
سابق وزیر اعظم عمران خان کو جب اقتدار سے علیحدہ کیا گیا تو انہوں نے دہائی دی کہ، میری حکومت میں فیصلے کہیں اور ہوتے تھے اور میں بے بس تھا یعنی اگر فیصلے عمران خان کے اختیار میں ہوتے تو جناب اس ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیتے اور نتیجے میں مہنگائی اور بے روزگاری ختم ہو جاتی، ہر نوجوان کو نوکری مل جاتی، ہر غریب کا اپنا گھر بن جاتا اور ملک پاکستان دنیا کی سپر پاور بن جاتا لیکن مسئلہ یہ درپیش ہوا کہ انہیں کچھ کرنے نہیں دیا گیا۔
یہ رام کہانی سن کر اس ملک کا ایک عام آدمی ضرور سوچتا ہے کہ اگر ملک کا وزیراعظم بھی بے بس ہوتا ہے تو پھر بااختیار کون ہے؟ اور اب یہ لگتا ہے وہ دن زیادہ دور نہیں جب موجودہ حکمران بھی یہی راگ الاپیں گے۔ یہ بھی کچھ عرصہ بعد صدائیں دیں گے کہ ہمیں بھی عمران خان کی طرح بے بس اور بے اختیار کر دیا گیا تھا اور ہمیں عوامی مفاد میں فیصلے نہیں کرنے دیے گئے۔ ہمیں بھی غیر مقبول فیصلے کرنے پر مجبور کیا گیا، اگر ہمیں بھی مکمل حکومتی اختیار ہوتا تو ہم بھی اس ملک میں ہر جانب خوشحالی برپا کر دیتے اور بھیک منگنے والا ایک فقیر باقی نہ رہتا۔ یعنی ہر آنے والا حکمران یہی کہے گا کہ میں تو بہت لائق فائق تھا لیکن مجھے یا میری حکومت کو چلنے نہیں دیا گیا۔
یہ پاکستانی سیاست کا سب سے آسان بہانہ بن گیا ہے کہ اقتدار میں ہوں تو سب اچھا ہے، تصویریں، تقریریں ہیں اور بلند و بانگ دعوے ہیں لیکن اگر اقتدار سے باہر نکل آئیں تو یاد آتا ہے کہ ہم تو بے بس تھے اور ہمیں تو کچھ کرنے ہی نہیں دیا گیا۔
سوال یہ ہے کہ اگر سب ہی حکمران بے بس تھے تو پھر حکومتیں کون چلاتا رہا ہے ؟ فیصلے کون کرتا رہا ہے اور عوام کو مہنگائی میں دھکیلا کس نے؟عام شہری یہ تماشا برسوں سے دیکھ رہا ہے۔ وہ دیکھتا ہے کہ ہر حکمران آتے وقت کہتا ہے، میں سب بدل دوں گا لیکن جاتے وقت کہتا ہے، مجھے نظام بدلنے نہیں دیا گیا اور درمیان میں اس ملک کے ستائیں کروڑ عوام وہیں کے وہیں پریشان حال کھڑے رہتے ہیں بلکہ پہلے سے زیادہ پریشان۔
اصل حقیقت یہ ہے کہ یہ بے بسی کا رونا اور بہانہ،حکومتی ذمہ داریوں سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ ہے۔ جب کارکردگی پر سوال اٹھے تو کہہ دو، میرے تو ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور جب عوام پوچھیں کہ وعدے کہاں گئے تو کہہ دو، ہمیں وعدے پورے کرنے ہی نہیں دیے گئے،لیکن عوام اب اس منافقت کو سمجھنے لگے ہیں۔ عوام پوچھتے ہیں اگر آپ بے بس تھے تو آپ نے اقتدار چھوڑ کیوں نہیں دیا؟ اگر آپ کو فیصلے نہیں کرنے دیے جا رہے تھے تو آپ نے اس وقت قوم کو کیوں نہیں بتایا؟ اگر آپ اتنے ہی مجبور تھے تو آپ نے اقتدار کرسی سے چمٹے رہنے کے بجائے استعفیٰ کیوں نہیں دیا؟اور سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ اگر ہر وزیراعظم بے بس ہے، تو پھر وزیراعظم بننے کی اتنی لڑائی کیوں ہے؟ اتنے جلسے، اتنی ریلیاں، اتنے وعدے، الیکشن مہم میں اتنی دولت کا خرچہ، صرف ایک بے بس کرسی کے لیے؟حقیقت یہ ہے کہ اقتدار میں مزہ ہے، مراعات ہیں، پروٹوکول ہے، اختیار ہے اور اقتدار سے نکلنے کے بعد مظلومیت کا کارڈ ۔
یہ دونوں فارمولے بہت اچھے سے چلتے آ رہے ہیں یعنی اقتدار میں ہو تو حکمران، اقتدار سے باہر ہو تو مظلوم جبکہ اس سارے منافقانہ کھیل میں پسنے والا صرف عام آدمی ہے۔ اسے مہنگائی بھی سہنی ہے، بے روزگاری بھی، تھانہ کچہری کی ذلت بھی، اور پھر حکمرانوں کی بے بسی کی رام کہانیاں بھی سننی ہیں۔
کاش کہ کوئی ایک حکمران ایسا آئے جو جاتے ہوئے یہ نہ کہے کہ میں بے بس تھا، بلکہ یہ کہے کہ میں نے اپنی کوشش کی، مجھ سے یہ غلطیاں ہوئیں اور عوام مجھے معاف کرے، کاش کہ کوئی ایک حکمران یہ مان لے کہ غلطی میری بھی تھی صرف دوسروں کی نہیں۔
جب تک مذکورہ منافقانہ بہانہ چلتا رہے گا، پاکستان میں دودھ اور شہد کی نہریں صرف تقریروں میں بہتی رہیں گی، اور حقیقت میں عوام کو پینے کے لیے صاف پانی بھی نہیں ملے گا۔
جاتے جاتے یہ بھی پڑھ لیں ۔ مسلم لیگ ن لیگ جب اپوزیشن میں تھی تو روز شور مچاتے تھے کہ لٹ گئے، معیشت تباہ ہو گئی اس لیے حکومت کی تبدیلی ضروری ہے بھلے مدت پوری نہ کرسکے اور پھر نہیں کرنے دی گئی۔ اب پی ڈی ایم اور اس کے بعد کے دور کو 5 سال ہونے والے ہیں توحکومتی وزیر محترم جناب احسن اقبال فرماتے ہیں کہ 10 سال کیلئے سیاسی میثاق کرلیں۔
واپس کریں