لبریشن سیل کو ایک مثالی ریاستی ادارہ بنایا جائے گا ۔وزیر برائے کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز، نبیلہ ایوب خان

(راولپنڈی۔نامہ نگار خصوصی)وزیر برائے کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز، نبیلہ ایوب خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کی کارکردگی کو مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے کے لیے جامع اور مربوط حکمتِ عملی پر عمل درآمد جاری ہے۔ وزیر اعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر، راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں لبریشن سیل کو ایک مثالی ریاستی ادارہ بنایا جائے گا تاکہ اپنے بنیادی مقاصد کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سنٹر راولپنڈی (جموں و کشمیر لبریشن سیل نیشنل کوآرڈینیشن ونگ) کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں انہیں کشمیر سنٹر راولپنڈی کی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور آئندہ منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ بھی دی گئی۔
وزیر برائے کشمیر کاز نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک مؤثر اور طاقتور ذریعہ بن چکا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، بھارتی مظالم اور ریاستی جبر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا یونٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل میڈیا یونٹ لبریشن سیل کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور حقائق کو تسلسل کے ساتھ عالمی برادری تک پہنچا رہا ہے۔
انہوں نے لبریشن سیل کے سوشل میڈیا یونٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز بننے کے لیے سوشل میڈیا کا مثبت، ذمہ دارانہ اور بھرپور استعمال کریں اور عالمی اداروں تک اپنا پیغام مؤثر انداز میں پہنچائیں۔
نبیلہ ایوب خان نے کہا کہ نوجوانوں کی مؤثر شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے قومی آگہی پروگرامز کے تحت جامعات، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں لیکچرز، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر اور اس کے تاریخی پس منظر کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے تحقیقی امور کو یکسو کیا جا رہا ہے، جبکہ اہم قومی ایام اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے معیاری اور مؤثر لٹریچر کی تیاری کے ساتھ مختصر ڈاکیومنٹریز بھی تیار کی جائیں گی۔ قومی ایام کے موقع پر تاریخی پس منظر اور دن کی اہمیت پر مبنی مواد تیار کرکے عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی میڈیا کے ساتھ شئیر کیا جائے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر انداز میں پیغام پہنچایا جائے۔
نبیلہ ایوب خان نے کہا کہ کشمیر سنٹر راولپنڈی وفاقی دارالحکومت کے قریب ہونے کی وجہ سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، اسے قومی و بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور تحریکِ آزادی کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اوورسیز کشمیریوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر برائے کشمیر کاز نے واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کشمیری عوام کی تحریکِ آزادی کو دبا نہیں سکتا، اور عالمی برادری کو انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کے خلاف عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل نوجوان نسل اور عالمی برادری کو بھارتی مظالم سے آگاہ کرنے میں اہم اور مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔
بریفننگ کے موقع پر ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود، انچارج ڈیجیٹل میڈیا یونٹ نجیب الغفور خان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجہ راشد رضا بھی موجود تھے۔
واپس کریں