دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرتے ہیں
No image کشمیری عالمی سطح پر تسلیم شدہ اپنے حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اقوام متحدہ کی قرارداد پر عملدرآمد میں بھارت کامنفی رویہ اور ہٹ دھرمی رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے جموں و کشمیر لبریشن سیل (نیشنل کوارڈینیشن ونگ) کے زیر اہتمام ای۔ لائبریری راولپنڈی میں ایک خصوصی لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں راولپنڈی اسلام آباد کی جامعات کی طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سنئیر حریت رہنماء زاہد صفی، ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، انچارج ای۔ لائبریری حکومت پنجاب ملک طاہر اعوان، ملک آصف اعوان، قاری صبغت اللّٰہ قادری ، قاری سمیع اللہ قادری اور دیگر موجود تھے ۔ خصوصی لیکچر کی نظامت کے فرائض انچارج میڈیا نجیب الغفور خان نے ادا کئے۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کوتسلیم کرتے ہوئے انہیں انکا یہ ناقابل تنسیخ حق دلوانے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ بھارت عالمی ادارے کے اس فورم پر کئی سال سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر حقائق کے منافی اپنا موقف دہرارہا ہے۔
غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔نام نہاد جمہوریت کے علمبردار بھارت نے گذشتہ کئی دہائیوں سے ریاست جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور قابض علاقے میں انسانیت کیخلاف جنگی جرائم میں ملوث ہے جو نام نہاد یوم جمہوریہ مناکر دنیا کی آنکھوں میں جمہوریت کے نام پر دھول جھونکتا ہے جس نے اپنی افواج کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں بندوق کی نوک پر لاکھوں مظلوم کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے جو اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنیکی پاداش میں آج بھی مختلف بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حالات میں بھارت کا یوم جمہوریہ منانا جمہوریت کیساتھ مذاق ہے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر جہاں معصوم کشمیریوں پر رائج ہندوستانی کالے قوانین، مکمل طور پر جمہوریت کے متضاد ہیں۔ کشمیریوں کا موقف ہے کہ ایک ایسا ملک جس نے جموں و کشمیر پرعوام کی خواہشات کے برعکس قبضہ کر رکھا ہو اس کو جمہوری ملک کہلانے کا کوئی حق نہیں۔
واپس کریں