دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ہمیں پاک فوج پر فخر ہے جس نے بھرپور انداز میں آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو دھول چٹائی
No image لاہور(نامہ نگار)کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام کشمیری عوام کا یومِ حقِ خودارادیت منایا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے اس بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حق کی یاد دہانی کرانا ہے، جس کے تحت انہیں اپنے سیاسی مستقبل کا آزادانہ فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔تقریب سے سابق رکن قانون ساز اسمبلی مولانا شفیع جوش،سینئرنائب صدر مسلم لیگ ن لائرز ونگ منظورحسین گیلانی ایڈووکیٹ، سینئررہنما کل جماعتی حریت کانفرنس انجینئرمشتاق محمود، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر مرزا صادق جرال، سیکرٹری کشمیر ایکشن کمیٹی فاروق آزاد، نائب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہور ڈویژن چوہدری محمد صدیق، رہنما محاذ رائے شماری آفتاب نازکی، معروف عالم دین علامہ مشتاق قادری، قاری خالد محمود، دانشور پروفیسر نذر بھنڈر، معروف سماجی رہنما و عالمی سیاح مقصود چغتائی، سوشل ایکٹوسٹ فیصل فابانی، شیخ امجد، قاضی انوار، سابق کونسلر حاجی اعجاز، مظہربیگ ایڈووکیٹ، نثاربیگ، احتشام فابانی، اور نذیر بیگ نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام8 دہائیوں سے زائد عرصے سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے 5جنوری1949ء کو قرارداد منظور کی گئی جس میں کشمیریوں کے مطالبہ حق خودارادیت کو تسلیم کیا گیا۔ بھارت نے اس قرارداد کو تسلیم کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ جلد ہی رائے شماری کو عملی شکل دے گا لیکن اس کے برعکس وہ ہمیشہ مقبوضہ کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کرتا رہا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اقدامات عالمی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا حق دلائے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام پون صدی سے زائد عرصے سے اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، تاہم عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دلائے۔مقررین نے کہا کہ ہمیں پاک فوج پر فخر ہے جس نے بھرپور انداز میں آپریشن بنیان المرصوص میں بھارت کو دھول چٹائی۔ پاک فوج کے سپہ سالا حافظ عاصم منیر کی جرآت مندانہ قیادت میں پاکستان نے بے نظیر کامیابی حاصل کی اور دنیا پر اپنی فوجی قوت اور برتری کی دھاک بٹھادی۔ آج اگر پاک فوج اس قدر صلاحیت کی حامل نہ ہوتی تو خاکم بدہن بھارت دشمن قوتوں سے مل کر پاکستان کا وجود مٹا چکا ہوتا۔ اس شاندار کامیابی پر ہم پاک فوج کو زبردسست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی اور کشمیری عوام کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
واپس کریں