مہمان کالم
میر سرفراز بگٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان بنے تو انہیں کئی ایسے چیلنجز ورثے میں ملے جو دہائیوں سے صوبے کی سیاست، انتظامیہ اور طاقت کے روایتی ڈھانچوں کا حصہ بن چکے تھے۔ آج ان میں سے کئی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ ان اقدامات نے جہاں بعض دیرینہ مسائل کے حل کی راہ ہموار کی، وہیں ایسے سیاسی اور انتظامی حلقوں کی مزاحمت کو بھی جنم دیا جنکے مفادات متاثر ہوئے۔یہی وہ مقام ہے جہاں بلوچستان کا جلتا ہوا تنور ایک بار پھر گرم دکھائی دیتا ہے اور کئی سیاسی کردار اپنی اپنی روٹیاں لگانے کیلئے بے چین نظر آتے ہیں۔آئیے ان چیلنجز کا جائزہ لیتے ہیں۔گزشتہ ادوار میں بلوچ یکجہتی کمیٹی اور ماہ رنگ بلوچ کی احتجاجی سیاست کو مختلف سیاسی حلقوں نے اپنے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ احتجاجی سرگرمیوں کے ذریعے ریاست مخالف جذبات کو سیاسی قوت میں تبدیل کرنے کی کوششیں ہوئیں۔ یہاں تک کہ ایک سردار نے قومی اسمبلی میں استعفے کا ڈرامائی اعلان کرکے اپنا سیاسی سرمایہ محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان حکومت نے بات چیت اور سیاسی مکالمے کے ذریعے معاملات حل کرنے کی کوشش کی۔ تاہم جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال اور بعض احتجاجی سرگرمیوں کے دوران پرتشدد واقعات کے تناظر میں حکومت نے قانونی اور انتظامی اقدامات کا راستہ اختیار کیا۔ اس پورے عمل نے سرفراز بگٹی کو ان حلقوں کی شدید مخالفت کا بھی سامنا کروایا جو اس احتجاجی سیاست سے براہِ راست یا بالواسطہ سیاسی فائدہ اٹھا رہے تھے۔
بلوچستان میں سرکاری ملازمتوں کو چونکہ سیاسی اثرورسوخ، سفارش اور وفاداریوں کے نظام سے الگ نہیں کیا جا سکا چنانچہ بعض سرکاری ملازمین کی سیاسی سرگرمیوں، مستقل غیرحاضری اور انتظامی نظم و ضبط کیخلاف ورزیاںایک سنگین مسئلہ رہی ہیں۔ بگٹی حکومت نے اس روایت کو چیلنج کیا۔ غیرحاضر ملازمین کیخلاف کارروائیاں، تبادلے،برطرفیاں، حاضری کی نگرانی اور محکمانہ احتساب کے اقدامات اسی پالیسی کا حصہ بنے۔محکمہ صحت میں حاضری کی جدید نگرانی اور غیرحاضر ڈاکٹروں کیخلاف کارروائیوں سے لیکر محکمہ تعلیم میں احتساب اور اسکولوں کی بحالی تک، حکومتی اقدامات نے برسوں سے قائم انتظامی جمود کو چیلنج کیا۔اس تبدیلی نے نہ صرف روایتی سیاسی سرپرستوں بلکہ ان تنظیموں کو بھی حکومت کے مقابل لا کھڑا کیا جو ملازمین کے معاملات میں اپنا اثرورسوخ برقرار رکھنا چاہتی تھیں۔بلوچستان میں امن و امان اور ریاستی عملداری کے حوالے سے اے اور بی ایریا کی تقسیم ایک دیرینہ انتظامی مسئلہ رہی ہے۔اس نظام کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں پولیس اور لیویز کے الگ الگ انتظامی ڈھانچے تھے۔ ناقدین کے مطابق اس تقسیم نے نہ صرف قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یکساں عملداری کو متاثر کیا بلکہ بعض علاقوں میں قبائلی اور سیاسی اثرورسوخ کو بھی غیرمعمولی تقویت دی۔لیویز کے انتظامی معاملات میں مقامی بااثر شخصیات کی مداخلت اور اسے ذاتی یا سیاسی اثرورسوخ کیلئے استعمال کرنے کی شکایات بھی سامنے آتی رہیں۔یہ پیچیدہ مسئلہ حل کرنے کیلئے بگٹی حکومت نے قانون سازی اور انتظامی انضمام کا راستہ اختیار کیا۔یہ محض ایک محکمے کی تنظیمِ نو نہیں بلکہ صوبے میں طاقت اور اختیار کا روایتی توازن تبدیل کرنے کی کوشش تھی۔
بلوچستان کی موجودہ سیاست کو اسکی تاریخ سے الگ کرکے نہیں سمجھا جا سکتا۔یہ وہ صوبہ ہے جہاں ماضی میں بعض ریاستی اداروں کیخلاف مسلح کارروائیوں میں مارے جانیوالے افراد کیلئے اسمبلی میں فاتحہ خونی تک کی گئی۔ریاستی اداروں اور سکیورٹی فورسز کے کردار پر تنقید اور مسلح علیحدگی پسند تنظیموں کے اقدامات کے درمیان واضح فرق قائم کرنا ہمیشہ سیاسی بحث کا اہم تقاضا رہا ہے۔سرفراز بگٹی نے اس حوالے سے ایک غیرمبہم سیاسی مؤقف اختیار کیا۔بلوچستان اسمبلی کا فلور ہو، ٹیلیویژن ٹاک شوز ہوں یا سوشل میڈیا کی بحث، انہوں نے ریاستی مؤقف کے دفاع، دہشت گردی کی مذمت اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو اجاگر کیا۔سرفراز بگٹی کا سیاسی مؤقف یہ ہے کہ بلوچستان کے عوام کے آئینی حقوق، ترقی اور خوشحالی کی جدوجہد ریاست کے اندر رہ کر بھی کی جا سکتی ہے، جبکہ دہشت گردی اور مسلح تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں۔بلوچستان میں طاقت کے روایتی مراکز کو چیلنج کرنے کی سیاسی قیمت بھی ہوتی ہے۔ یہاں بعض سرداروں اور بااثر شخصیات پر نجی جیلوں، غیرقانونی حراست، انتظامی مداخلت اور سرکاری وسائل کے غلط استعمال جیسے سنگین الزامات سامنے آتے رہے ہیں۔کھیتران سردار کے حوالے سے بھی ماضی میں نجی جیل اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عوامی بحث کا حصہ بنے۔ سرفراز بگٹی کی حکومت نے جب سیاسی سرپرستی، انتظامی اجارہ داری اور مبینہ بدعنوانی کیخلاف اقدامات کیے تو اس سے متاثر ہونیوالے حلقوں کی مخالفت شدت اختیار کرتی گئی۔کھیتران سردار کی کابینہ سے علیحدگی اور بدعنوانی سے متعلق تنازع بھی اسی سیاسی کشمکش کے تناظر میںتھا۔ ایک مبینہ ویڈیو کا حوالہ بھی دیا جاتا ہے جس میں سابقہ دور میں اپنے محکمے سے پانچ کروڑ روپے کمانے کا اعتراف منسوب کیا جاتا ہے۔ اس ویڈیو کی اصل ریکارڈنگ، سیاق و سباق اور صداقت کی تصدیق ضروری ہے، لیکن اس حوالے سے اٹھنے والے سوالات شفاف احتساب کا تقاضا کرتے ہیں۔اب یہ سیاسی کشمکش سوشل میڈیا پر بھی نظر آتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ جب کسی حکومت کے فیصلوں سے روایتی سیاسی اور معاشی مفادات متاثر ہوتے ہیں تو کیا اس کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز اصولی اختلاف کی نمائندگی کرتی ہے، یا بعض اوقات احتساب سے بچنے کی خواہش سیاسی مخالفت کا روپ دھار لیتی ہے؟ سرفراز بگٹی نے تقریباً پونے تین سال میں ایسے متعدد فیصلے کیے جن سے بلوچستان کے روایتی سیاسی، انتظامی اور قبائلی طاقت کے ڈھانچوں کو چیلنج کیا گیا۔
بی وائی سی کی احتجاجی سیاست سے نمٹنے کا معاملہ ہو، سرکاری ملازمین کا احتساب، ینگ ڈاکٹرز اور اساتذہ کی تنظیموں کے دباؤ کا مقابلہ، ہزاروں بند سکولوں کی بحالی، میرٹ پر بھرتیاں، اے اور بی ایریا کی تقسیم ختم کرنے کی کوشش، ترقیاتی فنڈز کی بندربانٹ روکنے کے اقدامات یا ریاست مخالف مسلح بیانیے کے مقابل واضح سیاسی مؤقف، ہر محاذ پر انہیں نئی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔گویا انہوں نے بیک وقت ان تمام طاقتور حلقوں کو چیلنج کیا جو برسوں سے بلوچستان کے سیاسی، انتظامی اور معاشی نظام میں اپنے اثرورسوخ کے عادی تھے۔یہ کہنا درست نہیںکہ حکومت کے ہر فیصلے سے اختلاف کرنے والا لازماً کسی ناجائز مفاد کا نمائندہ ہے۔ جمہوری معاشرے میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید، انکے نتائج کا جائزہ اور انکی قانونی حیثیت پر سوال اٹھانا ایک جائز حق ہے۔تاہم یہ سوال اپنی جگہ اہم ہے کہ سرفراز بگٹی کیخلاف مختلف سیاسی اور انتظامی حلقوں کی مخالفت میں کتنا حصہ اصولی اختلاف کا ہے اور کتنا حصہ ان مفادات کا جو انکے فیصلوں سے متاثر ہوئے؟ بلوچستان کی سیاست میں مقبول نعرے لگانا، محرومیوں کا ذکر کرنا اور مسائل کی نشاندہی کرنا نسبتاً آسان ہے۔ مشکل کام ان مسائل کو حل کرنے کیلئے ایسے فیصلے کرنا ہے جنکی سیاسی قیمت بھی ادا کرنا پڑے۔سرفراز بگٹی کی سیاست کو اسی تناظر میں پرکھنے کی ضرورت ہے۔
واپس کریں