
چیئرمین پی ٹی آئی محترم بیرسٹر گوہر کا فرمانا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کی عزت نہیں ہوگی تو ملک مزید خطرے میں ہوگا۔ جی ہاں! دو ہزار اٹھارہ میں عوامی مینڈیٹ کی عزت نہیں کی گئی تھی، جب ایک منتخب وزیر اعظم کو اقتدار سے باہر کیا گیا اور آپ کی اسپانسرڈ پارٹی کو اس ملک پر مسلط کیا گیاکیونکہ آپ کے سہولت کاروں کا پلان یہی تھا۔ آپ کے لیڈر کے دور حکومت میں تاریخی غیر ملکی قرضے لیئے گئے، کشمیر کی سودے بازی کی گئی، جس کے نتیجے میں آپ کی حکومت کے پہلے دو سال کے اندر ہی ملک بینک کرپٹ اور ڈیفالٹ کے دھانے پر پہنچ گیا اور ملک خطرہ میں چلا گیا تھا۔
آپ کے لیڈر عمران خان کے دورِ حکومت (2018-2022) میں مالیاتی خسارہ 7.9 فیصد تک پہنچ گیا تھا جبکہ جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 فیصد تک گر گئی تھی جو اس سے پہلے یعنی نواز شریف دور حکومت میں 5.4 فیصد تھی۔ پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور سٹاک مارکیٹ میں گراوٹ نے معاشی عدم استحکام کو بڑھایا، یوں آپ کی حکومت عمرانیہ کی نالائقی کی وجہ سے ملکی معیشت کو طویل مدتی نقصان پہنچا جو ابھی تک قوم بھگت رہی ہے۔
آپ کی جماعت کے کارکنوں نے اپنے لیڈر کی ہدایت پر 9 مئی 2023 کو لاہور میں کور کمانڈر کی سرکاری رہائش گاہ پر حملہ کیا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، جس سے ملک کو 520 ملین پاکستانی روپے کا مالی نقصان ہوا اور عالمی سطح پر بدنامی ہوئی۔
آپ کے لیڈر عمران خان کی حکومت کے دوران بنوں جیل سے دہشت گردوں کو چھڑوایا گیا، جس سے سیکیورٹی مسائل بڑھے۔ ملک میں ناقص گورننس اپنے عروج پر تھی۔
آپ کے لیڈر عمران خان کے ''امریکی سازش'' کے بیانیے نے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچایا۔ اس بیانیے سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ متاثر ہوئی۔
آپ کے لیڈر کے دور حکومت میں مغربی ممالک کے خلاف بیانات سے ملک کے سفارتی تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوئے، جو پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے درکار بین الاقوامی تعاون کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے۔
اب امریکی اخبار ''دی وال سٹریٹ جرنل'' لکھتا ہے کہ”عمران خان کی ممکنہ اقتدار میں واپسی معاشی، دفاعی اور سفارتی لحاظ سے پاکستان کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے۔ ان کے پاپولسٹ ایجنڈے سے پاکستان کے اہم برآمدی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات خراب ہو سکتے ہیں۔
امر واقع یہ ہے اگر آپ کی حکومت اقتدار میں ہو تو عوامی مینڈیٹ کا بول بالا اور ملک خطرے میں نہیں ہوتا اور جب آپ کے لیڈر کی حکومت اقتدار میں نہیں ہوتی عوامی مینڈیٹ اور ملک خطرے میں چلا جاتا ہے۔
واپس کریں