دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کنونشن جموں کشمیر لبریشن لیگ۔خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ صدر ، خلیق الرحمٰن سیفی ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب
No image مظفرآباد( نامہ نگار )جموں کشمیر لبریشن لیگ کا مرکزی کنونشن مورخہ 10 مئی 2025 بمقام ریاستی دارالخلافہ مظفرآباد آزاد جموں کشمیر منعقد ہوا، مجلسِ عاملہ اور سپریم کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے۔
مجلسِ عاملہ کے اجلاس کی صدرات صدر جموں کشمیر لبریشن لیگ خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ نے کی اور اجلاس کی کاروائی سیکرٹری جنرل دلاور خان نے سرانجام دی۔ اجلاس میں کابینہ نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور ارکنان مجلس عاملہ نے تعریف، تنقید اور تجاویز پیش کیں۔ تمام اراکین مجلس عاملہ کو اپنے خیالات کے اظہار کا بھرپور موقع دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر صدر خواجہ منظور قادر نے نئی قیادت کے انتخاب کے لیے چار رکنی پالیمانی بورڈ تشکیل دیا جس کی سربراہی سینئیر نائب صدر راجہ نیاز احمد راٹھور کو سونپی گئی جس نے نئی کابینہ کے انتخابات کے فرائض سر انجام دیے
مجلسِ عاملہ کے اجلاس کے بعد سپریم کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں نئی کابینہ کے انتخابات کیلئے امیدواران کے کاغذات جمع ہوا۔ جس کی مطابق تمام امیدواران بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔ جس کے مطابق خواجہ منظور قادر ایڈووکیٹ مرکزی صدر بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ چوہدری نجیب افسر سینئیر نائب صدر، راجہ افراء سیاب خان مرکزی چیف آرگنائزر، ڈاکٹر افتخار مغل سیکرٹری جنرل، خلیق الرحمٰن سیفی ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔
جبکہ دلاور خان نائب صدر اول ضلع جہلم، عارف آزاد نائب صدر ضلع میرپور، سید امیرالدین کرمانی نائب صدر ویلی، شیخ نذیر احمد سیکرٹری مالیات، سمیر احمد صدیقی ڈپٹی سیکرٹری مالیات، مہتاب احمد میر سیکرٹری اطلاعات اور آصف جرال ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہوئے۔
کنونشن کے آخر میں قرارداد پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا جس کا متن درج ذیل ہے:
1- آج کا یہ کنونشن ریاست جموں کشمیر کی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ہندوستان و پاکستان کی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کیلئے استصوابِ رائے کی راہیں ہموار کرے اور ریاست کے باشندگان کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے۔
2- آج کا یہ کنونشن مطالبہ کرتا ہے کہ آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر کو ریاست کی جائز وارث اور نمائندہ حکومت تسلیم کیا جائے اور بین الاقوامی سطح پر آزاد حکومت کو ریاست کی نمائندگی کا حق دیا جائے۔
3- آج کا یہ کنونشن پہلگام واقعہ کی آڑ میں ہندوستان کی جانب سے سیز فائر لائن پر جارحیت، بربریت، عوام کے قتل عام، پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
4- آج کا یہ اجلاس پاک بھارت جنگ بندی کے فیصلہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ سیز فائر لائن پر بھی مکمل جنگ بندی اور سیز فائر کا اعلان کر کے باشندگان ریاست جموں کشمیر کی زندگیوں اور املاک کو محفوظ بنانے کے فوری اقدام کیے جائیں۔
5- آج کا یہ کنونشن مطالبہ کرتا ہے کہ جنگ بندی کے دوران بھارت کے ساتھ کوئی ایسا معاہدہ نہ کیا جائے جو کہ مسئلہ جموں کشمیر کی روح کو مجروح کرنے کا باعث بنے جموں کشمیر کی وحدت کے ساتھ چھیڑچھاڑ کا باعث بنے اور ریاست جموں کشمیر کے عوام کی حقوق سلبی کا موجب بنے وگرنہ جموں کشمیر شدید مخالفت اور احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
6- آج کا یہ کنونشن یہ مطالبہ کرتا ہے کہ سیز فائر لائن کے ہر دو اطراف پر آباد پاک بھارت کشیدگی کے دوران متاثر ہونے اور بے گھر ہونے والے باشندگان ریاست کی فوری بحالی، امداد اور آبادکاری کیلئے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے۔
7- آج کا یہ کنونشن پاک بھارت کشیدگی میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات ، پسماندگان کے صبر اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہے۔
واپس کریں