نئی آٹو پالیسی ۔ قوموں کی ترقی گاڑیوں کی تعداد سے نہیں ناپی جاتی

نئی آٹو پالیسی کے تحت پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے امکان کی خبروں پر بغلیں بجائی جا رہی ہیں لیکن مہنگائی ،مہنگی بجلی و گیس کی جانب کسی ناچنے والے کا دھیان نہیں اور ناچتے ہوئے یہ بھی یاد نہیں رہا کہ ملک کی آدھی سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
سستی گاڑی کا شور اور مہنگائی کا سناٹا
پاکستان میں ہر چند سال بعد ایک نیا شور اٹھتا ہے۔ کبھی سستی گاڑی کا، کبھی نئے ماڈل کا، کبھی بڑی کمپنی کے آنے کا۔ اس بار بھی نئی آٹو پالیسی کے تحت گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے امکان پر خوشیاں منائی جا رہی ہیں۔ ٹی وی پر تجزیے ہو رہے ہیں، سوشل میڈیا پر مبارکبادیں دی جا رہی ہیں، اور ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ حل ہونے والا ہے لیکن ذرا رک کر سوچیے، یہ خوشی کس کے لیے ہے؟جس ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو، جہاں ایک عام مزدور کے لیے مہینے کے آخر تک راشن پورا کرنا مشکل ہو، جہاں ماں اپنے بچے کو دودھ کی بجائے پانی ملا کر پلانے پر مجبور ہو، وہاں گاڑی کی قیمت میں دو چار لاکھ کی کمی کیا معنی رکھتی ہے؟
اصل مسئلہ گاڑی نہیں ہے، اصل مسئلہ روٹی، بجلی اور گیس ہے۔آج ایک عام گھر کا بجلی کا بل اس کی تنخواہ سے آدھا ہو چکا ہے۔ گیس آتی نہیں، لیکن بل آ جاتا ہے۔ آٹا، چینی، دال، سبزی، دوائی، ہر چیز عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ بچہ اسکول جائے تو فیس نہیں، بیمار ہو جائے تو علاج نہیں۔ یہ ہیں وہ بنیادی ضرورتیں جن پر کسی کا دھیان نہیں۔مگر ناچنے والوں کی ترجیحات دیکھیں۔ ہم اس ملک میں گاڑیوں کو سستا کرنے پر جشن منا رہے ہیں، جہاں سڑکوں پر چلنے کے لیے پیٹرول خریدنا بھی عام آدمی کے بس سے باہر ہو گیا ہے۔ ہم ان لوگوں کے لیے پالیسیاں بنا رہے ہیں جن کے پاس پہلے سے گاڑیاں ہیں اور ان لوگوں کو بھول رہے ہیں جن کے پاس سائیکل خریدنے کے پیسے بھی نہیں۔یہ کوئی اتفاق نہیں ہے۔ یہ ہماری پالیسی سازی کا پرانا مزاج ہے۔
اشرافیہ اور پہلے سے امیر طبقے کے مسائل کو قومی مسئلہ بنا کر پیش کیا جاتا ہے، اور نیچے والے غریب اور سفید پوش طبقے کے مسائل کو قسمت کا لکھا کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے۔
اگر واقعی ملک کو آگے لے جانا ہے تو سوال یہ نہیں ہونا چاہیے کہ گاڑی کتنی سستی ہوئی، سوال یہ ہونا چاہیے کہ بجلی کتنی سستی ہوئی؟ گیس کب آئے گی؟ آٹا کتنے کا ہوگا؟ مزدور کی مزدوری کتنی بڑھی؟گاڑی سستی ہو جانا بری خبر نہیں، لیکن جب پیٹ خالی ہو تو گاڑی کی چابی کا کیا کرنا ہے؟ جب گھر میں اندھیرا ہو تو نئی گاڑی کی ہیڈ لائٹ سے کون سا اجالا آئے گا؟
قوموں کی ترقی گاڑیوں کی تعداد سے نہیں ناپی جاتی، ان کے عوام کے پیٹ بھرے ہونے، بچوں کے اسکول جانے اور گھروں میں روشنی ہونے سے ناپی جاتی ہے۔ جب تک ہماری پالیسیاں ایوانوں سے نکل کر گلی محلوں تک نہیں پہنچیں گی، تب تک یہ بغلیں بجانا صرف ایک تماشہ ہی رہے گا۔
واپس کریں