دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سوا دو کروڑ بے روز گار۔ مجید اصغر
مہمان کالم
مہمان کالم
پاکستان کی افرادی قوت میں نوجوانوں کی تعداد 6کروڑ کے لگ بھگ ہے اس میں سے 2کروڑ 18لاکھ روزگار کے متلاشی ہیں حکومت نے اگلے مالی سال کیلئے روزگار کے 20لاکھ مواقع پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو بظاہر ایک تسلی بخش پیشرفت ہے لیکن ضرورت کے مقابلے میں بہت کم ہے ۔ وزیر مملکت برائے صحت نےمتنبہ کیا ہے کہ 2040تک ملک کی آبادی بڑھ کر 40کروڑ ہوجائے گی ۔ اس کا مطلب ہے کہ آئندہ 14سال میں بے روزگاری کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا اور اگر صنعت، زراعت ٹیکنالوجی تعمیرات اور دوسرے ترقیاتی شعبوں میں ترقی اور ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ نہ دی گئی تو نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد بے روزگاری کا شکار ہوجائے گی اور ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیگا۔ مہنگائی بھی بڑھے گی جس سے غربت جو پہلے ہی کروڑوں لوگوں کیلئے مشکلات کا سبب بن چکی ہے مزید مشکلات لائے گی اس وقت40فیصد سے زائداہلِ وطن غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی بسر کررہےہیں ملازمتیں نہ ملنے اور مزدوری کے مواقع سے محروم کروڑوں لوگ ملک میں بے چینی، بدامنی اور اقتصادی و سیاسی عدم استحکام کا سبب بن جائیں گے۔

اس وقت ادارہ شماریات کے مطابق بیروزگاری کی شرح 8فیصد تک پہنچ چکی ہے جب کہ لیبر فورس کی شرح 46.3فیصد ہے اگر آبادی پر قابونہ پایا گیا صنعتی اور زرعی ترقی اور تعلیمی اداروں میں عملی مہارت پیدا کرنیوالے مضامین سے اغماض برتا گیا فنی تربیت کو فروغ نہ ملا اور ملازمتوں اور روزگار کے مواقع پیدا نہ کئے گئے تو لاکھوں نہیں کروڑوں لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے اور پاکستان جو ترقی کی شرح کے اعتبار سے پہلے ہی عالمی معیار سے بہت پیچھے ہے مزید ابتری کا شکار ہوسکتا ہے۔

دنیا میں صرف قدرتی وسائل پر انحصار کرنے کےبجائے نت نئی دریافتوں اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ترین اختراعات کی جو دوڑ لگی ہوئی ہے پاکستان کو بھی اس سے فائدہ اٹھانا اور رزق کے مواقع بڑھانا ہونگے بے شک حکومت اس حوالت سے کوششیں کررہی ہے مگر عملی طور پر دیکھا گیا ہے کہ اس کے باوجود بے روزگاری پر قابو نہیں پایا جاسکا ۔ یہ ایک اہم معاشی اور سماجی مسئلہ ہے۔ بے روزگاری صرف غیر تعلیمیافتہ طبقے کا مسئلہ نہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان، انجینئر گریجوئٹس اور پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے بھی ملازمتوں کی تلاش میں ہیں کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں۔ روزگار کیلئے صرف سرکاری ملازمتوں پر انحصار نہیں کیا جاسکتا اس کیلئے نجی شعبے کو فعال، صنعتی ترقی کی رفتار میں تیزی اور کاروباری زندگی میں انقلاب بھی ناگزیر ہے ۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کی پالیسی کا اعلان کیا ہے ۔ عالمی یوتھ ڈے کے موقع پر انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ مجوزہ پالیسی میں 36فیصد ملازمتوں کا کوٹہ خواتین کیلئے مختص ہے ۔ بدقسمتی سے روزگار کے جو بھی منصوبے بنائےجاتے ہیں ان میں خواتین کو نظر انداز کردیا جاتا ہے حالانکہ خواتین معاشرے کا ایک ہم جزو ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے کسی گھر کے مردوں کے علاوہ اگر خواتین بھی اپنا حصہ نہ ڈالیں تو کاروبار حیات چلانا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی تصور کی جاتی ہے مگر اس میں سرمایہ کاری کا فقدان ہے سرمایہ صرف صنعتوں کے لئے ضروری سمجھا جاتا ہے اور زراعت کو قدرت کے نظام کے سپرد کردیا جاتا ہے اگرچہ قدرتی نظام مثلاً بارشیں، پانی ڈیمز وغیرہ بھی ضروری ہیں مگر انسان نے اپنے دماغ کو کام میں لاتے ہوئے کئی دوسرے طریقے بھی ایجاد کئے ہیں جو پیداوار میں اضافے کا باعث ہیں ۔ اس طرح کی کاوشوں میں سرمایہ کاری بہت ضروری ہے اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ بیرون ملک روزگار بھی ملکی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے دوسرے ملکوں میں کام کرنے والے پاکستانی ہر سال اربوں ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں ۔ قومی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت جو اگست 2026میں نافذ کی گئی نوجوانوں کیلئے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے کی غرض سے مارکیٹ کے تقاضوں کو نظر انداز رکھا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرونی ملکوں میں بھی نوجوانوں کو روزگار مل سکتا ہے ۔ ضرورت ہے کہ جو پالیسی بنائی جائے اس پر عملدرآمد بھی کرایا جائے عموماً عوام کی اشک شوئی کیلئے پالیسیاں تو بنا دی جاتی ہیں مگر ان پر عمل درآمد کے معاملے میں متعلقہ محکمے خواب خرگوش کا شکار ہوجاتے ہیں ۔

ضرورت اس وقت اس امر کی ہے کہ روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے صنعت و زراعت کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا ماحول پیدا کیا جائے ،ٹیکسوں اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کی جائے فنی تعلیم پر زیادہ توجہ دی جائے نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں آئی ٹی اور فری لانسنگ کو فروغ دیا جائے ملازمتوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں تعمیر و ترقی کیلئے سرمایہ کاری کی جائے ۔ برآمدات میں اضافہ کیا جائے اس سلسلے میں کھیلوں کے سامان، سرجیکل آلات، چمڑے کی مصنوعات، آئی ٹی خدمات اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبے بھی توجہ کے طالب ہیں ۔ لیبر فورس کیلئے مراعات کا انتظام کیا جائے اور خواتین کیلئے بھی ان شعبوں میں مناسب کردار کا بندوبست کیا جائے۔
واپس کریں