
میں ملک پاکستان کا ایک عام شہری ہوں۔ مجھے بدستور مہنگائی کا سامنا ہے،روزانہ بے روزگاری اورکاروباری مندی دیکھتا ہوں،تھانہ کچہری میں انصاف کا طلب گاروں کو پریشان دیکھتا ہوں جہاں شریف آدمی کی کوئی شنوائی نہیں،میں ایک عام شہری ہوں،زندگی آسان نہیں بلکہ پہلے سے مشکل ہو چکی ہے۔
میں ایک عام شہری ہوں میں نہ کسی سیاسی پارٹی کا سرگرم کارکن ہوں، نہ کسی لیڈر کا ترجمان اور نہ کسی ٹی وی چینل کا تجزیہ کار۔ صبح اٹھتا ہوں، کام پر جاتا ہوں، شام کو تھکا ہوا گھر آتا ہوں اور رات کو یہ سوچتا ہوں کہ کل کا دن آج سے بہتر ہوگا یا مزید مشکل لیکن سچ یہ ہے کہ زندگی آسان نہیں ہوئی، بلکہ پہلے سے زیادہ مشکل ہو گئی ہے۔ بازار جاتا ہوں تو مہنگائی استقبال کرتی ہے۔ بجلی اور گیس کا بل آتا ہے تو لگتا ہے جیسے میں نے پورا مہینہ بجلی نہیں، کوئی قرض لیا تھا۔ گیس آتی نہیں، لیکن بل پھر بھی آ جاتا ہے۔ میں سوچتا ہوں، کیا یہی ترقی ہے؟ کیا اسی کے لیے ہم نے ووٹ کو عزت کا نعرہ لگایا اور جمہوریت پر یقین کیا ؟میں اپنے ارد گرد بے روزگاری دیکھتا ہوں جہاں پڑھے لکھے نوجوان ڈگری ہاتھ میں لیے در در بھٹک رہے ہیں۔ کوئی کہتا ہے سفارش نہیں ہے، کوئی کہتا ہے رشوت دینے کے پیسے نہیں ہیں۔ ایک نوجوان نے مجھے کہا انکل، میں نے تو محنت کی تھی، لیکن اب معلوم پڑا کہ نوکری کے لیے محنت نہیں، تعلق، سفارش یا رشوت چاہیے۔ میں اس نوجوان کیا جواب دیتا؟
دوسری جانب عام کاروبار کا حال بھی یہی ہے۔ کرایہ، بجلی کا بل، ملازم کی تنخواہ، سب سر پر ہے، لیکن آمدنی کم ہوتی جا رہی ہے کیونکہ مہنگائی ہے۔ چھوٹا تاجر اب بڑا تاجر نہیں بننا چاہتا، وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ اس کی دکان چلتی رہے، اس کا چولہا جلتا رہے۔ تھانہ کچہری کی بات کریں تو میں وہاں انصاف کے طلب گاروں کو پریشان حال دیکھتا ہوں، شریف اور غریب شہری وہاں سب سے زیادہ بے بس ہے، اس کی کوئی شنوائی نہیں۔ وہ فائل اٹھائے، کاغذات سنبھالے،اپنے وکیل، منشی اور اگلی تاریخ پیشی کے پیچھے بھاگ رہا ہے۔ سائل کو کہا جاتا ہے کل آئیں، پرسوں آئیں یا اگلے مہینے آئیں یوں انصاف کے طلب گار کی عمر گزر جاتی ہے، بال سفید ہو جاتے ہیں، لیکن اس کا مقدمہ وہیں کا وہیں رہتا ہے۔ اسی طرح تھانے میں طاقتور یا پیسے والے کی سنی جاتی ہے ۔
میں ٹی وی شوز پر بڑے بڑے دعوے سنتا ہوں۔ کوئی کہتا ہے معیشت بہتر ہو رہی ہے، کوئی کہتا ہے ملک ترقی کر رہا ہے، کوئی کہتا ہے سب اچھا ہے۔ میں سوچتا ہوں، یہ سب اچھا کس کے لیے ہے؟کم از کم میرے جیسے عام شہری کے لیے تو ہرگز نہیں ہے یا میرے جیسے لاکھوں عام شہریوں کے لیے تو نہیں ہے۔
میں ایک عام شہری ہوں اور اپنے حصے کا ٹیکس بھی ادا کرتا ہوں۔ میں حکومت سے کوئی محل نہیں مانگتا، میں کوئی سرکاری گاڑی نہیں مانگتا، میں صرف یہ مانگتا ہوں کہ میرے اور میرے جیسے لاکھوں شہریوں کے بچے پیٹ بھر کر کھانا کھائیں،مہنگائی کم سے کم ہو،میرے گھر کی بجلی اور گیس کے بل کم آئیں، میری دکان چلتی رہے اور اگر کبھی مجھ پر ظلم اور زیادتی ہو تو تھانے اور کچہری میں میری بات سنی جائے اورالیکشن میں جیتی ہوئی سیاسی پارٹی کو ہی حکومت بنانے کا اختیار دیا جائے تا کہ عوام کے مسائل بخوبی حل ہو سکیں۔ کیا یہ مانگنا بہت زیادہ ہے؟
میں ایک عام شہری ہوں دیکتا ہوں کہ میرے ملک پاکستان پر اشرافیہ کا قبضہ مضبوط ہو چکا ہے۔مجھے معلوم ہوتا کہ پاکستان میں غربت کا پیمانہ 48%، بھارت میں 20، بنگلہ دیش میں 16 اور سری لنکا میں 10% کے قریب ہے، بھارت جیسے بڑے آبادی والے ملک کے باوجود جنوبی ایشیا کی غریب آبادی میں پاکستان کا حصہ 30% ہو چکا ہے۔مجھے افسوس ہوتا ہے کہ پاکستان بننے کے 80 سال بعد آج ہماری آدھی آبادی غریب اور بیروزگاری 22% جو کہ تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔
میں ایک عام شہری ہوں اور صرف اتنا کہوں گا کہ ہم صرف زندہ رہنے کے لیے نہیں بلکہ جینے کے لیے پیدا ہوئے تھے اس لیئے ہمیں جینے دیا جائے۔احتشام الحق شامی
واپس کریں