دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
حکمران اشرافیہ کا طرزِ زندگی اور ریاستی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم
No image حکومتی فیصلوں کے ثمرات عام آدمی تک کب اور کیسے پہنچیں گے؟ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ آج پاکستان میں سب سے زیادہ کسمپرسی کا شکار وہ عام آدمی ہے جس کے نام پر سیاست کی جاتی ہے، جس کے ووٹ سے اقتدار کے ایوان آباد ہوتے ہیں اور جس کی فلاح و بہبود کے بلند بانگ دعوے ہر حکومتی تقریر کا حصہ ہوتے ہیں۔ یہی عام آدمی آج بے روزگاری، مہنگائی، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں، علاج معالجے اور بچوں کی تعلیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات تلے سسک رہا ہے۔ اس کی محدود آمدنی میں دو وقت کی با عزت روٹی کا حصول بھی امتحان بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں خوشحالی اور معاشی استحکام کے حکومتی دعوے اس وقت تک بے معنی ہیں جب تک ان کے اثرات عام شہری کی زندگی میں نظر نہیں آتے۔ حکمرانوں کو تسلیم کرنا ہوگا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری اور عوام کی معاشی حالت میں مثبت تبدیلی دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ افراطِ زر کی شرح کم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم ہو گئی ہیں۔ مہنگائی کی رفتار میں کمی کو مہنگائی کے خاتمے کے طور پر پیش کرنا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ جس شخص کی آمدنی گھریلو اخراجات پورے نہیں کر پا رہی، اسے شرحِ نمو اور مالیاتی استحکام کی خوش خبریاں سنانے سے اس کے بچوں کا پیٹ نہیں بھر سکتا۔ حکومت کی کامیابی کا اصل پیمانہ عوام کی قوتِ خرید، روزگار کے مواقع اور غربت میں حقیقی کمی ہونا چاہیے۔
اس سلسلے میں بنیادی سوال حکمران اشرافیہ کے طرزِ زندگی اور ریاستی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کا بھی ہے۔ ایک طرف عوام سے قربانیاں مانگی جاتی ہیں اور دوسری جانب اقتدار کے ایوانوں میں مراعات و سہولیات، پروٹوکول، سرکاری گاڑیوں، قیمتی رہائش گاہوں، بے مقصد بیرونی دوروں اور غیر ضروری اخراجات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ عوام کو بجلی بچانے کے مشورے دینے والے حکمران پہلے اپنے دفاتر اور رہائش گاہوں کے اخراجات کا حساب دیں۔ پاکستان کے معاشی مسائل کا ایک بنیادی سبب طاقتور طبقات کو حاصل غیر معمولی مراعات و سہولیات بھی ہیں۔ بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ عام صارف پر منتقل کرنا آسان ہے لیکن با اثر طبقات سے ان کی معاشی حیثیت کے مطابق ٹیکس وصول کرنا حکومتوں کے لیے مشکل امتحان ثابت ہوتا ہے۔ آخر کب تک غریب آدمی اپنی محدود آمدنی سے ریاست کے اخراجات اٹھاتا رہے گا؟ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو غیر ضروری سرکاری اخراجات اور اشرافیہ کی مراعات کم کرے، ٹیکس چوری روکے اور معاشی بوجھ کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائے۔
نوجوانوں کے لیے قرضوں کی حد ڈھائی کروڑ روپے تک بڑھانا مناسب ہے لیکن کیا ایک عام بے روزگار نوجوان بینکوں کی پیچیدہ شرائط پوری کر کے قرض حاصل کر سکے گا؟ کیا اس کے پاس مطلوبہ ضمانتیں اور کاروباری وسائل موجود ہیں؟ قرضوں کی تقسیم شفاف اور میرٹ پر ہونی چاہیے۔ نوجوانوں کو مالی معاونت کے ساتھ کاروباری تربیت، تکنیکی رہنمائی اور مارکیٹ تک رسائی بھی فراہم کرنا ہو گی تاکہ قرض روزگار پیدا کرنے کا ذریعہ بنے، نوجوانوں کو مستقل مقروض بنانے کا نہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہر نوجوان کاروبار نہیں کر سکتا۔ حکومت کی بنیادی ذمہ داری صنعتوں، زراعت، تجارت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ جب صنعتیں توانائی کی بلند قیمتوں، بھاری ٹیکسوں اور کاروباری غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوں گی تو نئی ملازمتیں کہاں سے پیدا ہوں گی؟ حکومت کو قرضوں کی تقسیم کے ساتھ پیداواری شعبوں کی بحالی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کرنا ہوگا۔
نواز شریف اور شہباز شریف کو سمجھنا چاہیے کہ عوامی فلاح کے لیے طویل مشاورتی نشستیں کافی نہیں۔ عوام کو ان ملاقاتوں کے نتائج چاہئیں۔ اگر حکمران جماعت واقعی عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتی ہے تو اس کا اظہار تشہیری مہمات کے بجائے عوام کی زندگی میں ہونا چاہیے۔ اشیائے ضروریہ سستی ہوں، بجلی اور گیس کے بل قابلِ برداشت بنیں، ہسپتالوں میں علاج، تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم اور نوجوانوں کو سفارش کے بغیر روزگار ملے تو عوام خود حکومتی کارکردگی کا اعتراف کریں گے۔ جمہوریت کی اصل طاقت عوام کا اعتماد ہے۔ جب منتخب حکمران معاشی تحفظ، انصاف اور بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کر پاتے تو صرف حکومت نہیں، جمہوری نظام کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔ بھوک، بے روزگاری اور معاشی نا انصافی کے ماحول میں جمہوری استحکام کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوتے ہیں۔ حکومت کو واضح اہداف اور مقررہ مدت کے ساتھ عوامی ریلیف کا جامع پروگرام دینا ہوگا۔ حکمران اور مراعات یافتہ طبقات پہلے اپنی مراعات کم کر کے قربانی کی مثال قائم کریں۔
حکمرانوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار عوام کی امانت ہے، خاندانی وراثت یا مراعات کے تحفظ کا ذریعہ نہیں۔ عوام بہت صبر کر چکے، بہت قربانیاں دے چکے اور خوشحالی کے بے شمار خواب دیکھ چکے ہیں۔ اب انھیں مزید تسلیوں اور دل فریب اعلانات کی بجائے حقیقی معاشی انصاف چاہیے۔ جب تک حکمران اشرافیہ اپنی مراعات کم کر کے عوام کے دکھ درد میں عملی طور پر شریک نہیں ہوتی، عوامی ریلیف کے دعوے محض سیاسی نعرے ہی سمجھے جائیں گے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ حکومت تقریروں سے نکل کر عملی اقدامات کی طرف آئے کیونکہ بھوکے پیٹ کو وعدوں سے بہلایا جا سکتا ہے، بھرا نہیں جا سکتا، اور جس جمہوریت میں عام آدمی کے لیے با عزت زندگی گزارنا دشوار ہو جائے، اس جمہوریت کے محافظوں کو سب سے پہلے اپنی حکمرانی کے انداز پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ بشکریہ نوائے وقت
واپس کریں