عمران خان کو دوپہر میں دیسی مرغی، مٹن، شام میں دلیہ، ناریل پانی، انگور دیے جاتے ہیں: جیل انتظامیہ
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے متعلق پارٹی رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر وضاحت جاری کردی۔جیل انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قانون کے مطابق بی کلاس کی تمام سہولتیں میسر ہیں اور ان کی خوراک، صحت، مطالعہ سمیت ورزش کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، ان کے احاطے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا تیار کرنے کیلئے ایک قیدی کُک دیا گیا ہے، ان کو ناشتہ میں کافی، چیہ سیڈ، چکندر کا جوس، دہی، بسکٹ اورکھجوریں بھی دی جاتی ہے۔جیل انتظامیہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو دوپہر کے کھانے میں کڑی پکوڑا، دیسی مرغی، دہی، چپاتی، سافٹ ڈرنک، سلاد، گرین ٹی اور مٹن بھی دیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو شام کےکھانے میں دلیہ، ناریل پانی اور انگور وغیرہ دیے جاتےہیں۔
جیل انتظامیہ نے بتایاکہ جیل کے ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کا دن میں تین مرتبہ معائنہ کرتے ہیں، ان کو کسی قسم کی بیماری نہیں، وہ مکمل صحت مند ہیں، دو روز پہلے پمز کے ماہر ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا، پمز کے ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کے صحت مند ہونے کی رپورٹ دی۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پڑھنے کے لیے روزانہ اخبار دیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی روزانہ دو گھنٹے ورزش کرتے ہیں اور ان سے متعلق پھیلائی گئی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، وہ ہائی اسپرٹ میں ہیں، انکے سیل میں 5 دن بجلی نہیں تھی، ایکسرسائز نہیں کرسکے، انہیں 2 ہفتے سے اخبار تک نہیں دیا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے اپنی بہنوں کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا اور وہ آئینی ترمیم پر ہونے والی پیشرفت سے قطعی لاعلم تھے۔
بشکریہ جنگ
واپس کریں