دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
تاریخ کا پہیہ اور وہی پرانی غلطی
No image پاکستان مسلم ن کے مرکزی راہنما سابق سینیٹر ڈاکٹر سید آصف کرمانی کا ٹویٹ ملاحظہ فرمائیں"عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے وقت خان کا گراف کافی نیچے آ چکا تھا لیکن پی ڈی ایم کی حکومت کی کارکردگی نے اُس کے غبارے میں پھر سے ہوا بھر دی ، میں موجودہ سیٹ اپ کے ساتھ نہیں لیکن سمجھتا ہوں کہ اگر اس بندوبست کو بھی رخصت کیا گیا تو پھر تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی"
امر واقع ہے کہ جب عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو لانچ کیا گیا تھا تو حقیقت یہی تھی کہ عمران خان حکومت کا گراف بہت حد تک نیچے آ چکا تھا۔ مہنگائی اپنے عروج پر تھی، ڈالر بے قابو تھا، لوگ بجلی اور گیس کے بلوں سے تنگ تھے اور خود تحریک انصاف کے اندر بھی بے چینی تھی۔ اگر اس وقت سیاست کو اس کے فطری راستے پر چلنے دیا جاتا، تو شایدعمران خان اگلے الیکشن میں عوام کے سامنے جواب دہ ہوتا، اور عوام فیصلہ کرتے کہ اسے دوبارہ موقع دینا ہے یا نہیں لیکن پھر وہی ہوا جو پاکستان میں ہمیشہ ہوتا آیا ہے۔
پی ڈی ایم کی حکومت کو لانچ کیا گیا آئی، دعوے بہت بڑے تھے کہ معیشت سنبھالیں گے، ملک بچائیں گے اور مہنگائی کم کریں گے وغیرہ لیکن ہوا اس کے بالکل برعکس۔ مہنگائی نے وہ ریکارڈ توڑے جو کبھی سوچے بھی نہیں تھے۔ پیٹرول کی قیمت نے عوام کی کمر توڑ دی۔ بجلی اور گیس نے گھروں میں مایوسیاں پیدا کر دیں اور سب سے بڑھ کر، عوام کو یہ محسوس ہوا کہ فیصلے اسلام آباد میں نہیں، کہیں اور ہو رہے ہیں۔
یہی وہ لمحہ تھا جب عمران خان کے غبارے میں پھر سے ہوا بھر گئی۔ جس لیڈر کو عوام نے مہنگائی کی وجہ سے مسترد کرنا تھا، اسی لیڈر کو عوام نے مظلوم سمجھ لیا۔ جس کی کارکردگی پر سوال اٹھنے تھے، وہ سوال پس منظر میں چلے گئے اور اس کی جگہ ہمدردی نے لے لی۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے اپنی نااہلی سے ایک ہارتے ہوئے سیاستدان کو زیرو سے دوبارہ ہیرو بنا دیا۔
پاکستانی سیاست کا سب سے بڑا سبق جو ہم بار بار بھول جاتے ہیں کہ یہاں لیڈر عوام کی محبت سے نہیں، حریف کی نفرت سے بڑے ہوتے ہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ کا کیا ہو؟ ناچیز موجودہ سیٹ اپ کا حمایتی نہیں رہا،موجودہ حکومت کی کارکردگی، فیصلے اور اس کی ترجیحات، سب عوام کے سامنے ہیں۔ مہنگائی اب بھی وہیں ہے، بے روزگاری اب بھی وہیں ہے اور عوام کا اعتماد اب بھی بحال نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود ایک خدشہ ہے، ایک ڈر ہے کہ اگر اس بندوبست کو بھی اسی پرانے طریقے سے رخصت کیا گیا، اگر پھر عدم اعتماد، پھر جوڑ توڑ، پھر عدالت، پھر سڑکوں کا کھیل شروع ہوا تو پھر تاریخ اپنے آپ کو دہرائے گی،پھر ایک اور مظلوم پیدا ہوگا، پھر ایک اور غبارے میں ہوا بھری جائے گی، پھر عوام ایک اور نئے نجات دہندہ کے پیچھے چل پڑیں گے اور پھر چند سال بعد وہی مایوسی، وہی احتجاج، وہی عدم استحکام۔مسئلہ افراد کا نہیں ہے، مسئلہ نظام کا ہے۔
جب تک ہم یہ نہیں سمجھیں گے کہ حکومتوں کو گرانے سے ملک نہیں بنتے، حکومتوں کو چلنے دینے اور عوام کے ووٹ سے بدلنے سے بنتے ہیں، تب تک ہم اسی دائرے میں گھومتے رہیں گے۔ عمران خان کو پی ڈی ایم نے نہیں ہرایا،بلکہ پی ڈی ایم نے عمران خان کو جتوا دیا۔ اب اگر اس موجودہ حکومتی سیٹ اپ کو بھی اسی طرح ہٹایا گیا، تو یہ سیٹ اپ ہارے گا نہیں، یہ بھی کل کا مظلوم اور پرسوں کا ہیرو بن جائے گا۔پاکستان کو اب کسی نئے تجربے کی نہیں، تسلسل کی ضرورت ہے۔ آئین کی ضرورت ہے۔ ووٹ کے احترام کی ضرورت ہے۔ ورنہ پر کچھ سال بعد صرف نام بدلتے رہیں گے اور لولا لنگڑا ایسا ہی نظام یہی چلتا رہے گا جیسا کہ اس وقت چل رہا ہے۔
واپس کریں