
(استاد محترم جناب سردار امتیاز خان صاحب کی راہنمائی میں ناچیز کی عاجزانہ تحریر)
احتشام الحق شامی : آج ملک پاکستان کے اہم اور معروف سیاست دان و مذہبی رہنما جن کی عمریں 70 سے 80 سال کے درمیان ہیں، اگلے آٹھ سال میں 80 سے 90 سال کی عمر میں داخل ہو جائیں گے اور ان کی زندگی کے آخری حصے میں مسلسل سیاسی جدوجہد، عوامی رابطہ اور عملی قیادت یقینا مشکل ہو سکتی ہے۔
امر واقع ہے کہ یہی وہ پرانی سیاسی اور مذہبی قیادت ہے جس نے مختلف ادوار میں فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اقتدار میں اپنا کردار ادا کیا، عوام کو سیاسی طور پر قابو رکھنے میں حصہ لیا اور مقام افسوس ہے کہ ایسے معاشی و سیاسی نظام کو جاری رکھنے میں مدد دی جس میں دولت اور طاقت چند طبقات کے ہاتھوں میں مرتکز رہی لیکن وقت اور بڑھتے شعور کے ساتھ اب عوام میں روایتی سیاسی و مذہبی قیادت کا تقدس اور اعتماد کمزور ہوا ہے۔ نئی نسل سوشل میڈیا کے ذریعے چبھتے ہوئے سوالات اٹھا رہی ہے اور پرانے سیاسی بیانیوں کو چیلنج کر رہی ہے۔
2034 تک یہ پاکستانی سیاسی اور مذہبی قیادت عمر رسیدہ یا غیر فعال ہو جائے گی، پاکستان کی نئی نسل یا جین زی اپنی سیاسی شناخت بنا رہی ہوگی ایسے میں پرانے طرزِ حکمرانی کے لیے عوام بلخصوص جین زی نوجوانوں کو قابو میں رکھنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔ اگر عوامی بے چینی، معاشی ناانصافی اور سیاسی تصادم بڑھتے رہے تو ایک بڑا اقتداری بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ اس بحران میں فوجی بالادستی اور سرمایہ دارانہ مفادات پر قائم موجودہ نظام کو شدید چیلنج درپیش ہوگا اس لیئے آنے والے آٹھ سال پاکستان میں پرانی قیادت اور موجودہ نظامِ اقتدار کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہو سکتے ہیں۔
2034 زیادہ دور نہیں، صرف آٹھ سال کی دوری پر ہے لیکن یہ آٹھ سال پاکستان کی تاریخ کے سب سے فیصلہ کن سال ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ اس وقت تک وہ پرانی سیاسی اور مذہبی قیادت جو پچھلے چالیس پچاس سال سے اس ملک کی سیاست پر چھائی ہوئی ہے، یا تو عمر رسیدہ ہو جائے گی، یا غیر فعال، یا تاریخ کا حصہ بن چکی ہوگی۔یہ وہی سیاسی اور مذہبی قیادت ہے جس نے مختلف ادوار میں فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر کبھی آمریت کی گود میں بیٹھ کر، کبھی جمہوریت اور کبھی مذہب کے نام پر، عوام کو سیاسی طور پر قابو میں رکھا اور ایک ایسے معاشی و سیاسی نظام کو چلتا رکھا جس میں دولت اور طاقت چند خاندانوں اور چند اداروں کے ہاتھوں میں مرکوز رہی۔غریب غریب تر ہوتا گیا، امیر امیر تر ہوتا گیا، اور بیچ میں ایک عام شہری صرف سیاسی اور مذہبی نعرے سنتا رہالیکن اب کچھ بدل رہا ہے۔
ملک پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام میں روایتی سیاسی و مذہبی قیادت کا وہ تقدس باقی نہیں رہا جو کبھی ہوا کرتا تھا۔ جس سیاسی اور مذہبی لیڈر کا نام لینا کبھی گناہ سمجھا جاتا تھا، آج اسی لیڈر سے سوشل میڈیا پر کھل کر سوال ہو رہا ہے۔ جس مذہبی شخصیت کے بیان پر کبھی کوئی اعتراض نہیں کرتا تھا، آج نوجوان اس سے پوچھ رہا ہے کہ آپ نے فلاں دور میں فلاں ڈکٹیٹر کا ساتھ کیوں دیا تھا؟ آپ کی دولت کہاں سے آئی؟ آپ کے بچے باہر کیوں پڑھتے ہیں اور ہمارے بچے کیوں نہیں؟نئی نسل اپنی سیاسی شناخت بنا رہی ہے۔ یہ جین زی نسل ٹی وی کے ٹاک شوز سے نہیں، موبائل سے سیکھ رہی ہے۔ یہ جلسے میں نعرہ لگانے والی نسل نہیں، کمنٹ میں سوال کرنے والی نسل ہے۔ یہ کسی پیر، وڈیرے، سردار یا کسی مولانا کے کہنے پر پنا ووٹ نہیں دے گی۔ یہ نوجوان نسل برملا پوچھے گی، تم نے میرے لیے کیا کیا؟اور یہی سب سے بڑا خوف ہے پرانے نظام کے لیے۔
پرانے سیاسی اور مذہبی طرز حکمرانی کا سارا دارومدار اس بات پر تھا کہ عوام کو قابو میں رکھا جائے۔ کبھی مذہب کے نام پر ڈرا کر، کبھی قومیت کے نام پر لڑا کر، کبھی ترقی کے جھوٹے وعدوں پر بہلا کر۔ لیکن 2034 تک یہ حربے مزید کام نہیں کریں گے کیونکہ عوام کے ہاتھ میں اب لامحدود معلومات ہیں۔ ایک عام نوجوان کو بھی پتہ ہے کہ ملک کا قرضہ کتنا ہے، کس نے کتنا سرکاری پیسہ ہڑپ کیا، کس کا بیٹا کہاں کاروبار کر رہا ہے اور لیڈر کس نے کس کے ساتھ کیا ڈیل کی؟۔
اگر عوامی بے چینی، معاشی ناانصافی اور سیاسی تصادم اسی طرح بڑھتے رہے تو ایک بڑا اقتداری بحران پیدا ہو سکتا ہے اور یہ بحران صرف کسی ایک سیاسی، مذہبی پارٹی یا کسی ایک لیڈر کا نہیں ہوگا بلکہ پورے نظام کا ہوگا۔ فوجی بالادستی اور سرمایہ دارانہ مفادات پر قائم موجودہ نظام کو شدید چیلنج درپیش ہوگا۔
سوال یہ نہیں ہے کہ 2034 میں کون وزیراعظم ہوگا، کون صدر ہوگا یا کون اپوزیشن لیڈر ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ کیا پرانا سیاسی نظام اپنا وجود برقرار رکھ سکے گا؟ناچیز خاکسار کا خیال ہے، نہیں، پرانا نظام اس شکل میں نہیں چل سکے گا۔ وہ ٹوٹے گا، یا تو بتدریج اصلاح کے ذریعے، یا پھر کسی بڑے دھماکے کے ذریعے۔ کیونکہ کوئی بھی نظام اتنے عرصے تک عوام کے خلاف نہیں چل سکتا۔آنے والے آٹھ سال میں تین چیزیں طے کریں گی کہ پاکستان کدھر جائے گا؟ معیشت۔ اگر عام آدمی کو روٹی، روزگار، تعلیم اور صحت نہ ملی، تو وہ کسی بیانیے کو نہیں مانے گا، چاہے وہ مذہبی ہو یا قومی، بھوکا آدمی کسی کا نہیں سنتا۔
انصاف۔ اگر تھانہ کچہری کا نظام ویسا ہی رہا، اگر طاقتور آزاد اور کمزور قید رہا، تو عوام کا ریاست سے اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
نئی قیادت۔ اگر نئی نسل میں سے ایماندار، پڑھی لکھی، باکردار قیادت سامنے نہ آئی، تو پرانے نظام کے ٹوٹنے کے بعد خلا پیدا ہوگا اور خلا ہمیشہ بغاوت اور انتشار کو جنم دیتا ہے۔
2034 پاکستان کے لیے ایک امتحان ثابت ہو گا۔ پرانی قیادت کے لیے بھی، اور نئی نسل کے لیے بھی۔ پرانی قیادت کو یہ طے کرنا ہو گا کہ وہ عزت سے تاریخ کا حصہ بننا چاہتی ہے یا ذلت سے تاریخ سے نکالی جانا چاہتی ہے اور نئی نسل کو یہ طے کرنا ہے کہ اس نے صرف تنقید کرنی ہے یا ذمہ داری بھی اٹھانی ہے۔تاریخ انتظار نہیں کرتی۔ جو قومیں وقت پر نہیں بدلتیں، وقت انہیں بدل دیتا ہے، اور اکثر بہت بے دردی سے بدلتا ہے۔
پرانی قیادت کا زوال، نئے انقلاب کی دستک،آٹھ سال بعد اقتدار کا بحران یا انقلاب؟اسٹیبلشمنٹ، سرمایہ داریت اور عوامی بیداری،پرانے حکمران، نئی نسل اور بدلتا پاکستان،
2034 فوجی بالادستی کا مستقبل کیا ہوگا؟،اقتدار کی بساط الٹنے کا وقت؟عوامی بغاوت یا پُرامن انقلاب؟پرانے نظام کی آخری دہائی؟پاکستان: خانہ جنگی، انقلاب یا نظامِ عدل؟عمر رسیدہ قیادت اور نئی نسل کا سیاسی طوفان،2034 موجودہ نظام کا امتحان اور نئی تاریخ کی تشکیل یا عوامی شعور بمقابلہ طاقت کا نظام،کیا پرانا سیاسی نظام اپنا وجود برقرار رکھ سکے گا؟یہی وہ سوالات اور ابھرتے خدشات ہیں جن کے جوابات ڈھونڈنے اور سد باب کرنے کی ضرورت ہے۔
واپس کریں