دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان کا ذہنی بحران، معاشرہ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کیوں کھو رہا ہے؟ محبوب انصاری
No image پاکستان میں معاشی بدحالی، سماجی گھٹن، مذہبی تعصب، سیاسی عدم برداشت اور آزادی اظہار پر پابندیوں کو عموماً الگ الگ مسائل سمجھا جاتا ہے، حالانکہ یہ سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ ان تمام بحرانوں کا سب سے خطرناک نتیجہ پاکستانی معاشرے کی ذہنی اور فکری مفلوجی ہے۔ مسئلہ صرف یہ نہیں کہ لوگ ذہنی دباؤ، اضطراب اور مایوسی کا شکار ہیں، اصل المیہ یہ ہے کہ ایک بڑا طبقہ سوچنے، سوال کرنے، دلیل سمجھنے اور اپنی رائے قائم کرنے کی صلاحیت سے بھی محروم ہوتا جا رہا ہے۔
ذہنی بیماری اور ذہنی پسماندگی دو مختلف چیزیں ہیں۔ کسی شخص کا ڈپریشن یا اضطراب میں مبتلا ہونا طبی مسئلہ ہے، لیکن سوال نہ کرنا، اختلاف برداشت نہ کرنا، افواہوں پر یقین کر لینا، شخصیت پرستی کو حقیقت سمجھنا اور جذبات کی بنیاد پر فیصلے کرنا ایک وسیع تر سماجی اور فکری مسئلہ ہے۔ پاکستان میں یہی مسئلہ خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے۔
ورلڈ بینک کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح 2018۔ 19 کے 21.9 فیصد سے بڑھ کر 2024۔ 25 میں 28.9 فیصد تک پہنچ گئی۔ دوسری طرف ملک کے تقریباً 75 فیصد بچے پرائمری تعلیم مکمل کرنے کے باوجود ایک سادہ عبارت پڑھ کر سمجھنے کی صلاحیت حاصل نہیں کر پاتے۔ یہ اعداد و شمار محض معاشی اور تعلیمی ناکامی نہیں بلکہ مستقبل کی فکری صلاحیتوں کے بارے میں بھی ایک سنجیدہ انتباہ ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے مطابق پاکستان میں 25.1 ملین بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ جس معاشرے میں کروڑوں بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہوں، وہاں تنقیدی سوچ، سائنسی شعور، تحقیق اور فکری آزادی کیسے پروان چڑھ سکتی ہے؟
ہمارا تعلیمی نظام بھی اس بحران سے بری الذمہ نہیں۔ بچوں کو سوال کرنے کے بجائے یاد کرنے، دلیل دینے کے بجائے حکم ماننے اور تحقیق کرنے کے بجائے مقررہ جواب دہرانے کی تربیت دی جاتی ہے۔ نتیجتاً ڈگریاں تو حاصل ہو جاتی ہیں، لیکن آزادانہ سوچنے کی صلاحیت پیدا نہیں ہوتی۔ یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں اختلاف کو علمی مکالمے کے بجائے دشمنی سمجھا جاتا ہے۔
مذہب کے نام پر نفرت، سیاست میں شخصیت پرستی، قومیت کے نام پر تعصب اور سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی یلغار نے اس فکری بحران کو مزید گہرا کیا ہے۔ یہاں کسی کی بات کو دلیل سے پرکھنے کے بجائے اس کی شناخت، مسلک، زبان اور سیاسی وابستگی دیکھی جاتی ہے۔ معاشرہ سوال کرنے والے کو باغی اور اختلاف کرنے والے کو دشمن قرار دینے لگتا ہے۔
ذہنی صحت کے حوالے سے بھی صورت حال تشویش ناک ہے۔ 2026 میں برطانوی طبی جریدے بی ایم جے پبلک ہیلتھ میں شائع ہونے والے پاکستان کے پہلے قومی سطح کے نمائندہ سروے میں 17,773 بالغ افراد کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق تقریباً 32.3 فیصد افراد کسی نہ کسی قابل تشخیص ذہنی یا رویّے کی بیماری کا شکار تھے۔ اس کے باوجود ملک کے صحت کے بجٹ کا 0.5 فیصد سے بھی کم حصہ ذہنی صحت پر خرچ ہوتا ہے۔
یہاں ریاست کی ذمہ داری محض اسپتال بنانے تک محدود نہیں۔ اسے ایسا ماحول پیدا کرنا ہو گا جہاں شہری خوف کے بغیر اختلاف کر سکیں، بچوں کو معیاری تعلیم ملے، نوجوانوں کو روزگار اور مواقع میسر ہوں، خواتین اور اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور مذہب و سیاست کو نفرت پھیلانے کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔
پاکستان کا سب سے بڑا المیہ صرف غربت نہیں، بلکہ غربت کے ساتھ فکری محرومی، تعلیم کے ساتھ شعور کی کمی اور آزادی کے ساتھ خوف کا موجود ہونا ہے۔ جب انسان سوال کرنا چھوڑ دے، دلیل سے بھاگنے لگے اور ہر بات کو اپنی شناخت کی عینک سے دیکھے تو اس کی ذہنی آزادی سلب ہو جاتی ہے۔
ملک کو صرف معاشی بحالی نہیں، فکری بحالی کی بھی ضرورت ہے۔ کیونکہ جس قوم کی سوچ مفلوج ہو جائے، اس کے لیے ترقی کے راستے بھی بند ہونے لگتے ہیں۔ ہمیں ایسی نسل تیار کرنا ہو گی جو حکمرانوں سے سوال کرے، مذہبی پیشواؤں سے دلیل مانگے، سیاسی رہنماؤں کا احتساب کرے اور ہر نظریے کو عقل اور تحقیق کی کسوٹی پر پرکھ سکے۔ ورنہ ہم ایک ایسا معاشرہ بن جائیں گے جہاں لوگ زندہ تو ہوں گے، مگر سوچنے کی آزادی سے محروم ہوں گے۔
بشکریہ: ہم سب نیوز
واپس کریں