دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق امریکی جریدے کی رپورٹ
No image دنیا بھر میں پاکستان کے معدنی ذخائر کی اہمیت تیزی سے تسلیم کی جا رہی ہے۔ حال ہی میں امریکی جریدے فارن پالیسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے پاس دو لاکھ تیس ہزار مربع میل رقبے پر پھیلے ہوئے معدنی ذخائر اعلیٰ عالمی معیار کے حامل ہیں۔ ان ذخائر میں تانبا، سونا، کوئلہ، کرومائیٹ، جپسم، نمک، چونا پتھر، تیل، گیس اور دیگر قیمتی معدنیات شامل ہیں جو نہ صرف ملک کی صنعتی ترقی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے بھی غیر معمولی کشش رکھتی ہیں۔ پاکستان کے معدنی وسائل دراصل قدرت کا وہ تحفہ ہیں جن کے صحیح استعمال سے قومی معیشت میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور سندھ کے مختلف علاقے ان وسائل سے مالا مال ہیں۔ خاص طور پر ریکوڈک اور سیندک جیسے منصوبے تانبے اور سونے کے بے پناہ ذخائر کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر پاکستان اپنے معدنی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرے تو نہ صرف توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ برآمدات میں اضافہ اور درآمدی انحصار میں کمی بھی ممکن ہے۔ اسی پس منظر میں حکومتِ پاکستان نے قومی معدنی پالیسی 2025ء￿ مرتب کی ہے جس کا مقصد اس شعبے میں شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور مقامی آبادیوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ پالیسی اس بات پر زور دیتی ہے کہ معدنی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد صرف چند کمپنیوں یا صوبوں تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کے ثمرات عوام اور خصوصاً بلوچستان جیسے پسماندہ علاقوں تک پہنچیں۔ امریکی جریدے کے مطابق، پاکستان میں معدنی شعبے کی ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون اور ٹیکنالوجی شیئرنگ نہایت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ جدید کان کنی کے آلات، ماحولیاتی تحفظ کے اصولوں پر مبنی منصوبہ بندی اور انسانی وسائل کی تربیت جیسے عوامل معدنیات کے پائیدار استعمال کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس ضمن میں امریکا، چین، ترکیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور خلیجی ممالک کے ساتھ اشتراکِ عمل پاکستان کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم، اس تعاون کو ہر قیمت پر قومی مفادات کے تابع رکھنا ضروری ہے تاکہ قدرتی وسائل پر پاکستان کی خودمختاری متاثر نہ ہو۔ پاکستان کے معدنی وسائل نہ صرف ملکی معیشت بلکہ عالمی منڈی کے لیے بھی اہم ہیں۔ دنیا میں توانائی اور صنعتی خام مال کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پاکستان کی معدنی دولت مستقبل کے لیے ایک مضبوط اقتصادی بنیاد فراہم کر سکتی ہے۔ عالمی منڈی میں تانبے، سونے، لیتھیم اور دیگر نایاب دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے معدنی ذخائر کو جدید اور شفاف انداز میں ترقی دے کر برآمدات کا مرکز بن جائے۔
واپس کریں