محمد ریاض ایڈووکیٹ
شیخوپورہ، اپنی تاریخی روایات، صنعتی و زرعی اہمیت کے ساتھ ایک ایسا ضلع ہے جہاں ترقی کے بے پناہ امکانات ہیں، مگر چیلنجز بھی اتنے ہی پیچیدہ اور گہرے ہیں۔ ایسے میں ڈپٹی کمشنر کا کردار محض انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک قیادت، وژن اور عوامی خدمت کا عملی مظاہرہ بن جاتا ہے۔ موجودہ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد شیخوپورہ میں ایک ایسا انتظامی ماڈل قائم کیا ہے جو نہ صرف فیلڈ ورک، شفافیت اور نتائج کی بنیاد پر کھڑا ہے بلکہ عوام کے دلوں میں بھی اعتماد پیدا کرتا ہے۔ آئیے ڈی سی آفس شیخوپورہ میں براجمان آفیسر کی کارکردگی کا غیر جانبدرانہ تجزیہ کرتے ہیں:
معرکہ حق میں تمغہ امتیاز: شاہد عمران مارتھ نہ صرف ایک متحرک اور موثر ڈپٹی کمشنر ہیں بلکہ انہوں نے معرکہ حق پاک بھارت جنگ میں بہادری اور شاندار سول خدمات کی بدولت حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز بھی حاصل کیا۔
عوام سے براہِ راست رابطہ: ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی سب سے نمایاں خصوصیت عوام کے ساتھ براہِ راست رابطہ ہے۔ کھلی کچہریاں ان کے لیے رسمی کارروائی کا ذریعہ نہیں، بلکہ حقیقی مسائل کے حل کی فوری ورکشاپ ہیں۔ اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات کو خود سننا، مسئلے کو سمجھنا، متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات دینا، یہ سب ایک عملی حکمرانی کا مظہر ہیں۔
مہنگائی اور پرائس کنٹرول میں مؤثر حکمتِ عملی: شاہد عمران مارتھ کے دور میں پرائس کنٹرول محض رسمی نوٹسز اور احکامات تک محدود نہیں رہا۔ ضروریاتِ زندگی کی قیمتوں پر سخت نگرانی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی، اور عوامی تحفظ کو مقدم رکھنا۔
صفائی، ستھرائی اور صحت عامہ: شیخوپورہ کے شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کی بہتری اور صحت عامہ کی نگرانی عمران مارتھ کی اولین ترجیحات میں شامل رہی۔ نالیوں کی صفائی، کچرے کے نظام کی بہتری اور غیر قانونی ڈمپنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات نے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا بلکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو بھی کم کیا۔ صحت کے شعبے میں اسپتالوں کے اچانک دورے، ڈاکٹرز کی حاضری اور ادویات کی دستیابی پر توجہ، ان کی عملی سنجیدگی اور عوامی خدمت کے جذبے کا مظہر ہے۔
تعلیم میں عملی دلچسپی: ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے خود نگرانی کی۔ اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی رجسٹریشن اور اسکولوں کی بنیادی سہولیات پر توجہ، اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ تعلیم کو محض محکمانہ معاملہ نہیں بلکہ ضلع کے روشن مستقبل کا ستون سمجھتے ہیں۔ ان اقدامات سے نہ صرف تعلیمی معیار کی بہتری کی بنیاد رکھی گئی بلکہ والدین اور اساتذہ میں بھی اعتماد بحال ہوا۔
تجاوزات، ریونیو نظام اور پیرا فورس کی شفاف کارروائیاں: شہر کی اہم شاہراہوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں شاہد عمران مارتھ کی جرات اور انصاف پسندی کا مظہر ہیں۔ پٹواری نظام اور زمین کے ریکارڈ میں شفافیت کو یقینی بنانا، شہری شکایات کے ازالے میں فوری اقدامات، اور پولیس و انتظامیہ کے درمیان مضبوط ہم آہنگی نے ضلع میں امن و امان کو مستحکم کیا۔ ان کوششوں میں پیرا فورس کے قیام اور متحرک تعیناتی نے اضافی حفاظت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا۔
سیف سٹی پراجیکٹ کے ذریعے عوامی تحفظ: شیخوپورہ میں عوامی تحفظ اور جدید نگرانی کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ منصوبے کے تحت سڑکوں، بازاروں اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے، ٹریفک مانیٹرنگ اور فوری ریسپانس نظام قائم کیے گئے، جس سے جرائم کی شرح میں کمی، ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری اور شہریوں میں محفوظ ماحول کا احساس پیدا ہوا۔
تزئین و آرائش، واسا اور ستھرا پنجاب کے اقدامات: شیخوپورہ کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کے فروغ کے لیے شاہد عمران مارتھ نے تزئین و آرائش کے منصوبے شروع کیے۔ واسا کے تعاون سے پانی کی بہتر فراہمی اور نکاسی کے نظام کی بہتری، ستھرا پنجاب منصوبے کے تحت کچرے کے موثر نظام کی تنصیب اور شہر کے مختلف علاقوں میں گرین بیلٹ کی تیاری، ان اقدامات سے نہ صرف ماحولیات بہتر ہوئے بلکہ شہری زندگی کا معیار بھی بلند ہوا۔
ڈیجیٹلائزیشن اور جدید حکمرانی: ڈپٹی کمشنر نے فائل ورک، شکایات کے اندراج اور مانیٹرنگ کے لیے ڈیجیٹل ذرائع کو فروغ دیا۔ اس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوئی بلکہ شفافیت اور انتظامی کارکردگی میں بھی واضح بہتری آئی۔
زرعی اور دیہی ترقی میں عملی اقدامات: شیخوپورہ کے کسانوں کے مسائل، پانی، کھاد اور منڈی تک رسائی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دیہی دورے، کسانوں کے ساتھ براہِ راست ملاقات اور زمینی حقائق کا جائزہ لینا، یہ سب ایک ایسے وژن کی عکاسی کرتے ہیں جو محض دفاتر تک محدود نہیں بلکہ حقیقت میں عوام کی زندگی بدلنے کا جذبہ رکھتی ہے۔
امن و امان اور معاشرتی ہم آہنگی: ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی نے حساس مواقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ عمران مارتھ کا واضح مؤقف رہا ہے کہ امن، ترقی کی بنیاد ہے، اور عوامی تحفظ کے بغیر کسی بھی معاشرتی یا اقتصادی ترقی کا تصور ممکن نہیں۔
بلاشک و شبہ ضلع شیخوپورہ کے بہت سے مسائل ابھی بھی حل طلب ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شاہد عمران مارتھ کی طرح تمام سرکاری مشینری متحرک ہو، جسکی بدولت عوامی مسائل کا نہ صرف مکمل خاتمہ ممکن ہوگا بلکہ عوام الناس و بیوروکریسی میں حائل دوریوں میں بہت حد تک کمی واقع ہوگی۔
واپس کریں