دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مذہب، سرمایہ داری اور غریب کی نیند
No image سرمایہ داری نظام میں ایک عجیب کھیل چلتا ہے۔اوپر ایک چھوٹا سا طبقہ ہے،جسے اشرافیہ کہتے ہیں۔ جس کے پاس زمین ہے، فیکٹریاں ہیں، بینک ہیں، کاروبار ہیں، وسائل ہیں اور نیچے کروڑوں غریب لوگ ہیں جن کے پاس صرف اپنے ہاتھ ہیں، اپنی محنت ہے اور اپنا پیٹ ہے۔اوپر والا طبقہ عیاشی کرتا ہے۔ اس کی اولادیں باہر ممالک میں پڑھتہ ہیں، گھر محل جیسے ہیں اور بھاری بینک بیلنس جبکہ نیچے والا غریب سارا دن مزدوری کرتا ہے، پسینہ بہاتا ہے اور رات کو اگلے دن کی فکر کرتے سو جاتا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ یہ غریب بغاوت کیوں نہیں کرتا، یہ پوچھتا کیوں نہیں کہ میرے حصے کا پیسہ کہاں گیا، میری محنت کا پھل کس نے کھایا؟یہاں آتا ہے سب سے بہترین ہتھیار یعنی مذہب۔ وسائل پر قابض طبقے نے صدیوں سے یہ سیکھ لیا ہے کہ مذہب کو اگر صحیح طریقے سے استعمال کیا جائے تو عوام کو سہلایا جا سکتا ہے۔ عوام کو یہ باور کروایا جاتا ہے کہ غربت خدا کی طرف سے ہے، یہ تمہاری قسمت ہے، یہ تمہارا امتحان ہے، صبر کرو شکر کرو، آخرت میں تمہیں محل ملیں گے، جنت ملے گی اور غریب بیچارہ اس بات پر یقین کر لیتا ہے۔ وہ یقین کر لیتا ہے غربت ہی اس کا مقدر ہے، شاید خدا نے اسے غریب ہی پیدا کیا ہے اور شاید امیروں کا امیر ہونا بھی خدا کی مرضی ہے۔
وہ غریب یہ نہیں سوچتا کہ اگر غربت خدا کی جانب سے ہے تو پھر امیر کا امیر ہونا کس کی طرف سے ہے؟ اگر میرا بھوکا رہنا امتحان ہے تو اس کا عیاشی کرنا کیا ہے؟ اگر مجھے صبر کرنا چاہیے تو اسے بھی تو زکوٰۃ دینی چاہیے، اسے بھی تو انصاف کرنا چاہیے۔در حقیقت مذہب کو غریب کو سہلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے ۔ سبھی مذاہب کے راہنما غریب کو کہیں گے صبر کرو لیکن امیر کو کبھی نہیں کہیں گے کہ ظلم چھوڑ دو۔ اپنے اپنے وقت کے سبھی مذاہب کے پیشوا غریب کو کہیں گے قناعت کرو لیکن امیر کو کبھی نہیں کہیں گے کہ لوٹنا بند کرو۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ غریب اپنی غربت کو خدا کی رضا سمجھ کر قبول کر لیتا ہے اور امیر اپنی دولت کو اللہ کی نعمت سمجھ کر مزے کرتا رہتا ہے۔
ایک طرف صبر کے درس ہیں تو دوسری طرف محلات ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ مذاہب نے کبھی یہ نہیں کہا کہ غریب بھوکا مرے اور امیر عیاشی کرے۔ مذاہب نے تو ظلم کے خلاف کھڑا ہونا سکھایا ہے، مذاہب نے تو کہا ہے کہ بھوکے کا حق امیر کے مال میں ہے، مذاہب نے تو کہا ہے کہ بادشاہ بھی اگر ظلم کرے تو اس کے سامنے کلمہ حق کہنا سب سے بڑا جہاد ہے۔
اصل مسئلہ مذہب نہیں ہے، مسئلہ مذہب کا غلط استعمال ہے۔اگر عوام کا کوئی ایک گروہ، کوئی ایک اجتماع، اپنے معاشی حقوق کو جان جائے۔ اگر وہ سمجھ جائے کہ غربت قسمت نہیں، نظام کی پیداوار ہے، اگر وہ سمجھ جائے کہ اس کی محنت کا پھل کوئی اور کھا رہا ہے، اگر وہ پوچھنے لگے کہ زمین کس کی ہے، فیکٹری کس کی ہے، بینک کس کا ہے، منافع کہاں جاتا ہے تو پھر وسائل پر قابض طبقہ دو دن بھی ٹک نہیں سکے گا کیونکہ اس طبقے کی طاقت اسلحے میں نہیں ہے، اس کی طاقت عوام کی جہالت اور غفلت میں ہے۔ جس دن بھوکے ننگے عوام جاگ گئے، اس دن یہ ظالمانہ نظام خود بخود گر جائے گا۔
اسی لیے بھوکے عوام کو جگایا نہیں جاتا، سہلایا جاتا ہے۔ کبھی مذہب کے نام پر، کبھی قومیت کے نام پر، کبھی فرقہ واریت کے نام پر اور کبھی کسی لیڈر کے نام پر۔ مقصد ہے بھوکے ننگے غریب عوام سوئے رہیں، سوال نہ کریں اور سیاسی اور مذہبی اشفرافیہ مزے کرتی رہے ۔
واپس کریں