دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
امریکی جارحیت کے سامنے کون بند باندھے گا؟سید مجاہد علی
No image امریکی وزیر خارجہ نے میونخ سیکورٹی کانفرنس میں دنیا کو امریکی طریقے سے تبدیل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دوست ممالک اس کام میں اس کا ساتھ نہیں دیتے تو امریکہ تن تنہا بھی یہ کام کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یورپ کو اہم اتحادی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ امریکہ ایک مضبوط اور طاقت ور یورپ کا حامی ہے۔
حیرت انگیز طور پر اس تقریر کے بعد یورپی لیڈروں نے کھڑے ہو کر اور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ یورپی مبصرین کے خیال میں اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ سال اسی سکیورٹی کانفرنس میں نائب صدر جے ڈی وینس نے بیشتر مسائل کا ذمہ دار یورپ کو قرار دیتے ہوئے سخت پھٹکار کی تھی۔ ان کا لب و لہجہ غیر سفارتی اور درشت تھا۔ اس کے مقابلے میں مارکو روبیو نے سفارتی شائستگی سے بات کی اور یورپ کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپ مشترکہ اقدار پر یقین رکھتے ہیں اس لیے ان کا اشتراک اور تعاون فطری ہے۔ یورپی لیڈر ایک اعلیٰ امریکی عہدیدار کی نرم خوئی کو دریں حالات کافی سمجھتے ہوئے خوش ہو رہے ہیں کہ اس رویہ سے مزید بات چیت کے امکانات موجود رہتے ہیں۔ اگرچہ صدر ٹرمپ نے اقتدار کے ایک سال کے دوران ثابت کیا ہے کہ جن مشترکہ انسانی اور جمہوری اقدار کا حوالہ دیا جاتا ہے، درحقیقت انہیں پامال کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ ماہ وینزویلا پر حملہ کر کے اس کے منتخب صدر کو اغوا کر کے امریکہ لانا اور اس ملک کے تیل پر ناجائز طور سے تسلط جمانے کا اعلان، باہمی احترام کے ان عالمگیر اصولوں کے خلاف ہے جس پر یورپ کے جمہوری لیڈر ناز کرتے ہیں۔
یوکرین کے سوال پر جو یورپ کے لیے بڑی حد تک زندگی اور موت کا سوال ہے کیوں کہ ولادیمیر پیوتن کی صدارت میں روسی حکومت یورپ کے خلاف توسیع پسندانہ عزائم سے انکار نہیں کرتی۔ یورپ کو اندیشہ ہے کہ اگر یوکرین میں روس کو من مانی کرنے کا موقع دیا گیا تو وہ یوکرین کے بعد دیگر یورپی ممالک کی طرف پیش قدمی کرنے کی کوشش کرے گا۔ اس کے برعکس صدر ٹرمپ پیوتن کی ’عظمت اور دانشمندی‘ کے گن گاتے ہیں اور یوکرین کو اپنے علاقے روس کے حوالے کرنے کا مشورہ دے چکے ہیں تاکہ اس جنگ کو بند کرایا جا سکے۔ اس تلخ تجربہ پر ہی موقوف نہیں ہے۔ جس بنیاد پر یوکرین کی جنگ یورپی لیڈروں کے لیے زندگی اور موت کا سوال بنی ہوئی ہے، گرین لینڈ پر تسلط کا دعویٰ کر کے ڈونلڈ ٹرمپ نے بعینہ اسی طرز عمل کا ثبوت دیا ہے۔ روس تو شاید کبھی بھی یورپ کی طرف پیش قدمی کا قصد نہ کرے لیکن نیٹو کے حلیف اور ڈنمارک و یورپ کے دیرینہ دوست ہونے کے باوجود ٹرمپ حکومت کسی بھی طرح گرین لینڈ پر قبضہ ضروری قرار دیتی ہے۔ اگرچہ یورپی لیڈر یہ تصور کیے بیٹھے ہیں کہ ٹرمپ نے سفارتکاری کے ذریعے اس معاملہ پر نرم رویہ اختیار کیا ہے لیکن یہ طوفان سے پہلے کی خاموشی کے مترادف ہی ہو سکتا ہے کیوں کہ صدر ٹرمپ اور ان کے ساتھ گرین لینڈ پر قبضے کی ضرورت بیان کرتے رہتے ہیں۔
ایک گرین لینڈ تک ہی محدود نہیں ہے۔ صدر ٹرمپ نے اب خلیج فارس میں ایران کے خلاف بھاری بھر کم بحری بیڑا جمع کر کے تہران میں حکومت تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دینا شروع کیا ہے۔ کسی خود مختار ملک کے خلاف ایسا جارحانہ رویہ تمام متفقہ عالمی اصولوں اور ممالک کی خود مختاری کے احترام کے خلاف ہے۔ اس لیے مارکو روبیو کا یہ دعویٰ بے بنیاد اور دھوکہ دہی سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا کہ امریکہ اور یورپ مشترکہ اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔ یورپی لیڈروں نے ماضی میں بھی امریکہ کی خوشنودی کے لیے افغانستان اور عراق کی جنگوں میں حصہ لیا تھا جو تمام عالمی ضابطوں کے خلاف تھیں۔ اور اب بھی امریکی جارحانہ پالیسیوں پر یورپ کی خاموشی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں بلکہ قیادت کی کمزوری اور باہمی حکمت عملی اختیار کرنے میں ناکامی کی وجہ سے دیکھنے میں آ رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کا امریکہ دنیا میں جو نئے اصول متعارف کرانا چاہتا ہے، ان میں مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی بالادستی کو مستحکم کرنے کے علاوہ فلسطینیوں کو ہمیشہ کے لیے ان کے ان بنیادی حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے جو اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں میں مانے گئے ہیں اور یورپی ممالک جن پر اصرار کرتے رہے ہیں۔ مارکو روبیو نے میونخ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے اقوم متحدہ کو ناکام اور ناقص ادارہ قرار دیا اور کہا کہ اگر یہ ادارہ فعال ہوتا تو غزہ کی جنگ بند کرائی جاتی۔ اعلیٰ عسکری و سفارتی ماہرین اور یورپی لیڈروں کے سامنے اس قسم کا دعویٰ سفید جھوٹ سے زیادہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ لیکن یورپی لیڈر ناقص اور کمزور حکمت عملی کی وجہ سے امریکی وزیر خارجہ کو جواب دینے کی بجائے تالیاں بجا کر ان کی تقریر کا استقبال کرنے پر مجبور تھے۔ حالانکہ مارکو روبیو کو بتایا جا سکتا تھا کہ اقوام متحدہ ناکام نہیں ہوئی بلکہ امریکہ جان بوجھ کر اسے ناکام بنانے پر تلا ہوا ہے۔ امریکہ اس عالمی ادارے کی بیشتر امداد بند کر چکا ہے، اس کے فیصلوں کو ماننے سے انکار کرتا ہے اور غزہ میں امن کے لیے اتفاق رائے کے باوجود امریکی ویٹو سے تمام اقدامات کا راستہ روکا گیا۔ صدر ٹرمپ اگر کسی ایسے ادارے کو اقوام متحدہ کا متبادل بنانے کی خواہش پال رہے ہیں جس میں وہ خود بادشاہ سلامت بن کر بیٹھیں گے اور امریکہ اپنی عسکری طاقت کی بنیاد پر پوری دنیا پر فیصلے ٹھونسنے کا اہتمام کرے گا تو وہ خود بھی خوابوں کی دنیا میں رہتے ہیں۔ نہ تو امریکہ اب ایسی عالمی نمبرداری کا بوجھ اٹھانے کے قابل ہے اور نہ ہی دنیا کسی ایک ملک کی بالادستی کو تادیر قبول کرے گی۔ ٹرمپ جیسے عاقبت نا اندیش لیڈروں نے اگر حالات بگاڑنے کی مزید کوشش کی تو یہ پورے عالمی نظام کی تباہی کا سبب بنے گی اور عالمی جنگ کا راستہ کھلنے لگے گا۔
صدر ٹرمپ نے ٖغزہ کے بورڈ آف پیس کے ذریعے اس دنیا کا بلیو پرنٹ سامنے لانے کی کوشش کی ہے جو موجودہ امریکی حکومت کے خیال میں عالمی مصالحت کا بہترین ماڈل ہو سکتا ہے۔ لیکن روس و چین کے علاوہ کوئی قابل ذکر مغربی یورپی ملک اس بورڈ کا رکن نہیں بنا۔ پاکستان کے علاوہ دیگر مسلمان ممالک کی اس بورڈ میں حصہ داری کا مقصد بھی یہی ہو سکتا ہے تاکہ اس عمل میں شامل رہ کر اسے مناسب حدود میں رکھنے کی کوشش کی جائے۔ اگر ٹرمپ نے اس بورڈ کو غزہ پر اپنی مرضی ٹھونسنے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی تو متعدد مسلمان ممالک کے پاس اس سے کنارہ کش ہونے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہو گا۔
اسی تناظر میں مارکو روبیو اور دیگر عہدیداروں نے میونخ سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں لیڈروں نے ’مشترکہ مفادات، عالمی و ریجنل ڈائنامکس اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر گفتگو کی‘ ۔ دہشت گردی کے سوال پر امریکی تعاون حاصل کرنا پاکستان کی اولین ضرورت ہے کیوں کہ اسے بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں دہشت گردی کا سامنا ہے۔ اسی طرح ایران کے خلاف امریکی عسکری طاقت کے مظاہرے کے وقت پاکستانی آرمی چیف کا امریکی وزیر خارجہ سے مکالمہ علاقائی استحکام اور امن میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر میونخ کانفرنس کے بعد ابوظہبی پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زائد النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور امن و استحکام پر بھی گفتگو ہوئی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی و استحکام پاکستان کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ میونخ میں امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت کے بعد ابوظہبی میں دیا جانے والا یہ بیان پاکستان کی اس خواہش کا اظہار ہے کہ ایران پر حملہ استحکام کی بجائے انتشار کا سبب بنے گا۔ پاکستان خطے کے زیادہ دے زیادہ ممالک کو اس مقصد سے ساتھ ملانے کی تگ و دو کر رہا ہے۔
اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچنے والے ہیں۔ یہ اجلاس صرف غزہ میں مستقل امن ہی کے لیے نہیں بلکہ ایران کے بارے میں امریکی حکمت عملی کے بارے میں بھی اہم ہو گا۔ اگر ٹرمپ طاقت کے زور پر ایران میں حکومت کی تبدیلی پر اصرار کرتے ہیں تو شاید بورڈ آف پیس اس امریکی پالیسی کا پہلا نشانہ ثابت ہو گا۔ بورڈ آف پیس کا پہلا اجلاس مشرق وسطیٰ کے مستقبل کے حوالے سے بے حد اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
واپس کریں