دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ساتھ تعاون اختیاری نہیں بلکہ قانونی ذمہ داری ہے۔راجہ محمد سجاد خان
No image (جنیوا۔نمائندہ خصوصی) ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے ورلڈ مسلم کانگریس کی نمائندگی کرتے ہوئے ایجنڈا پوائنٹ 5 کے تحت کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ساتھ تعاون اختیاری نہیں بلکہ ایک قانونی ذمہ داری ہے۔ لیکن افسوس کہ اب ان طریقہ کار کے ساتھ تعاون کرنے والوں کو ریاستی اداروں کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انسانی حقوق کے محافظوں کو ریاست کے دشمن قرار دے کر ہراساں، خوفزدہ اور ظالمانہ قوانین کے تحت قید کیا جا رہا ہے۔ یہ کوئی انفرادی واقعہ نہیں بلکہ ایک منظم پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کی سب سے واضح مثال بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر ہے جہاں انسانی حقوق کے محافظوں کے کام کو مکمل طور پر جرم قرار دے دیا گیا ہے۔
ممتاز رہنما خرم پرویز اور ان کے ساتھیوں کو من گھڑت غداری کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔ جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی (JKCCS) کو سیل کر کے اس کے تمام ریکارڈ ضبط کر لیے گئے۔ پرویز امروز اور پروینہ آہنگر جیسے وکلا کے پاسپورٹ منسوخ یا روک لیے گئے۔ صحافیوں کو انسانی حقوق کی پامالیوں کی رپورٹنگ سے روکا جا رہا ہے۔
پیغام واضح ہے: خاموش رہو یا سزا بھگتو۔ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد نے کہا کہ یہ صرف جبر نہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کے نظام پر براہِ راست حملہ ہے۔ جب ریاستیں یو این کے طریقہ کار کے ساتھ تعاون کو جرم بنا دیتی ہیں تو وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 24 ستمبر کو لداخ، بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے پُرامن مظاہرین پر فائرنگ کر کے 4 افراد کو شہید اور 70 سے زائد کو زخمی کر دیا۔
راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ ہم اس کونسل سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرے، بھارتی زیر قبضہ کشمیر کے گرفتار انسانی حقوق کے محافظوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرے، اور بھارتی حکومت پر زور دے کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ اقوامِ متحدہ کے ساتھ تعاون کو جرم نہیں بلکہ ایک محفوظ حق تسلیم کیا جائے۔ اس کونسل کی ساکھ اس بات پر منحصر ہے کہ یہ اُن لوگوں کا کتنا دفاع کرتی ہے جو انسانی حقوق کا دفاع کرتے ہیں۔
واپس کریں