محمد بلال غوری
ہمارے ہاں اکثر یہ سوال ہوتا ہے کہ امریکہ میں پاکستان کے پہلے فوجی حکمران ایوب خان کا فقیدالمثال استقبال کیوں ہوا؟ دراصل ایوب خان کے برسراقتدار آنے کے بعدپاکستان امریکی کالونی بن گیا،5مارچ1959ء کودوطرفہ تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے جسکے تحت امریکہ نے کسی بھی بیرونی حملے کی صورت میں پاکستان کا دفاع کرنے کی ذمہ داری اُٹھائی،مگر بعد ازاں امریکی انتظامیہ نے بھارت کو یقین دلایا کہ اس دفاعی معاہدے کا اطلاق بھارت پر نہیں ہوگا یعنی اگر پاک بھارت جنگ ہوئی تو امریکہ پاکستان کا دفاع نہیں کرئیگا۔امریکہ پاکستان کو فوجی امداد دے رہا تھا اور اس کا تاوان یوں اداکیا گیا کہ سی آئی اے کو پشاور کے نزدیک ’’بڈھ بیر‘‘بیس پر جدید ترین مواصلاتی مرکز قائم کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔17جولائی1959ء کوبڈھ بیر ایئر بیس دس سال کی لیز پر امریکیوں کے حوالے کردیا گیا۔
روائیداد خان جو ان دنوں پشاور کے ڈپٹی کمشنر تھے،لکھتے ہیں ’’ پاکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ ذوالفقار علی بھٹو پشاور آئے تو کہا کہ انہوں نے بڈھ بیر ایئربیس کا دورہ کرنا ہے۔میں نے امریکن بیس کمانڈر سے رابطہ کرکے وزیر خارجہ کا استقبال کرنے اور انہیں دورہ کرانے کے انتظامات کرنے کی درخواست کی۔بیس کمانڈر نے کہا کہ بھٹو کو بڈھ بیربیس کے کیفے ٹیریا میں خوش آمدید کہا جائیگا،کافی اور سینڈوچ پیش کیے جائیں گے مگر انہیں آپریشنل ایریا اور حساس مقامات کا دورہ نہیں کروایا جا سکتا ۔میری خواہش کا احترام کرتے ہوئے انہوں نے یہ معاملہ واشنگٹن ریفر کرنے کا وعدہ کیا۔آدھے گھنٹے بعد بیس کمانڈر نے مجھے دوبارہ کال کی اور بتایا کہ وزیر خارجہ کیفے ٹیریا سے آگے نہیں جا سکتے۔بھٹو بہت اپ سیٹ ہوئے اور پوچھا ،کیا امریکیوں کو معلوم ہے کہ میں وزیر خارجہ ہوں؟میں نے کہا ،جی وہ جانتے ہیں‘‘
بڈھ بیر ایئر بیس سے اُڑنے والے امریکی جاسوس طیارےU2سویت یونین کی دفاعی تنصیبات کا جائزہ لینے اور تصویریں بنانے کا کام کیا کرتے تھے۔5مئی1960ء کو سویت یونین نے ایک امریکی جاسوس طیارہ مارگرایا اور اسکے پائلٹGary Powers کو گرفتار کرلیا ،یوں یہ راز فاش ہوگیا کہ سی آئی اے کے جاسوسی مشن کا ہیڈ کوارٹر پاکستان میں ہے،نکیتا خورشیف نے نقشے پر پشاور کے گرد سرخ دائرہ لگا دیا اور دھمکی آمیز پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آگ سے کھیل رہا ہے۔ماسکو میں پاکستانی سفیر کو کہا گیا کہ اگر اس طرح کی سرگرمیاں جاری رہیں تو پاکستان کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔حکومت پاکستان نے امریکہ کے ساتھ طے شدہ مفاہمت کے تحت ان سرگرمیوں سے لاعلمی کا اظہار کیا اور امریکہ سے رسمی طور احتجاج کرنے کی شعبدہ بازی کی گئی۔
عالمی دبائو بڑھ جانے پرحکومت پاکستان نے امریکہ سےبڈھ بیر بیس واپس لینے پر غور کرنا شروع کیا تو امریکی صدرلنڈن بی جانسن نے جنرل ایوب خان کو خط لکھ کر نہ صرف یہ بات جتلائی کہ امریکہ نے پاکستان کو ساڑھے تین ارب ڈالر امداد دی ہے بلکہ پشاور کمیونیکیشن سینٹر یعنی بڈھ بیر بیس واپس لینے کی صور ت میں امریکی ردعمل سے آگاہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اس سے ہمارے دوطرفہ مفادات کو شدید دھچکا لگے گا۔لنڈن بی جانسن نے لکھا کہ اگر یہ فیصلہ ناگزیر ہے تو بھی باہمی اتفاق رائے سے کوئی ایسا بندوبست کیا جائے جس سے کچھ وقت مل جائے اور معقول انداز میں واپسی ممکن ہو سکے تو اس سے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔
امریکی صدر کے اس دھمکی آمیز خط کی روشنی میںبڈھ بیر بیس فوری طور پر خالی تو نہ کروایا جا سکا ،البتہ 17جولائی 1969ء میں جب لیز کی دس سالہ مدت ختم ہوئی تو حکومت پاکستان نے اس معاہدے کی تجدید کرنے سے معذرت کرلی یوں بیشتر امریکی ماہرین واپس چلے گئے اور محدود عملہ رہ گیا۔امریکی ساز و سامان اور اہلکاروں کی واپسی کیلئے7 جنوری1970ء کی تاریخ مقرر کی گئی مگر 28فروری 1970ء کو یہاں سے امریکیوں کا انخلا مکمل ہوا۔مگر ہم ایک بار پھر 60کی دہائی میں واپس چلتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایوب خان کا امریکہ میں تاریخی استقبال کیوں کیا گیا؟
ایوب خان بطور کمانڈرانچیف اور وزیر دفاع تو امریکہ یاترا کرچکے تھے مگر صدارت کے منصب پر قابض ہونے کے بعد11جولائی 1961ء کو 8روزہ سرکاری دورے پرامریکہ پہنچے اوراپنی بیٹی نسیم اورنگ زیب کے ہمراہ ریاست میری لینڈ کے اینڈریو ایئر فورس بیس لینڈ کرنے کے بعد ہوائی جہاز سے باہر آئے توامریکی صدر جان ایف کینیڈی نے ایئر پورٹ پر بذات خود ان کا استقبال کیا۔ایوب خان ریڈ کارپٹ پر چلتے ہوئے سلامی کے چبوترے پر پہنچے اور شاندار استقبال پر شکریہ اداکیا۔ دونوں صدور ایک کنورٹیبل اوپن لیموزین کار میں واشنگٹن جانے کیلئے روانہ ہوئے تو سڑک کے دونوں طرف عوام کا ہجوم تھا ۔
ایوب خان کو اسٹیٹ گیسٹ کے طور پر تین دن کیلئے بلیئر ہائوس میں ٹھہرایا گیا،صدر کینیڈی اور ان کی اہلیہ نے امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کی دریا کنارے قائم خوبصورت رہائشگاہ پر معزز مہمانوں کے اعزاز میں اسٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا ۔ ایوب خان کے امریکی کانگرس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کا اہتمام بھی کیا گیا ۔یہاں ایوب خان نے وہی کہا جو امریکی سننا چاہتے تھے ،انہوں نے کہا ہم پاکستان میں کوئی ایسا معاشرہ پیدا کرنا نہیں چاہتے جس میں ملائوں کا زور ہوبلکہ ایک آزاد خیال اور ترقی پسند معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جس میں رنگ اور نسل کے امتیازکیلئے کوئی جگہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کو کوئی مشکل پیش آئی تو ایشیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں آپ قدم رکھ سکیں ۔ہم وہ واحد قوم ہیں جو آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔تقریر ختم ہوئی تو امریکی ارکان کانگرس پرجوش انداز میں تالیاں پیٹتے رہ گئے ۔قصہ مختصر،امریکہ نے ایوب خان کی راہ میں اس لیے پلکیں بچھائیں کہ تب اس خطے میں کیمونزم کے بڑھتے ہوئے قدم روکنے کیلئےایک مہرہ درکار تھا۔
واپس کریں