دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
معاشی بحران ، سیاسی قیادت کا امتحان
’’تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں‘ لوگوں کو اس وقت تقسیم کی سیاست کی نہیں معاشی مسائل کے حل کی ضرورت ہے‘‘،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یہ بیان اس تلخ حقیقت کا عکاس ہے جس سے اس وقت ملک کا ہر شہری دوچار ہے۔ ایسے وقت میں جب عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو چکا ہے‘ سیاسی قیادت سے مفاہمت اور معاشی استحکام کا مطالبہ بے جا نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ ملکی سیاست میں جاری کھینچا تانی‘ محاذ آرائی اور سیاسی حساب برابر کرنے کی روایت نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ لوگ نعروں اور وعدوں سے زیادہ اپنے روزمرہ کے مسائل اور کمر توڑ مہنگائی کا عملی حل چاہتے ہیں۔ ورلڈ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں شرحِ غربت 29فیصد تک پہنچ چکی ہے‘ یعنی ملک کی ایک تہائی کے قریب آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ اس سے بھی زیادہ تلخ حقیقت یہ ہے کہ پورے خطے کے 48فیصد غریب افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔ یہ اعداد و شمار ملک کے معاشی ڈھانچے اور سماجی تحفظ کے نظام کیلئے سوالیہ نشان ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ ماہ (اکتوبر میں) افراطِ زر کی شرح 9.6فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بظاہر یہ شرح سنگل ڈیجٹ میں نظر آتی ہے لیکن اشیائے خورو نوش‘ بجلی‘ گیس اور پٹرول کی قیمتیں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ عام شہری کا بجٹ مکمل تباہ ہو چکا ہے۔ اس پر مستزاد بیروزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح جس نے نوجوان نسل کو بے یقینی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ اندرونی معاشی مسائل ایک طرف‘ علاقائی اور عالمی سطح پر ابھرتے ہوئے جیو پولیٹکل خدشات بھی ہمارے سروں پر منڈلا رہے ہیں اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے ملکی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی لائن متاثر ہونے اور قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر ہماری مقامی مارکیٹ پر پڑا ہے۔ حکومت کے پٹرولیم درآمدی بل میں ساڑھے چار ارب ڈالر کا اضافہ ہو چکا ہے جبکہ برآمدات میں ڈیڑھ سے دو ارب ڈالر کمی کا خدشہ ہے۔ ان سنگین حالات کے باوجود ملکی قیادت اس وقت بھی سیاسی مڈ بھیڑ میں مصروف ہے۔

اگرچہ ایوان میں توانائی اور خلیج کی جنگ کے معاملات زیرِ بحث آتے رہے ہیں مگر مذکورہ مسائل پر بحث و مباحثہ کیلئے کوئی خصوصی یا جوائنٹ سیشن طلب نہیں کیا گیا۔ یہ عدم توجہی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ہماری سیاسی ترجیحات میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے اہم سٹرٹیجک مسائل کے بجائے ذاتی اور جماعتی مفادات کو اولیت حاصل ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ سنگین معاشی بحران‘ مہنگائی اور بیروزگاری کے موجودہ دور میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریاں کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں۔ یقینا اب حالات اجازت نہیں دیتے کہ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے قومی توانائی اور وقت برباد کریں۔ لہٰذا سیاسی قیادت کو اپنی صفوں میں سنجیدگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور عوامی ریلیف کو اپنا واحد ایجنڈا بنانا ہوگا۔ ملک عزیز کو درپیش چیلنجز کا حل کسی ایک جماعت کے پاس نہیں ہے۔ ان پیچیدہ مسائل سے سماجی و سیاسی اتحاد‘ وسیع تر اتفاقِ رائے‘ مشترکہ لائحہ عمل اور دیرپا پلاننگ ہی سے نمٹا جا سکتا ہے۔ پاکستان کو اس وقت جامع معاشی منصوبہ بندی درکار ہے۔

ایسا معاشی پلان‘ جسے حکومتوں کی تبدیلی سے نقصان نہ پہنچے اور جو ملک کو بیرونی دھچکوں کے خلاف تحفظ فراہم کر سکے مگر اس سے بھی زیادہ ضروری ہے سیاسی اتفاق و اتحاد۔ جب تک سیاسی قوتیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک میز پر نہیں بیٹھیں گی نہ تو سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے گا اور نہ ہی معاشی استحکام کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ تقسیم کی سیاست سے خود کو بلند کیا جائے اور صرف اور صرف پاکستان اور اس کے عوام کے مستقبل کی سیاست کی جائے۔
واپس کریں