دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
انتخاب وہاں، انقلاب یہاں
محمد ریاض ایڈووکیٹ
محمد ریاض ایڈووکیٹ
ہم پاکستانی نہ صرف خوش مزاج ہیں بلکہ بلا کی خوش فہمی کا بھی شکار رہتے ہیں۔ اپنی مرضی کی خواہشات اور توقعات قائم کرنے میں ہمیں ذرا سی جھجک محسوس نہیں ہوتی۔ ٹرمپ جیتے گا تو یہ ہوجائے گا، ہارے گا تو وہ ہوجائے گا۔ نیتن یاہو کامیاب ہوگا تو کچھ اور ہوگا اور شکست کھائے گا تو کوئی نیا انقلاب برپا ہوجائے گا۔ خوش ہوں تو محمد بن سلمان کی گاڑی چلانے کے لیے عالمِ اسلام کے عظیم لیڈر کو بطور ڈرائیور پیش ہوتے دیکھ کر بھی فخر محسوس کرتے ہیں اور خوش نہ ہوں تو اسی ایم بی ایس کو گالیوں سے نوازنے لگتے ہیں۔ خوش ہوں تو عجیب و غریب حرکات کے مرتکب شخص کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کردیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ'' امریکہ ساڈا یار اے ''۔ دوسری صورت میں امریکہ کا جو یار ہے وہ غدار ہے، غدار ہے۔
آج سے ٹھیک دو سال پہلے ٹرمپ ابھی وائٹ ہاؤس پہنچا بھی نہیں تھا کہ ہمارے ہاں سوشل میڈیا پر انقلاب برپا کرنے والی قومِ انقلاب نے طوفان کھڑا کردیا۔ دعوے کئے گئے کہ ٹرمپ آئے گا تو اڈیالہ جیل کا سنتری ہاتھ میں چابیاں تھامے اور منہ سے ”نک دا کوکا اور جب آئے گا عمران۔بنے گا نیا پاکستان“ گاتا ہوا عالمِ اسلام کے عظیم لیڈر کو کال کوٹھڑی سے نکال کر سیدھا صدر زرداری کے پاس لے جائے گا، جہاں عمران خان دوبارہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔ یہی نہیں، واپسی پر یہی سنتری زرداری کو لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعوے دار شہباز شریف کو بھی عمران خان کی کال کوٹھڑی میں براجمان کردے گا۔
آج یہی انقلابی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی شکست پر لڈیاں ڈال رہے ہیں اور خوش خبریاں بانٹ رہے ہیں کہ اب عالمِ اسلام کے عظیم لیڈر کی اڈیالہ جیل سے رہائی چند دنوں کی بات ہے۔ مگر قومِ انقلاب کو یاد رکھنا چاہیے کہ ٹرمپ سے وسط مدتی انتخابات چھیننے والی جماعت ڈیموکریٹس کے صدر جو بائیڈن بلکہ ٹرمپ نے دو سال سے اڈیالہ کے مقیم شخص کا ذکر کرنا بھی گوارا نہیں سمجھا۔ ادھر اسرائیل میں نیتن یاہو کی شکست کے بعد الباکستانیوں نے بھی آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے، جیسے اس کے بعد آنے والا ممکنہ وزیراعظم گاڈی آئزن کوٹ کوئی نیک روح، درس نظامی کا فارغ التحصیل ہے اور فلسطینیوں کا حقیقی خیرخواہ ہوگا۔ حالانکہ آئزن کوٹ کا عسکری اور سیاسی ماضی اس خوش فہمی کی تائید نہیں کرتا۔ وہ 2015ء سے 2019ء تک اسرائیلی دفاعی افواج کا چیف آف اسٹاف اور 2023ء سے 2024ء تک اسرائیل کی مخلوط حکومت میں وزیر رہ چکا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم ایہود باراک کا فوجی سیکرٹری بھی رہا۔ وہ فلسطینیوں کے ساتھ دو ریاستی حل کا مخالف اور یہودیوں کو وادی اردن اور آبادکاری بلاکس کا حامی ہے، جبکہ غزہ میں طویل مدتی جنگ بندی اور مسلم عسکریت پسندوں کو غیر مسلح کرنے کی حمایت کرتا ہے۔۔ اسکا عسکری دور فلسطینیوں کے خلاف خونریز کارروائیوں سے بھی عبارت رہا ہے۔ نیتن یاہو وہ شخص ہے جس نے بطور حکمران فلسطینیوں کے قتل عام کے لیے اپنی مسلح افواج کو احکامات جاری کیے، جبکہ ممکنہ نیا وزیراعظم گاڈی آئزن کوٹ ایک ایسا عسکری کردار رکھتا ہے جس کے ہاتھ براہ راست فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ ایسے میں سمجھ سے بالاتر ہے کہ ہم الباکستانی نیتن یاہو کی شکست پر خوشی کیوں منا رہے ہیں۔ گویا ایک قصائی کے جانے کے بعد دوسرے تجربہ کار قصائی کی آمد پر بغلیں بجائی جارہی ہیں۔ صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے کہ نیا وزیراعظم نیتن یاہو سے کم درجے کی بربریت کا مرتکب ہو، اگرچہ بظاہر ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔
اصل بات جسے سمجھنے کی ضرورت ہے، وہ یہ ہے کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو کو شکست انہی ممالک کے مضبوط جمہوری نظام نے دی ہے، نہ کہ الباکستانیوں یا کھوکھلے نعرے لگانے والی مسلم امہ نے۔ امریکہ، یورپ اور اسرائیل میں انتخابی عمل، سیاسی جماعتوں کا مقابلہ اور عوامی رائے حکمرانوں کی تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ اس کے برعکس پچاس سے زائد مسلم ممالک میں کتنے ایسے ہیں جہاں مضبوط جمہوری نظام موجود ہے؟ کہیں بادشاہتیں قائم ہیں، کہیں ہائبرڈ نظام رائج ہیں، کہیں مارشل لاء مسلط ہیں تو کہیں انتہائی کمزور ترین جمہوری حکومتیں۔ ستم ظریفی دیکھئے کہ ہم امریکہ، یورپ اور اسرائیل میں مسلم افراد کو جمہوری انتخابی عمل سے گزر کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے دیکھتے ہیں تو اسے اپنی فتح قرار دیتے ہیں، لیکن اپنے ہاں مخصوص نشستوں کے علاوہ کسی غیر مسلم کو صوبائی اسمبلی یا پارلیمنٹ میں پہنچتے دیکھنے کا تصور بھی آسانی سے قبول نہیں کرسکتے۔ دوسروں کے جمہوری نظام میں اپنی کامیابی تلاش کرنے کی بجائے ہمیں اپنے نظام کی خامیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ نیویارک اور لندن میں مسلم میئر منتخب ہونے پر لڈیاں ڈالنے والوں کی اپنی حالت یہ ہے کہ پنجاب میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات سال 2015 میں منعقد ہوئے تھے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم دنیا، بالخصوص ہم الباکستانی، خوابِ خرگوش سے بیدار ہوں۔ وقتی خوش فہمیوں سے نکل کر ایک مضبوط، حقیقی اور مستحکم جمہوری نظام کے قیام کے لیے توانائیاں صرف کریں، کیونکہ مسلم دینا کی تقدیر کسی ٹرمپ یا نیتن یاہو کے آنے جانے سے نہیں بلکہ اپنی عوام، اداروں اور جمہوری نظام کی مضبوطی سے بدل سکتی ہے۔
واپس کریں