
احتشام الحق شامی ۔ کچہری کی راہداری میں ایک منظر روز دیکھنے کو ملتا ہے۔ ایک طرف وکلا کی تنظیمیں ہیں۔ بار کونسل، بار ایسوسی ایشن، ہڑتال کا اعلان، مطالبات، پریس کانفرنس، حکومت سے مذاکرات۔ ان کی آواز ہے، ان کا پلیٹ فارم ہے، ان کا دباؤ ہے۔دوسری طرف وہ سائل کھڑا ہے جس کے لیے یہ سارا نظام بنا ہے۔ جس کی زمین کا مقدمہ ہے، جس کی بیٹی کا خرچہ ہے، جس کا بیٹا جیل میں ہے، جس کی دکان پر قبضہ ہے۔ وہ اکیلا ہے۔ اس کی کوئی تنظیم نہیں، کوئی جھنڈا نہیں، کوئی ترجمان نہیں۔ وہ تاریخ پر تاریخ لیتا ہے، وکیل کی فیس دیتا ہے، کاغذوں کا بوجھ اٹھاتا ہے اور آخر میں تھک ہار کر کہتا ہے، میرا مقدمہ تو کسی نے نہیں سنا۔
سوال یہ ہے کہ جس طرح وکلا اپنے حقوق کے لیے سرگرم ہیں، اسی طرح انصاف کے طلب گار سائلین کی بھی کوئی منظم تنظیم کیوں نہ ہو؟ اور کیا دنیا کے دیگر ممالک میں ایسی کوئی مثال موجود ہے؟
برطانیہ: اکیلے عدالت جانے والے کا ساتھیبرطانیہ میں سب سے مشہور ادارہ Support Through Court ہے۔ یہ وہاں کی عدالتوں میں کام کرتا ہے۔ اس کے 600 سے زیادہ رضاکار ہیں جو ان لوگوں کی مدد کرتے ہیں جو بغیر وکیل کے عدالت میں پیش ہوتے ہیں، جنہیں انگریزی میں Litigants in Person کہا جاتا ہے۔ یہ ادارہ قانونی مشورہ نہیں دیتا، بلکہ فارم بھرنے میں مدد، عدالت کا طریقہ کار سمجھانا، عدالت میں ساتھ جانا اور سماعت کے بعد سمجھانا، یہ سب کرتا ہے۔ صرف پچھلے سال اس نے 51 ہزار سے زیادہ سیشنز میں سائلین کی مدد کی۔ اس کے علاوہ وہاں McKenzie Friends کا نظام ہے، یعنی تربیت یافتہ عام لوگ جو سائل کے ساتھ عدالت میں بیٹھ کر نوٹس لینے اور کاغذ سنبھالنے میں مدد کرتے ہیں۔
فرانس: متاثرین کی قومی فیڈریشن فرانس میں France Victimes ہے، جو 1986 سے کام کر رہی ہے۔ یہ 132 تنظیموں کی فیڈریشن ہے، جس میں 1450 پیشہ ور افراد کام کرتے ہیں۔ یہ ادارہ فوجداری مقدمات کے متاثرین کو مفت، رازدارانہ اور مکمل مدد دیتا ہے۔ حقوق کی معلومات، نفسیاتی مدد، سماجی مدد اور عدالت میں ساتھ۔ یہ حکومت سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ متاثرین کے حقوق کے قانون میں بہتری لائی جائے۔ یہ دراصل سائلین کی اجتماعی آواز ہی ہے، جو ایک فیڈریشن کی شکل میں ہے۔
امریکہ اور کینیڈا: متاثرین کے حقوق کی تنظیم یہ امریکہ میں National Crime Victim Law Institute متاثرین کے قانونی حقوق کے لیے کام کرتا ہے۔ اس کا مشن ہے کہ ہر مقدمے میں متاثرہ کو وکیل کی مدد ملے اور اس کے حقوق نافذ ہوں۔ کینیڈا کے صوبے کیوبیک میں Plaidoyer Victimes نامی تنظیم متاثرین کے حقوق کا اجتماعی دفاع کرتی ہے۔ وہ واضح کہتی ہے کہ ہم انفرادی کیس نہیں لڑتے، ہم اجتماعی حقوق کے لیے آواز اٹھاتے ہیں۔ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں Victims Legal Service حکومت کے ساتھ مل کر متاثرین کو مفت قانونی مشورہ، معاوضے کی درخواست اور عدالت میں مدد دیتی ہے۔
بھارت اور پاکستان کا فرق۔ بھارت میں بھی لیگل ایڈ اتھارٹیز اور لوک عدالتوں کے ذریعے سائل کو سہولت دی جاتی ہے، لیکن وہاں بھی سائل کی اپنی آزاد تنظیم نہیں ہے۔
پاکستان میں صورتحال اس سے بھی کمزور ہے۔ یہاں لیگل ایڈ کا نظام کاغذوں میں ہے، ڈسٹرکٹ لیگل امپاورمنٹ کمیٹیاں ہیں، لیکن عام سائل کو اس کا پتہ ہی نہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ وکیل اگر ہڑتال کرے تو عدالت بند، اگر وکیل فیس بڑھائے تو سائل مجبور، اگر وکیل تاریخ لے تو سائل خاموش۔ سائل کے پاس شکایت کا کوئی فورم نہیں۔سائلین کی تنظیم کیسی ہونی چاہیے؟سائلین کی تنظیم کا مطلب وکلا کے مقابلے میں کھڑا ہونا نہیں ہے۔ اس کا مطلب توازن قائم کرنا ہے۔ ایسی تنظیم کو درج زیل کام کرنے چاہئیں۔
آگاہی: سائل کو بتائے کہ اس کا مقدمہ کہاں ہے، اگلی تاریخ کیا ہے، وکیل سے کیا پوچھنا ہے، کاغذ کیسے سنبھالنے ہیں۔شکایت کا فورم: اگر وکیل فیس لے کر پیش نہ ہو، یا جج غیر ضروری تاریخ دے، تو سائل کی شکایت سنی جائے۔پالیسی میں آواز: جب عدالتی اصلاحات ہوں، کورٹ فیس بڑھے، یا نئی پالیسی بنے، تو اس میں سائل کا نمائندہ بھی بیٹھا ہو، صرف وکیل اور جج نہیں۔ سستی امداد: غریب سائل کو فارم بھرنے، دستاویزات کی نقل لینے اور عدالت کا طریقہ سمجھنے میں مفت مدد ملے، جیسے برطانیہ میں Support Through Court کرتا ہے۔
انصاف صرف وکیل اور جج کا معاملہ نہیں، انصاف کا اصل فریق سائل ہے۔ جب تک سائل منظم نہیں ہوگا، اس کی آواز ایوانوں تک نہیں پہنچے گی۔ وکلا کی تنظیمیں اپنے حقوق کے لیے لڑتی ہیں، یہ ان کا حق ہے۔ لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ سائلین کی بھی ایک غیر سیاسی، غیر جماعتی، عوامی تنظیم ہو، جو عدالت کے دروازے پر کھڑے عام آدمی کو یہ احساس دلائے کہ تم اکیلے نہیں ہو، تمہارے پیچھے بھی ایک آواز ہے۔
واپس کریں