
پاکستان میں قومی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف قوانین کے استعمال پر قانونی اور سیاسی حلقوں میں جاری بحث نئی نہیں البتہ لاہور ہائی کورٹ میں سامنے والی ایک حالیہ پیش رفت نے اس بحث کو ایک نیا رخ دیا ہے۔
پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کے بھانجے اور وکیل حسّان نیازی کے فوجی ٹرائل کو چیلنج کرنے والی درخواست کے جواب میں لاہور ہائی کورٹ کو بتایا کہ ریاست کے خلاف جرم میں سزا یافتہ شہری بنیادی حقوق کے تحفظ کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔
صوبائی حکومت کے اس موقف پر اب یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا ریاستی اداروں یا حکومتی پالیسیوں سے اختلاف کرنے والے شہری بھی دہشت گردی کے قوانین کی زد میں آ سکتے ہیں؟ اور کیا ریاست کے خلاف جرم میں سزا پانے والا شخص اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہو جاتا ہے؟
سینیئر وکیل حامد خان کے مطابق یہ مؤقف قانونی اور اخلاقی طور پر درست نہیں کہ ریاست کے خلاف جرم کرنے والا شخص بنیادی حقوق کے تحفظ کا حق کھو دیتا ہے۔ ان کے بقول، ”بنیادی حقوق ہر شخص کے لیے ہیں اور خاص طور پر عام شہریوں کے لیے۔ آپ سول عدالتوں کے دروازے بند نہیں کر سکتے۔‘‘
نو مئی 2023 کے واقعات کے بعد فوجی عدالتوں نے جن 105 شہریوں کو قصور وار قرار دیا تھا، ان میں سے 85 افراد کو دسمبر 2024 میں سزائیں دی گئی تھیں۔ حسّان نیازی بھی ان میں شامل تھے، جنہیں دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ مقدمات انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت نہیں بلکہ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹس ایکٹ کے تحت چلائے گئے تھے۔
کیا دہشت گردی کے اصل ملزمان بھی سزا پاتے ہیں؟
پاکستان میں انسدادِ دہشت گردی قوانین کے استعمال پر تنقید کرنے والوں کا ایک بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا ان قوانین کے تحت حقیقی دہشت گردی میں ملوث افراد کے خلاف بھی مؤثر کارروائی ہوتی ہے، یا ان کا دائرہ سیاسی کارکنوں اور حکومت کے ناقدین تک بھی پھیل رہا ہے؟
رواں سال جون میں لاہور کی ایک انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دھماکا خیز مواد رکھنے کے مقدمے میں دو افراد کو بالترتیب آٹھ اور سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ انسداد دہشت گردی دفتر (سی ٹی ڈی) کے مطابق ان کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے تھا۔
قانونی ماہرین کے مطابق دھماکا خیز مواد رکھنا اور اس کے ذریعے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا یقیناً انسدادِ دہشت گردی قوانین کے اطلاق کا ایک واضح جواز بن سکتا ہے۔ تاہم ان قوانین کا اطلاق سیاسی نوعیت کے دیگر مقدمات میں کیا جانا، ان کے استعمال سے متعلق سوالات کو جنم دیتا ہے۔
انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی وکلا کی جوڑی ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے مقدمے میں 29 اکتوبر کو جاری کردہ عدالتی فیصلے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔ اس کے نتیجے میں انہیں دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔
اس وکلا کی جوڑی کو اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے دوران سکیورٹی روٹ پر رکاوٹیں ہٹانے اور سرکاری اہلکاروں کے فرائض میں مداخلت کے الزامات کا سامنا ہے۔ دونوں ان الزامات کی تردید کرتے ہیں اور فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کر چکے ہے۔
بنیادی حقوق کا تحفظ کون کرے گا؟
حسان نیازی اور ایمان مزاری و ہادی چٹھہ کے مقدمات کے حقائق اور شواہد مختلف ہیں، اس لیے ان کا براہِ راست موازنہ درست نہیں ہوگا۔ تاہم یہ سوال ضرور اٹھتا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کے قوانین کا اطلاق کن حالات میں جائز ہے اور کیا ان کے استعمال میں تناسب اور قانونی تقاضوں کا خیال رکھا جا رہا ہے؟
حامد خان کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کی جانب سے شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دینے سے ایک پنڈورا باکس کھل گیا ہے۔ تاہم ان کے مطابق شہریوں کو انصاف کے لیے عدالتوں سے رجوع کرنے کا حق حاصل رہنا چاہیے۔
ان کے نزدیک ”اصل مسئلہ یہ ہے کہ جب عدالتوں کی آزادی اور خودمختاری پر سوالات اٹھ رہے ہوں تو عام شہری انصاف کے حصول کے لیے کہاں جائیں گے؟‘‘
حامد خان یہ سوال بھی اٹھاتے ہیں کہ کسی شخص کو دہشت گرد قرار دینے کا اختیار کس کے پاس ہے۔ ان کے مطابق ریاست کسی کو محض اس لیے دہشت گرد قرار نہیں دے سکتی کہ وہ اس کی پالیسیوں سے اختلاف کرتا ہے۔ اس کے لیے ٹھوس شواہد، قانونی طریقۂ کار اور آزاد عدالتی نگرانی ضروری ہے۔
پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے مقامی اور بین الاقوامی ادارے بھی انسدادِ دہشت گردی اور قومی سلامتی سے متعلق قوانین کے استعمال پر تحفظات ظاہر کرتے رہے ہیں۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی مئی 2026 میں جاری ہونے والی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2025 کے دوران آزادی اظہار اور شہری آزادیوں پر دباؤ میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ انسدادِ دہشت گردی، بغاوت اور سائبر کرائم سے متعلق قوانین صحافیوں، سیاسی کارکنوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور وکلا کے خلاف استعمال کیے گئے۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس نے نو مئی 2023 کے واقعات کے سلسلے میں فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 105 شہریوں کے مقدمات پر سوالات اٹھائے۔ تنظیم کے مطابق ان مقدمات میں شفافیت، فوجی عدالتوں کی آزادی اور مؤثر اپیل کے حق سے متعلق سنگین تحفظات موجود ہیں۔
مئی 2025 میں سپریم کورٹ نے پانچ، دو کی اکثریت سے شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اجازت دے دی تھی۔ عدالت نے حکومت کو فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے شہریوں کے لیے ہائی کورٹس میں آزادانہ اپیل کا حق فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کی ہدایت بھی کی تھی۔
تاہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق مئی 2026 تک اس مقصد کے لیے مطلوبہ قانون سازی نہیں ہو سکی تھی۔ تنظیم نے فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل اور اپیل کے مؤثر حق کی عدم موجودگی پر تشویش ظاہر کی تھی۔
کیا باقی دنیا میں بھی ایسا رجحان موجود ہے؟
قومی سلامتی اور دہشت گردی کے قوانین کے استعمال پر بحث صرف پاکستان تک محدود نہیں۔ یورپ میں بھی حکومتوں کے انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور شہری آزادیوں کے درمیان توازن پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
برطانیہ نے جولائی 2025 میں فلسطین کے حامی گروپ فلسطین ایکشن کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ اس پابندی کے بعد برطانوی حکام کے مطابق جون 2026 تک ایک سال کے دوران 3,630 افراد کو اس گروپ کی حمایت کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔
تاہم ان تمام افراد کو دہشت گردی کے جرم میں سزا نہیں ہوئی۔ برطانوی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے تقریباً 17 فیصد کے خلاف فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
برطانوی حکومت کا مؤقف ہے کہ فلسطین ایکشن کی بعض کارروائیاں دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہیں، جبکہ شہری آزادیوں کے کارکن اس پابندی کو غیر متناسب قرار دیتے ہیں۔ گروپ پر پابندی کے خلاف مقدمہ نومبر 2026 میں برطانوی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
جرمنی میں بھی فلسطین کے حق میں مظاہروں اور اظہارِ رائے پر پابندیوں کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ اکتوبر 2025 میں اقوام متحدہ کے ماہرین نے جرمن حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ فلسطین کے حق میں پرامن سرگرمیوں کو جرم قرار دینے اور مظاہرین کے خلاف غیر ضروری طاقت کے استعمال سے گریز کیا جائے۔
ان ماہرین کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج اور سیاسی اختلافِ رائے کو محض کسی مخصوص سیاسی مؤقف کی بنیاد پر محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔
کیا حکومتی سختیاں ایک عالمی رجحان ہیں؟
صحافی اور تجزیہ کار زاہد حسین کے مطابق پاکستان کا یورپی ممالک سے براہِ راست موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ یورپ میں قوم پرستی اور دائیں بازو کی سیاست کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث بعض ریاستوں کا رویہ سخت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ”بعض اوقات اسرائیل پر تنقید کو بھی یہود دشمنی سے جوڑ دیا جاتا ہے، حالانکہ ہر تنقید کو یہود دشمنی قرار نہیں دیا جا سکتا۔‘‘
زاہد حسین کے بقول، ”پاکستان میں تو شہریوں کو دبانے یا فوجی اور انسدادِ دہشت گردی قوانین کے تحت سزا دینے کے لیے قانون کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ عدالتیں بھی طاقتور حلقوں کے ہاتھ میں دکھائی دیتی ہیں۔‘‘
پاکستان میں جاری اس بحث کا مرکزی نقطہ یہی ہے کہ قومی سلامتی کے تحفظ اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے درمیان حدِ فاصل کون متعین کرے گا؟ اور کیا ریاست کے پاس ایسا مؤثر قانونی نظام موجود ہے، جو اس بات کی ضمانت دے سکے کہ دہشت گردی کے خلاف بنائے گئے قوانین کو سیاسی اختلافِ رائے دبانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا؟
بشکریہ: ڈی ڈبلیو
واپس کریں