
جی ہاں، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان وہی سرخ لکیر عبور کر چکے ہیں جو اس سے پہلے الطاف حسین نے کی۔ عمران خان، سعد رضوی، ماہ رنگ بلوچ، شوکت نواز میر نے کی۔ اس راستے پر آگے چلے جائیں تو یوٹرن کی سہولت نہیں ملتی مگر اس سے آگے کوئی راستہ بھی نہیں ہوتا۔
بطور سیاسی تجزیہ کار ڈرایا نہیں جا سکتا، سمجھایا نہیں جا سکتا مگر بتایا ضرور جا سکتا ہے۔ مولانا اپنے کارکنوں پر انحصار کر رہے ہیں جو مدارس کے طالب علم بھی ہیں اور مساجد کے امام بھی۔ ان کی وفاداری کسی شک و شبے سے بالاتر ہے۔ وہ مولانا کے کہنے پر گولیاں برسا بھی سکتے ہیں اور گولیاں کھا بھی سکتے ہیں مگر کیا کسی سیاسی رہنما کی یہ فراست اور قیادت قابل تعریف ہو گی کہ وہ اپنے کارکنوں کو گولیوں کے سامنے لے آئے؟
مولانا اور ان کے ساتھیوں کے بیانات واضح بتا رہے ہیں کہ ان کا ٹارگٹ کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کی فوج ہے۔ مسلم لیگ نون خاموش ہے۔ پیپلزپارٹی انہیں سمجھا رہی ہے مگر وہ سمجھ نہیں پا رہے۔ وہ سوشل میڈیا کے گھوڑے پر سوار ہیں۔ فوج اور حکومت سے ناراض انہیں ہلہ شیری دے رہے ہیں۔ ان میں صحافی بھی ہیں اور سیاسی کارکن بھی۔ کچھ لوگ صرف آگ لگائے رکھنا چاہتے ہیں چاہے اس میں کسی کا گھر ہی کیوں نہ جل رہا ہو۔ وہ صرف تماشا دیکھنا چاہتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ مولانا اتنے ہائپر کیوں ہو رہے ہیں؟ ان کے مطالبات کیا ہیں؟ فوج کے شہدا کے بارے بیان ہو یا ریاست پر تھوکنا ہو، وہ کس لئے زمین گرم کر رہے ہیں؟ کیا اس کے بعد فوج انہیں وزارتیں، گورنریاں یا صدر کا عہدہ پیش کر دے گی؟ مجھے خبردار کرنے دیجئے کہ اب ردعمل کا وقت شروع ہو رہا ہے۔ جے یو آئی کے کارکنوں کو گولی کا سامنا کرنے کا تجربہ نہیں ہے مگر فوج کو ایسے عناصر کچلنے کا تجربہ بہت ہے۔ شیخ مجیب الرحمان کو عمران خان کی طرح آئیڈیل مت بنائیں، مشرقی پاکستان اور آج کے پاکستان کے معروضی حالات میں ایک ہزار فرق موجود ہیں۔
مجھے الطاف حسین کے وہ ساتھی بھی یاد ہیں جنہوں نے آواری لاہور میں پریس کانفرنس کی تھی اور کہا تھا کہ وہ الطاف حسین کو چھوڑیں تو اپنی ماں سے زنا کریں اور پھر انہوں نے چھوڑ دیا۔ مجھے عمران خان، سعد رضوی اور شوکت میر کے کارکن بھی نظر آ رہے ہیں کہ کس حال میں ہیں۔ لیڈر کا کام اپنے بچوں جیسے کارکن مروانا نہیں۔ یہ بندریا کے بارے مشہور ہے کہ جب زمین گرم ہونے لگے تو اپنے بچوں کو پیروں تلے دبا لیتی ہے۔
پھر کہوں گا کہ کچھ صحافی اور سیاسی عاقبت نااندیش دوستی کا نقاب پہن کے دشمنی کر رہے ہیں۔ وہ آپ کے دوست نہیں ہیں۔ نوازشریف سے سیکھنے میں مشکل ہے تو صدر زرداری سے سیکھیں۔ مشکل وقت کو مزید مشکل نہ بنائیں اور اگر مشکل بن گیا ہے تو صبر و تحمل کے ساتھ گزار لیں۔ کبھی صلح حدیبیہ بھی ہوتی ہے اور کبھی احد پر جانے کی بجائے خندق بھی کھودی جاتی ہے۔ حکمت اور تدبر ہمارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کا درس ہے۔ آپ نے مذہب کے نام پر ہپناٹائز کئے اپنے معصوم کارکنوں کو نو مئی جیسی مہم جوئی میں ڈالا تو نتیجہ بہت خطرناک ہو گا۔ آپ کا دوست وہی ہے جو آپ کو خودکشی سے روکے، آگ میں کودنے سے روکے۔ باقی آپ کی مرضی ہے۔ آپکی عمر 74 برس ہے آپ کون سے ٹین ایجر ہیں، اینگری ینگ مین ہیں ۔۔۔
اللہ کو حکمت تدبر صبر اور فراست عطا فرمائے۔ ایک دوست اور ہمدرد کے طور پر مشورہ ہے کہ واپس لوٹ آئیں کہ آگ اور خون کے اس راستے پر مزید آگے واپسی کی سہولت موجود نہیں ہے۔
واپس کریں