کھاد کی پابندی کا خاتمہ کافی نہیں، کسان کو معاشی تحفظ بھی چاہیے۔ خالد خان

پاکستان میں زراعت محض ایک پیشہ یا معاشی سرگرمی نہیں بلکہ ملکی معیشت، غذائی تحفظ اور دیہی آبادی کے روزگار کی بنیاد ہے۔ اس کے باوجود یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہمارے ہاں کسان کو زرعی پالیسیوں میں وہ اہمیت نہیں دی جاتی جس کا یہ شعبہ تقاضا کرتا ہے۔ کبھی کھاد کی قلت، کبھی بیج کی عدم دستیابی، کبھی بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ اور کبھی زرعی اجناس کی غیر یقینی منڈی، کسان کو مسلسل معاشی دباؤ میں رکھتی ہے۔
کھادوں کی خرید و فروخت اور ترسیل پر عائد پابندی کا خاتمہ بلاشبہ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس فیصلے سے کھاد کی دستیابی اور نقل و حمل میں حائل رکاوٹیں کم ہونے کی توقع ہے۔ تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا صرف پابندی ختم کرنے سے کسان کے مسائل حل ہو جائیں گے؟
حقیقت یہ ہے کہ کسان کا مسئلہ صرف کھاد کی دستیابی نہیں بلکہ اس کی قوتِ خرید بھی ہے۔ اگر کھاد بازار میں موجود ہو لیکن اس کی قیمت کسان کی پہنچ سے باہر ہو تو محض دستیابی کا کوئی خاص فائدہ نہیں۔ اسی طرح بیج، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی، مشینری اور مزدوری کے اخراجات میں مسلسل اضافہ زرعی پیداوار کو مہنگا اور کاشت کاری کو غیر یقینی بنا رہا ہے۔ دوسری طرف فصل تیار ہونے کے بعد کسان کو اپنی پیداوار کی مناسب قیمت حاصل کرنے کے لیے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یوں وہ ایک طرف مہنگے داموں زرعی مداخل خریدتا ہے اور دوسری طرف اپنی محنت کا معاوضہ منڈی کے رحم و کرم پر چھوڑنے پر مجبور ہوتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے تناظر میں یہ مسئلہ مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ صوبے کی بڑی آبادی بالواسطہ یا بلاواسطہ زراعت اور اس سے وابستہ معاشی سرگرمیوں پر انحصار کرتی ہے۔ چھوٹے کسانوں کے پاس نہ بڑے مالی وسائل ہیں، نہ جدید مشینری اور نہ ہی غیر متوقع اخراجات برداشت کرنے کی صلاحیت۔ بارانی علاقوں میں موسم کی بے یقینی، آبپاشی کے محدود وسائل اور زرعی سہولیات کی عدم دستیابی ان مشکلات کو مزید بڑھا دیتی ہے۔ ایسے حالات میں زراعت کو محض سرکاری بیانات اور وقتی فیصلوں کے ذریعے ترقی نہیں دی جا سکتی۔
حکومت کو چاہیے کہ کھاد کی بلاتعطل فراہمی کے ساتھ اس کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی بھی یقینی بنائے تاکہ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت کے ذریعے کسانوں کا استحصال نہ ہو۔ معیاری بیج، مستند زرعی ادویات، جدید زرعی مشینری، سستے قرضوں اور آبپاشی کی سہولیات تک کسانوں کی رسائی آسان بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ چھوٹے کسانوں کے لیے خصوصی معاونتی پروگرام متعارف کرائے جائیں تاکہ زرعی لاگت میں کمی اور پیداوار میں اضافے کے امکانات پیدا ہوں۔
ایک اور بنیادی مسئلہ زرعی پیداوار کی مناسب قیمت کا ہے۔ کسان اگر مہنگے وسائل استعمال کرکے فصل تیار کرے اور پھر اسے اپنی مرضی کی قیمت پر فروخت کرنے کا اختیار بھی نہ رکھتا ہو تو زرعی ترقی کا خواب کیسے پورا ہو سکتا ہے؟ حکومت کو ایسی منڈیوں، ذخیرہ گاہوں اور خریداری کے نظام کو فروغ دینا ہوگا جو کسان اور صارف دونوں کے مفادات کا تحفظ کر سکیں۔ زرعی اجناس کی ترسیل، پراسیسنگ اور برآمدات کے لیے بھی مربوط پالیسی ناگزیر ہے۔
اس ضمن میں زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی۔ بدلتے موسمی حالات، پانی کی قلت اور زمین کی زرخیزی میں کمی جیسے مسائل کا مقابلہ روایتی طریقوں سے ممکن نہیں۔ زرعی جامعات، تحقیقاتی اداروں اور محکمہ زراعت کو کسانوں کے ساتھ براہِ راست مربوط کرنا ہوگا تاکہ جدید تحقیق کھیتوں تک پہنچے اور کسان بہتر پیداوار کے لیے سائنسی طریقے اختیار کر سکیں۔
یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کسان خوشحال ہوگا تو دیہی معیشت مضبوط ہوگی، زرعی پیداوار بڑھے گی، غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور درآمدات پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے برعکس اگر کسان مسلسل خسارے، مہنگائی اور غیر یقینی صورت حال کا شکار رہے تو اس کے اثرات صرف دیہات تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا معاشی نظام متاثر ہوگا۔
کھادوں کی خرید و فروخت اور ترسیل پر پابندی کا خاتمہ ایک مثبت قدم ضرور ہے، لیکن اسے زرعی اصلاحات کی ابتدا بننا چاہیے، اختتام نہیں۔ حکومت کی اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب کسان کو کھاد صرف دستیاب ہی نہ ہو بلکہ مناسب قیمت پر ملے، اسے معیاری بیج اور جدید سہولیات میسر ہوں، اس کی پیداوار کو منصفانہ قیمت ملے اور اسے اپنی محنت کے نتیجے میں معاشی استحکام حاصل ہو۔ کیونکہ زراعت کی ترقی کا اصل پیمانہ سرکاری اعلانات نہیں بلکہ کسان کے کھیت، اس کی آمدنی اور اس کے گھر کا معاشی سکون ہے۔
واپس کریں