بھارت کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی فتح سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے‘غلام عباس میر، ڈاکٹرفرزانہ نذیر‘ مشتاق محمود

لاہور (نامہ نگار)کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام نوجوان حریت رہنما برہان مظفروانی شہید کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پریس کلب لاہور کے باہر ریلی منعقد کی گئی۔ ریلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما غلام عباس میر، سینئرمسلم لیگی رہنماوسابق پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹرفرازانہ نذیر، حریت رہنما انجینئرمشتاق محمود، انچارج سنٹرانعام الحسن، پی ٹی آئی رہنما فاروق آزاد، مسلم لیگی رہنما قاضی انوار، سابق کونسلر حاجی اعجاز، ممتا ز ادیب پروفیسر نذربھنڈر،معروف مذہبی سکالر علامہ فداء الرحمان حیدری، شیخ امجداقبال، نذیربیگ ودیگرنے خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ برہان وانی ایک نظریہ، ایک علامت اور ایک ناقابل شکست حوصلے کا نام ہے۔ انھوں نے کشمیری نوجوانوں کی بھرپورقیادت کی اور انھیں اپنے وطن کی آزادی، حریت اور قابض بھارتی فوج کے خلاف جہاد کے لیے بھرپور انداز میں تیار کیا۔ شہید برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جہت، نئی روح اور ایک واضح سمت دی۔ انھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک جانب بھارتی فوج کے مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کیے اور دوسری جانب اس کے ذریعے سے نوجوانوں کو جہاد کی ترغیب دی اور ان میں آزادی کی ایسی تڑپ پیدا کی جس نے بھارتی فوج کی راتوں کی نیند حرام کردی۔
مقررین نے کہا کہ برہان وانی دراصل نئی نسل کا ایک ایسا نمائندہ تھا جس نے بھارت کو یہ باور کروادیا کہ کشمیری قوم کی تیسری کے بعد چوتھی نسل بھی حصول آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس راہ میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ مقررین نے کہا کہ حال ہی میں بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج کی شاندار کامیابی سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے۔
کشمیری پاکستان کو ایک مضبوط وکیل کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان ہی کشمیریوں کی آخری منزل ہے اور ان کی تحریک دراصل تکمیل پاکستان کی تحریک ہے۔
واپس کریں