں چھا لیتا ہے ہائی برڈ نظام کے زریعے انہیں سہاگن ہونے کی خوشی اور سکھ دیتا ہے ۔
کمانڈ سٹرکچر پر بوجھ بننے والا جنرل ایوب ہو،جنرل ضیا ہو،جنرل مشرف ہو یا جنرل باجوہ مناسب وقت پر بوجھ سے نجات حاصل کر لیتا ہے ۔
آج پوری دنیا میں پاکستان کی واہ واہ ہو رہی ہے ۔سعودی دفاعی معاہدہ کر کے پھولے نہیں سما رہے ترکی والے ایٹمی چھتری والے دفاعی معاہدے کیلئے گویا مرے جا رہے ہیں ۔
ایران والے اپنی پارلیمنٹ میں "تشکر پاکستان" کے کورس میں گانے گاتے ہیں تو چینی اپنے ہتھیاروں کی مارکیٹنگ کیلئے واری صدقے جاتے ہیں ۔
امریکی ایران جنگ سے جان چھڑانے کیلئے پاکستان کو خوش کرنے کیلئے ننگا ڈانس کرنے بھی راضی ہیں ۔
کمانڈ سٹرکچر زندہ باد پاکستان پائندہ باد ۔
واپس کریں