دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اگر یہی”محنت“ عوام پر لگتی تو کیا ہوتا؟
No image ملک پاکستان میں ایک کام پر سب سے زیادہ”محنت“ کی گئی ہے، اور وہ ہے کسی سیاستدان کو ناپسندیدہ قرار دینا۔کبھی کسی کو سیکورٹی رسک کہا گیا، کبھی کسی کو مودی کا یار کہا گیا، کبھی کسی کو غدار کہا گیا، کبھی کسی کو چور کہا گیا تو کبھی کسی سیاست دان کو ملک دشمن کہا گیا۔اس کام پر اتنی محنت ہوئی، اتنا پیسہ لگا، اتنا عملہ لگا، اتنے چینل لگے، اتنے کالم لکھے گئے، اتنے جلسے ناکام کیئے گئے، اتنی فائلیں بنائی گئیں، اتنے مقدمے بنائے گئے کہ اگر اس کا دسواں حصہ بھی عوام کی خوشحالی پر لگایا جاتا تو آج اس ملک کی تصویر ہی کچھ اور ہوتی۔سوچیں، اگر اتنی”محنت“ مہنگائی ختم کرنے پر لگی ہوتی تو آج ہر شہری آسودہ حال ہوتا، اگر اتنی”محنت“ بے روزگاری ختم کرنے پر لگی ہوتی تو آج ہر نوجوان کے ہاتھ میں کام ہوتا، اگر اتنی”محنت“ اسکولوں اور اسپتالوں پر لگی ہوتی تو آج ہمارے بچے اچھے اسکولوں میں پڑھ رہے ہوتے اور بیمار اچھے اسپتالوں میں اچھا علاج کروا رہے ہوتے،کسی مریض کو بیرون ملک جا کر مہنگا علاج کروانے کی ضرورت نہ پڑتی، اگر اتنی”محنت“ تھانہ کچہری اور عدالتی نظام کو ٹھیک کرنے پر لگی ہوتی تو آج شریف آدمی کو انصاف کے لیے ذلیل نہ ہونا پڑتالیکن بدقسمتی سے ایسا کچھ نہیں ہوا۔
”محنت“ سیاستدانوں کو گرانے پر لگی، عوام کو اٹھانے پر نہیں لگی۔”محنت“ سرکاری بیانیے بنانے پر لگی، معیشت بنانے پر نہیں لگی،”محنت“ حقوق مانگنے والوں کو کو غدار ثابت کرنے پر لگی،”محنت“ کنگز پارٹیاں بنانے پر لگی۔”محنت“ اس ملک کے عوام کو خوشحال بنانے پر نہیں لگی اور نتیجہ کیا نکلا؟نتیجہ یہ نکلا کہ جس کو غدار کہا گیا، عوام نے اسے ہیرو بنا دیا، جس کو مودی کا یار کہا گیا، عوام نے اسے محب وطن سمجھ لیا، جس کو سیکورٹی رسک کہا گیا، عوام نے اسے اپنی سیکورٹی سمجھ لیا۔ جسے ختم کرنے کی کوشش کی گئی، وہ پہلے سے زیادہ بڑا لیڈر ہو گیا۔
قدرت کا قانون ہے عوام کو آپ جھوٹ سے کچھ وقت کے لیے بہلا سکتے ہیں، ہمیشہ کے لیے نہیں۔ عوام جب دیکھتے ہیں کہ مہنگائی کے سبب ان کے گھر میں چولہا نہیں جل رہا، روزگار نہیں ہے، ان کے بجلی اور گیس کے بل ان کی تنخواہ سے زیادہ ہیں، تو وہ کسی کے غدار ہونے کی کہانی پر یقین نہیں کرتے۔ وہ پوچھتے ہیں، اگر یہ غدار ہے تو ہمیں روٹی کون دے گا؟ اگر یہ مودی کا یار ہے تو ہمارا یار کون ہے؟سچ یہ ہے کہ اگر اتنی محنت عوام کی فلاح و بہبود پر دی جاتی تو آج اس ملک کے عوام اسٹیبلشمنٹ کے ہی گیت گا رہے ہوتے۔
عوام کہتے، ہمیں تو ان غیر سیاسی کہلانے والے لوگوں نے خوشحال کر دیا، ہمیں تو ان لوگوں نے روزگار دے دیا، ہمیں تو ان لوگوں نے انصاف دے دیا اور عوام کو کسی سیاسی لیڈر کی ضرورت ہی نہ رہتی۔
عوام خود کہتے، ہمیں کسی مسیحا کی ضرورت نہیں، غیر سیاسی سرکار ہی ہماری مسیحا ہے لیکن صورت حال اس کے بالکل برعکس ہے۔آج عوام ناراض ہیں، آج عوام سوال کر رہے ہیں، آج عوام کو غصہ ہے، انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان کے مسائل کے حل کے بجائے، ان کے لیڈروں کو ختم کرنے یا دبانے پر زیادہ توجہ دی گئی۔ انہیں معلوم پڑا ہے کہ ان کی بھوک سے زیادہ اہم کسی سیاستدان کی مقبولیت کو کم کرنا تھا۔ ان کی بے روزگاری سے زیادہ اہم کسی کو غدار ثابت کرنا تھااور یہی وہ غلطی ہے جس نے سب کچھ الٹ دیا۔
غدار، چور، مودی کا یار،سیکورٹی رسک وغیرہ کہہ کر آپ کسی سیاستدان کو تو کمزور کر سکتے ہیں، لیکن عوام کا اعتماد نہیں جیت سکتے۔ اعتماد مہنگائی کم کرنے سے جیتا جاتا ہے، اعتماد نوکری دینے سے جیتا جاتا ہے، اعتماد انصاف دینے سے جیتا جاتا ہے، اعتماد گالی سے نہیں، کارکردگی سے آتا ہے۔
اب بھی وقت ہے، اب بھی اگر اس”محنت“ کا رخ بدل دیا جائے، اگر سیاستدانوں کو گرانے کے بجائے عوام کو اٹھانے پر محنت کی جائے، اگر سیاست دانوں کی فائلیں بنانے کے بجائے فیکٹریاں بنائی جائیں، اگر مقدمے بنانے کے بجائے معیاری اسکول اور کالج بنائے جائیں، اگر بیانیے بنانے کے بجائے معیشت بنائی جائے تو عوام پھر سے اس ملک سے محبت کرنے لگیں گے،ورنہ یہی ہوتا رہے گا کہ ہر آنے والا غدار کہلائے گا، ہر جانے والا ہیرو بن جائے گا اور عوام ہر بار پہلے سے زیادہ مایوس ہوں گے۔
واپس کریں