سونے کی کانوں کے 4 ارب 93 کروڑ کے ٹھیکوں میں مبینہ بندربانٹ

(پشاور) خصوصی رپورٹ ۔ خالد خان سے
پی ٹی آئی کے گزشتہ دورِ حکومت میں سونے کی کانوں کے 4 ارب 93 کروڑ کے ٹھیکوں میں مبینہ بندربانٹ، نیب کے سنگین اعتراضات، کوہاٹ میں مائننگ مافیا کا خونی وار،ایک ہی دن صوبے میں ڈی ایس پی سمیت 21 پولیس اہلکار شہید، 12 زخمی
مخصوص کمپنیوں کو نوازنے، معدنی ذخائر کی مالیت کا درست تخمینہ لگائے بغیر ٹھیکوں کی الاٹمنٹ، قواعد و ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں اور غیرقانونی کان کنی کے خلاف آپریشن کرنے والی پولیس ٹیم پر مسلح خونی حملہ
خیبرپختونخوا میں قومی معدنی وسائل کی تقسیم میں گزشتہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں مبینہ بے ضابطگیوں، اربوں روپے کے سونے کے ٹھیکوں پر نیب کے اعتراضات اور غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران ایک خطرناک صورت حال سامنے آگئی۔ کوہاٹ کے علاقے گمبٹ میں سونے کی غیرقانونی کان کنی کے خلاف آپریشن سے واپس آنے والی پولیس ٹیم پر مسلح حملے میں ڈی ایس پی حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار سمیت دس پولیس اہلکار شہید جبکہ بارہ زخمی ہوگئے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ حملے کے بعد پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب ضلعی انتظامیہ کوہاٹ اور متعلقہ ادارے گزشتہ کئی روز سے دریائے سندھ کے کنارے سونے کی غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کر رہے تھے۔ 9 نومبر کو ضلعی انتظامیہ نے بڑے آپریشن کے دوران 21 افراد کو گرفتار کرنے اور تقریباً 94 کلومیٹر علاقے کو غیرقانونی کان کنی سے پاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ کارروائی میں مائننگ کے لیے استعمال ہونے والی مشینری اور رسد کے ذرائع کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ 10 نومبر کو کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے غیرقانونی کان کنی میں ملوث سرکاری اہلکاروں اور نجی افراد کی نشاندہی کے لیے چوبیس گھنٹے فعال شکایتی سیل قائم کیا اور متعلقہ اداروں کو مشترکہ کارروائی کی ہدایت کی۔
دریائے سندھ اور کابل کے کناروں پر سونے کی کان کنی کا معاملہ محض غیرقانونی کاروبار نہیں بلکہ گزشتہ حکومت کے دور میں معدنی وسائل کے ٹھیکوں کی تقسیم پر اٹھنے والے سنگین سوالات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ سرکاری ریکارڈ اور نیب کے اعتراضات کے مطابق اکتوبر 2024 میں سونے کی تلاش اور نکاسی کے لیے چار پلیسر گولڈ بلاکس تقریباً 4 ارب 93 کروڑ روپے میں نیلام کیے گئے۔ ان میں بلاک اے تقریباً ایک ارب 25 کروڑ روپے، بلاک بی ایک ارب 26 کروڑ 10 لاکھ روپے، بلاک سی ایک ارب 30 کروڑ 50 لاکھ روپے اور بلاک ڈی ایک ارب 11 کروڑ 11 لاکھ روپے میں الاٹ کیا گیا۔
ان ٹھیکوں کی نیلامی کے طریقہ کار، بنیادی قیمت کے تعین اور مخصوص کمپنیوں کو مبینہ فائدہ پہنچانے کے معاملات پر قومی احتساب بیورو نے سنگین اعتراضات اٹھائے۔ نیب کے مطابق سونے کے ذخائر کی حقیقی مقدار اور مالیت کا درست تعین کیے بغیر بنیادی قیمت مقرر کی گئی، جبکہ 2015 کی جیولوجیکل سٹڈی کو بھی نظرانداز کیا گیا۔ معدنیات کی نیلامی کے قواعد 2022 کی مبینہ خلاف ورزیوں، جیولوجیکل میپنگ کا عمل روکنے، مقررہ مدت میں معاہدے مکمل نہ کرنے اور قانونی تقاضے پورے کیے بغیر الاٹمنٹ لیٹر جاری کرنے کے معاملات بھی تحقیقات کا حصہ بنے۔
نیب نے اس امر پر بھی سوالات اٹھائے کہ نومبر 2024 میں پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناعی کے باوجود کان کنی کی سرگرمیاں کیسے جاری رہیں۔ ماحولیاتی منظوری، مائننگ پلان، معدنی پیداوار اور سونے کی فروخت کا مکمل ریکارڈ فراہم نہ کرنے سمیت متعدد بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق ایک ہزار پانچ سو سے زائد ایکسکیویٹرز کے ذریعے غیرمجاز کان کنی اور لیز ہولڈرز کی جانب سے مشینری آپریٹرز سے ہفتہ وار بھاری رقوم وصول کرنے کے معاملات بھی سامنے آئے۔
معاملے کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگست 2025 میں خود اس وقت کی صوبائی حکومت نے سونے کے معدنی بلاکس کی نیلامی میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی تھی۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں نیب کے اعتراضات کا جائزہ لینے اور پورے نیلامی عمل، معدنی ذخائر کے تخمینے، ٹھیکوں کی تقسیم اور متعلقہ سرکاری افسران کے کردار کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم ان تحقیقات کے نتائج اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے شفاف تفصیلات سامنے آنا ضروری ہیں۔
دوسری جانب کوہاٹ کے علاقے خوشحال گڑھ، گمبٹ، رحمان آباد اور شکردرہ میں دریائی ریت اور بجری سے سونا نکالنے کا کاروبار گزشتہ چند برسوں میں غیرمعمولی طور پر پھیل چکا ہے۔ سونے کی بڑھتی ہوئی قیمت اور اس کاروبار میں بھاری منافع نے مقامی ٹھیکیداروں کے علاوہ دوسرے علاقوں سے آنے والے سرمایہ کاروں اور بااثر عناصر کو بھی اس طرف متوجہ کیا۔ قانونی ٹھیکوں کے ساتھ غیرقانونی نکاسی، لیز کی مبینہ غیرمجاز ذیلی تقسیم، مشینری کے ذریعے وسیع پیمانے پر کھدائی اور مالی مفادات کے تحفظ کے لیے گروہی تصادم کے واقعات نے صورت حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔
مارچ 2024 میں بھی کوہاٹ پولیس نے پلیسر گولڈ کی غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 80 افراد کو گرفتار اور 19 ایکسکیویٹرز قبضے میں لیے تھے۔ اس وقت بھی محکمہ معدنیات کے اہلکاروں نے غیرقانونی کان کنی میں ملوث منظم مافیا اور روزانہ کروڑوں روپے مالیت کا سونا نکالے جانے کے دعوے کیے تھے۔ اس کے باوجود یہ کاروبار مکمل طور پر ختم نہ ہو سکا۔
ستمبر 2026 میں کوہاٹ کے علاقے درابو کچ میں غیرقانونی گولڈ مائننگ کے تنازع پر بااثر سیاسی خاندانوں سے منسلک گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ اس واقعے نے ظاہر کیا کہ سونے کی کان کنی کے گرد مالی مفادات اور علاقے پر کنٹرول کی کشمکش کس حد تک شدت اختیار کر چکی ہے۔ اب حالیہ کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملہ اس پورے معاملے کو انتہائی سنگین سیکیورٹی چیلنج میں تبدیل کر چکا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے حالیہ کارروائیوں میں صرف کان کنی کے مقامات بند کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ غیرقانونی سرگرمیوں کے لیے مشینری، ڈیزل اور دیگر ایندھن کی فراہمی روکنے کے اقدامات بھی کیے ہیں۔ دریائے سندھ کے متاثرہ علاقوں میں بھاری مشینری کی موجودگی اور کھلے کنٹینروں میں پٹرولیم مصنوعات کی خریدوفروخت اور فراہمی پر 60 روزہ پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد غیرقانونی کان کنی کے پورے رسدی نظام کو ختم کرنا ہے۔
اس صورت حال میں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ قومی معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی اربوں روپے کی آمدنی کہاں جا رہی ہے، غیرقانونی کان کنی کے اصل سرمایہ کار کون ہیں اور ان سرگرمیوں کو سیاسی، انتظامی یا جرائم پیشہ سطح پر کون تحفظ فراہم کر رہا ہے؟ پولیس پر حملے کے محرکات اور حملہ آوروں کے ممکنہ سہولت کاروں کی شناخت بھی تحقیقات کا اہم حصہ ہونی چاہیے۔ غیرقانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی آمدنی دہشت گرد عناصر تک پہنچنے کے الزامات کی بھی مالیاتی شواہد کے ذریعے چھان بین ضروری ہے۔
گزشتہ حکومت کے دور میں معدنی ٹھیکوں کی تقسیم پر اٹھنے والے سوالات سے لے کر موجودہ غیرقانونی کان کنی اور پولیس اہلکاروں کی شہادت تک پورے معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہیں۔ یہ معلوم کرنا ہوگا کہ معدنی وسائل کی نیلامی میں کس نے قواعد کی خلاف ورزی کی، کن افراد کو سیاسی اثرورسوخ کے ذریعے فائدہ پہنچایا گیا، غیرقانونی کان کنی کے نیٹ ورک کو کس کی سرپرستی حاصل رہی اور متعلقہ سرکاری ادارے بروقت کارروائی کرنے میں کیوں ناکام رہے۔
ڈی ایس پی حیدر زمان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت محض ایک پولیس آپریشن کا نقصان نہیں بلکہ ریاستی رٹ اور قومی وسائل کے تحفظ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حملہ آوروں کے ساتھ ساتھ اس غیرقانونی کاروبار کے اصل مالیاتی کرداروں، سیاسی سرپرستوں، انتظامی سہولت کاروں اور ان تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار کے لیے ریاستی نظام کو کمزور کیا۔ صرف چند گرفتاریاں اور مشینری کی ضبطی کافی نہیں، جب تک کانوں سے لے کر اقتدار کے ایوانوں تک اس پورے نیٹ ورک کا احتساب نہیں ہوتا، قومی وسائل کی لوٹ مار اور ریاستی اداروں کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔
واپس کریں