برطانیہ نے پاکستان میں طلبہ اور ورکرز کیلئے ای ویزا کا آغاز کر دیا

برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ سہولت چھ ماہ سے زائد مدت کے ویزا کے درخواست گزاروں کے لیے دستیاب ہے۔آج 15 جولائی سے پاکستان میں برطانیہ نے ای ویزا کا اجرا کر دیا ہے، جس کے بعد زیادہ تر طلبہ اور ملازمت کے خواہشمند افراد جو چھ ماہ سے زیادہ مدت کے لیے برطانوی ویزا کے لیے درخواست دے رہے ہیں، انہیں اب پاسپورٹ میں فزیکل اسٹیکر ویزا کی ضرورت نہیں ہو گی۔
یہ قدم ویزا کے عمل کو زیادہ آسان اور محفوظ بنائے گا، اور درخواست دہندہ اپنا پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکے گا۔
برطانیہ کی سرکاری ویب سائٹ gov.uk کے مطابق، ای ویزا ایک ڈیجیٹل ثبوت ہے جو کسی شخص کے برطانیہ میں امیگریشن اسٹیٹس کی آن لائن تفصیل فراہم کرتا ہے۔ اس میں امیگریشن کی اجازت اور اس پر لاگو ہونے والی شرائط شامل ہوتی ہیں، جنہیں آن لائن یو کے ویزا اینڈ امیگریشن (یو کے وی آئی) اکاؤنٹ بنا کر دیکھا جا سکتا ہے۔
برطانیہ کی ہائی کمشنر برائے پاکستان جین میریٹ نے ویزا سے متعلق سوالات و جوابات کی ایک ویڈیو میں تصدیق کی کہ فی الحال یہ آن لائن سہولت صرف ان درخواست دہندگان کے لیے دستیاب ہے جو چھ ماہ سے زیادہ مدت کے اسٹڈی یا ورک ویزا کے لیے درخواست دے رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں جین میریٹ نے کہا کہ درخواست دہندگان کو پاسپورٹ اسکیننگ کے لیے ضرور لانا ہو گا، لیکن اگر وہ اسٹڈی یا ورک ویزا کے لیے اپلائی کر رہے ہوں تو انہیں پاسپورٹ اسی دن واپس مل جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 15 جولائی سے ہم ڈیجیٹل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آن لائن نظام کو تیز تر عمل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے: نہ بار بار آنا جانا، نہ طویل انتظار، سامان پیک کرنے کے لیے زیادہ وقت۔
ایک سوال کے جواب میں کہ ویزا کی منظوری کس طرح امیگریشن حکام کو دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ آپ کو ویزا کی منظوری کا ای میل ملے گا، اور آپ کے یو کے وی آئی اکاؤنٹ میں ای ویزا دستیاب ہو گا۔ gov.UK کے ’ویو اینڈ پروو‘ ٹول کے ذریعے امیگریشن حکام کو ویزا دکھا سکتے ہیں۔
برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ یہ آپ کے امیگریشن اسٹیٹس پر کوئی اثر نہیں ڈالے گا۔ وہی ویزا، وہی حق، بس کم کاغذی کارروائی۔ اور کس کو کم کاغذی کارروائی پسند نہیں؟
انہوں نے مزید کہا: ویزا پورٹل پر اکاؤنٹ آج ہی بنائیں۔ جلد اپلائی کریں، اپنے سپورٹنگ ڈاکیومنٹس تیار رکھیں اور ہمیشہ صرف سرکاری ویب سائٹ پر جائیں: Gov.UK/eVisa UK میں ملاقات ہو گی۔
برطانیہ کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق، ای ویزا کا اطلاق درج ذیل درخواست گزاروں پر ہو گا:
طلبہ، بشمول 11 ماہ کے لیے شارٹ ٹرم اسٹڈی
گلوبل بزنس موبیلیٹی روٹس (جیسے: سینئر یا اسپیشلسٹ ورکر، گریجویٹ ٹرینی، یو کے ایکسپینشن ورکر، سروس سپلائر، سیکنڈمنٹ ورکر)
گلوبل ٹیلنٹ
انٹرنیشنل اسپورٹس پرسن
اسکلڈ ورکر (بشمول ہیلتھ اینڈ کیئر)
عارضی کام کے راستے (جیسے: چیریٹی ورکر، کریئیٹو ورکر، گورنمنٹ آتھرائزڈ ایکسچینج، انٹرنیشنل ایگریمنٹ، مذہبی کام کے راستے)
یوتھ موبیلیٹی اسکیم
@JaneMarriottUK
The UK is launching eVisas in Pakistan for most students and workers applying for more than 6 months! It will make it simpler and safer, and you can hold on to your passport.
To find out more on eVisas and see whether you’re eligible, go to https://gov.uk/government/news/new-uk-evisas-for-pakistani-students-and-workers
واپس کریں