کشمیریوں نے پاکستان کو مقدس سرزمین کا درجہ دے رکھا ہے۔بختیار علی سیال ایڈووکیٹ

لاہور(نامہ نگار)ممتاز قانون دان،دانشور، سابق جج بختیار علی سیال ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کشمیری اور پاکستان یک جان دوقالب ہیں۔ دونوں ایک دوسرے سے کبھی جدا نہیں ہوسکتے۔پاکستان نے تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی، سفارتی، سیاسی حمایت ہمیشہ جاری رکھی ہے۔ وہ گذشتہ روز کشمیرسنٹرلاہور کے دورہ کے دوران انچارج سنٹرانعام الحسن سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر معروف دانشور، ادیب نذر بھنڈر بھی موجود تھے۔انچارج سنٹر انعام الحسن نے معزز مہمان کو جموں وکشمیر لبریشن سیل کی کاکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔بختیار علی سیال ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھارت پراکسی وار کے ذریعے پاکستان کے بعد آزادکشمیر میں حالات خراب کررہا ہے۔اس کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلا ورزیوں پر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے لیکن وہ اپنے مقصد میں بری طرح ناکام رہاہے۔ کشمیریوں کی پاکستان سے عقیدت روز اول کی طرح قائم و دائم ہے۔ قائداعظم نے اگر کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا تو کشمیریوں نے بھی پاکستان کو مقدس سرزمین کا درجہ دے رکھا ہے۔ ان کی واحد آخری منزل پاکستان ہی ہے۔ بھارت ایک جانب مقبوضہ جموں وکشمیر پر قبضہ مستحکم کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے اور دوسری جانب اس کی مشرقی ریاستوں میں علیحدگی کی تحریکیں بڑی شدومدسے جاری ہیں جنھوں نے اندرونی طور پر بھارت کو کمزور کردیا ہے۔ جنوبی ایشیا ہی نہیں عالمی سطح پر بھی امن کی جڑیں مسئلہ کشمیر کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں کیونکہ یہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک بہت بڑا تنازع ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل رائے شماری ہی سے ممکن ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوپنڈتوں کو آباد کرتے ہوئے دراصل مسلم آبادی کا تناسب اقلیت میں تبدیل کرنے کی ناکام کوششوں میں مصروف عمل ہے۔ ہمیں عالمی سطح پر بھارتی اقدامات کے خلاف بھرپور انداز میں آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ انچارج کشمیر سنٹر لاہور انعام الحسن نے بتایا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کرنے اور عالمی برادری کی توجہ اس اہم ترین مسئلے کی جانب مبذول کروانے میں شبانہ روز مصروف عمل ہے۔ احتجاجی مظاہروں، ریلیوں، سیمینارز، کانفرنسوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلوں، کوئز پروگرامات اور خاص طور مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر سے جڑے مختلف پہلوؤں پر تحقیقی امور کو بروئے کار لاتے ہوئے تصنیف وتالیف کے ذریعے نوجوان نسلوں اور طالب علموں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر معزز مہمان کو جموں وکشمیر لبریشن سیل کا تازہ مطبوعہ کتابچہ بھی پیش کیا گیا
واپس کریں